انڈر 19 ورلڈ کپ ، بھارت نے سیمی فائنل میں پاکستان کو ہرا دیا

انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 203 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ بھارت کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 272 رنز بنائے ۔ شبمان گل نے شاندار 102 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ اے ایس روئے 33 ، ایچ ایم ڈیسائی 20 اور منوج کالرا 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ارشد اقبال نے 3 ، محمد موسیٰ نے 4 اور شاہین شاہ آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ روحیل نذیر 18 ، سعد خان 15 اور محمد موسیٰ 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

عمران شاہ 2، زید عالم 7 ، علی زریاب 1، عماد عالم 4 ، محمد طحٰہ 4، حسن خان 1،شاہین شاہ آفریدی 0 اور ارشد اقبال 1 رنز بنا سکے۔ بھارت کی جانب سے آئی سی پورل 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ شیوا سنگھ اور آر پرگ نے 2،2 ، اے ایس روئے اور ابھیشک شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مستعفی

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریو مک کیب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے، انھیں مارچ میں ریٹائرڈ ہونا تھا لیکن انھیں زبردستی اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا۔

وائٹ ہاؤس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نہیں کیا گیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس فیصلے کا حصہ نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ ایف بی آئی کے انڈریو مک کیب گزشتہ سال مئی میں ایف بی آئی کے قائم مقام ڈائریکٹر بنے تھے۔

نقیب اللہ کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہوں: چیئرمین بحریہ ٹاؤن

چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے نقیب اللہ کے والدین کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ غیرقانونی کام کیا، نہ کبھی مجرموں کی حمایت، نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا، نقیب اللہ کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہوں۔

ملک ریاض نے مزید کہا کہ نجی مصروفیات اور علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہوں، نقیب اللہ کے قتل کا بہت دکھ ہے، نقیب اللہ میرے بیٹوں کی طرح تھا۔

نام پانامہ پیپرز میں شامل نہیں، تمام سوالات کے جواب دیئے: مونس الہٰی

پیشی کے دوران، مونس الہٰی نے نیب آفس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو اپنی کمپنی کا ریکارڈ پیش کیا اور تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جواب دیئے۔ مونس الہٰی نیب آفس میں 1 گھنٹہ 10 منٹ موجود رہے۔ انہیں نیب حکام نے کو آف شور کمپنی کے معاملے پر طلب کر رکھا تھا۔

پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دل میں نیب کے ادارے کا بہت احترام ہے، مجھے آج نیب نے بلایا تھا جبکہ میرا نام پانامہ پیپرز میں شامل ہی نہیں، نیب کے تمام سوالات کے جوابات دیئے ہیں، اگر نیب نے پھر بلایا تو میں جاؤں گا کیونکہ میرا دامن صاف ہے۔

ڈار کیخلاف ریفرنس: سربراہ پانامہ جے آئی ٹی واجد ضیاء بھی گواہی دیں گے

آج احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو نیب کورٹ نے بطور گواہ طلب کر لیا ہے۔ ایس ای سی پی کی افسر سدرہ منصور نے احتساب عدالت میں بیان قلمبند کرایا۔ انہوں نے اسحاق ڈار کی 3 کمپنیوں گلف انشورنس، سی این جی پاکستان لمیٹڈ اور پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ لمیٹڈ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ نیب کے دوسرے گواہ سلمان سعید کا بیان وقت ختم ہو جانے کے باعث آج قلمبند نہ ہو سکا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ کوشش کریں واجد ضیاء اور تفتیشی ٹیم کو بدھ کے روز ہی لے آئیں۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا ایک دو دن کا وقت دیں۔ ریفرنس کی سماعت بدھ کو بھی جاری رہے گی۔

کرم ایجنسی میں کار کی بارودی سرنگ سے ٹکر، 7 افراد جاں بحق

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے غوز گڑھی میں کار بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث دھماکا ہوا جس میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

جاں بحق افراد میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمی کو پارا چنار ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فورسز نے ملزمان کی تلاش کے لئے علاقے میں مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔

پولیٹیکل حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب مقبل کے علاقے سے ایک گاڑی گزر رہی تھی، دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافے کا امکان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق، اوگرا کی جانب سے مٹی کا تیل 12 روپے 74 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل 11 روپے 72 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 25 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

لاہور کو 4 حصوں میں تقسیم کرنے کیلئے حکام نے سر جوڑ لیے

شہر لاہور کے باسیوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے ضلع کو چار حصوں میں تقسیم کر نے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا پانچواں اجلاس گزشتہ روز ہوا۔ لاہور کی انتظامی تقسیم کے لئے کمشنر اور میئر معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

نئی مردم شماری کے مطابق لاہور کی آبادی ایک کروڑ بارہ لاکھ ہے۔ اٹھائیس، اٹھائیس لاکھ آبادی کا ایک ضلع بنائے جانے کی تجویز زیر غور ہے، مگر تقسیم کیسے کی جائے؟ اس کیلئے حکام نے سر جوڑ لئے اور کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے ضلع لاہور کی تقسیم کے معاملات طے کرنے کے لئے کمشنر عبداللہ خان سنبل اور میئر کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیر نگرانی کمیٹی 16 مارچ 2017ء کو بنائی۔ کمیٹی کے کنوینر کمشنر لاہور ڈویژن اور کو کنوینر میئر لاہور ہیں جبکہ سی سی پی او، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیٹی کے اراکین ہیں۔

