سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

سینیٹ انتخابات 2018ء کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ چاروں صوبوں کی 46 نشستوں کے لیے 105 امیدوار مدمقابل ہونگے جبکہ پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ سے 33 امیدوار، پنجاب سے 20، بلوچستان میں 25 جبکہ خیبر پختونخوا سے 27 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔ اہم امیدواروں میں سندھ سے پیپلز پارٹی کے میاں رضا ربانی، مولا بخش چانڈیو، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مرتضیٰ وہاب جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے کامران ٹیسوری، فروغ نسیم، احمد چنائے، ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر نسرین جلیل اور نگہت شکیل شامل ہیں۔

پنجاب سے ن لیگ کے اسحاق ڈار، آصف کرمانی، کامران مائیکل، مصدق ملک اور حافظ عبدالکریم شامل ہیں۔ تحریک انصاف کی عندلیب عباس اور ق لیگ کے کامل علی آغا بھی پنجاب سے سینیٹ امیدوار ہیں۔

خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے فیصل جاوید اور اعظم سواتی، ن لیگ کے صابر شاہ، جے یو آئی (ف) کے طلحہ محمود اور پیپلز پارٹی کے فیصل سخی بٹ اپنی قسمت آزمائیں گے جبکہ آزاد امیدوار مولانا سمیع الحق بھی میدان ہیں۔

عمران خان کی ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کی دھمکی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر سڑک پر آنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو اس بار بچانے کیلئے پارلیمنٹ کا استعمال نہیں کرنے دیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے انہیں ایک ایک سیٹ کے بدلے 40 کروڑ کی پیشکش کی گئی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انتخابات میں کرپشن کی روک تھام کیلئے ہمیں انتخابات کا طریقہ کار تبدیل کرنا ہوگا تاکہ ہم ان الیکشنز میں ہونے والی جعلسازیوں اور کرپشن کو روک سکیں۔

خواتین ٹرائی رومز سے متعلق ایک اور تہلکہ خیز رپورٹ سامنے آ گئی

معروف برانڈ کے خواتین ٹرائی رومز میں خفیہ کیمروں کے سکینڈل کی گونج ابھی تھمی نہیں تھی کہ مزید تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ فیصل آباد کے مزید 58 شاپنگ مالز میں بھی سیکڑوں چینجنگ رومز غیر محفوظ نکلے۔

ضلعی انتظامیہ کی چھ رکنی کمیٹی نے ٹرائی رومز کی انسپکشن رپورٹ تیار کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کئی چینجنگ رومز کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جبکہ متعدد ٹرائی رومز کی دیواروں میں بھی سوراخ پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق بعض برانڈز کے ٹرائی رومز کی چھتوں کی بناوٹ انتہائی پیچیدہ ہے۔ چند شاپنگ مالز میں چینجنگ رومز کو بطور کچن بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ انسپکشن کمیٹی فیصل آباد میں معروف برانڈ کے خواتین ٹرائی رومز میں خفیہ کیمروں سے ریکارڈنگ کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد بنائی گئی تھی۔

وزارت داخلہ کا نواز شریف اور بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے انکار

وزارت داخلہ نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔ نیب کی جانب سے نواز خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے لکھے گئے خط میں اس بات کا تفصیلی جواب دیا گیا ہے کہ نام ای سی ایل میں شامل کیوں نہیں کئے گئے ، وزارت داخلہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز خاندان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حوالے سے ٹھوس وجوہات بتائی جائیں ۔

پاکستان نومولود بچوں کی اموات کے لحاظ سے بدترین ملک قرار

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پاکستان نومولود بچوں کی اموات کے لحاظ سے بدترین ملک ہے جہاں پیدا ہونے والے بائیس بچوں میں ایک پہلے مہینے ہی جان سے چلا جاتا ہے۔ پاکستان میں نومولود بچوں کی اموات دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