اس حوالے سے میئر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون لیا جا رہا ہے۔ اس میں ریونیو، ایکسائز، جوڈیشری، پولیس کے معاملات کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ 2 ڈسٹرکٹ یا چار اضلاع کی تجاویز زیر غور ہیں۔ ضلع لاہور کی تقسیم سے پولیس کے نظام میں واضح تبدیلی ہو گی جبکہ چار اضلاع میں چار الگ ڈپٹی کمشنر لگائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

شہر لاہور کی چار حصوں میں تقسیم سے چار ڈی پی اوز بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ ضلع لاہور کی تقسیم جیل روڈ، سٹی، ماڈل ٹاؤن اور صدر میں ہو گی۔

سپیشل سیکرٹری لا اینڈ آرڈر کی طرف سے چیف سیکرٹری کو ضلع لاہور کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے میٹنگ منٹس بھجوا دئیے گئے ہیں، نئے ممبران کو اس کمیٹی کا حصہ بنائے جانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

آرٹیکل 62 ون ایف کیس، عدم حاضری پر نواز شریف کو دوبارہ نوٹس جاری

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نہیں چاہتے کسی کو موقف پیش کرنے کا موقع نہ ملے، اس لیے ان لوگوں کو بھی نوٹس جاری کیے جو فریق نہیں تھے۔ چیف جسٹس نے کہا جب کیس کی سماعت کا سوچا تو نواز شریف اور جہانگیر ترین کا نام ذہن میں آیا، اسی لیے نواز شریف اور جہانگیر ترین کو نوٹس جاری کیا، کیوں نہ عوامی نوٹس دیئے جائیں، جو لوگ 62 ون ایف سے متاثر ہوئے۔ وکیل بابر اعوان نے جواب دیا کہ ایک آپشن یہ کہ عوامی نوٹس جاری کیا جائے جبکہ دوسرا اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا جائے۔

چیف جسٹس نے کہا پارلیمنٹ کو سپریم ادارہ کہتے ہیں مگر پارلیمنٹ بھی آئین کی پابند ہے، پارلیمنٹ نے آرٹیکل 62 میں تبدیلی نہیں کی تو اسکا مطلب پارلیمنٹ اس پر رضا مند ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا پارلیمنٹ کو اچھا نہ لگتا تو اس آرٹیکل کو نکال دیتے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا عدالت کے سامنے نا اہلی کا سوال ہے، کیا نا اہلی ایک مرتبہ کیلئے ہوگی یا تاحیات، اگر نا اہلی تاحیات ہو گی تو سیاسی کیریئر ختم ہو جائے گا اور اگر نا اہلی تاحیات نہیں تو الیکشن لڑنا اسکا حق ہے۔ چیف جسٹس نے کہا متاثرین کو دوبارہ نوٹس جاری کر رہے ہیں، اگر نہ آئے تو ایکس پارٹی کاروائی کو آگے بڑھایا جائے گا، نوازشریف یا متاثرین سے کوئی نہ آیا تو یک طرفہ فیصلہ دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آرٹیکل 62 ون ایف بہت وسیع ہے، اسکے تحت لوگوں کو ایک ہی طرح کی سزائیں ہوئیں، آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا جعلی ڈگری اور منی ٹریل پر نا اہلی مختلف چیزیں ہیں، نواز شریف نے قطری خط اور میں نے منی ٹریل دی۔


نواز شریف کا وکیل نامزد کرنیکا فیصلہ


ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پیروی کیلئے وکیل نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف کے نامزد وکیل کل پیش ہوں گے۔

نوازشریف کیسے مظلوم ہیں، 6 گاڑیاں آگے، 6 گاڑیاں پیچھے ہوتی ہیں: آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرت ہوئے کہا وہ کیس بھی نکالا جائے جس میں شہباز شریف جج سے بات کر رہے ہیں، ایک دن سیف الرحمان سے بات ہوتی تھی اور دوسرے دن وہ کام ہو جاتا تھا۔ انہوں نے کہا نواز شریف مظلوم کیسے ہیں؟، حکومت ہی انکی ہے، 6 گاڑیاں آگے اور 6 گاڑیاں پیچھے ہوتی ہیں، مظلوم تو ہم تھے جو بکتر بند گاڑی میں آتے تھے۔ ان کا کہنا تھا امید ہے سینیٹ الیکشن وقت پر ہوں گے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ مسئلہ بھارت نہیں بلکہ مودی کی سوچ ہے، بھارت خود کو سیکولر قرار دیتا ہے لیکن مودی کے بھارت میں سیکولرازم نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا حکومت نے سی پیک کو سمجھا ہی نہیں، سی پیک اورمنگولیا کی راہداری کا موازنہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا ایسے منصوبوں کا افتتاح کیا جاتا ہے جن کی شروعات ہے نہ اور نہ اختتام ہے۔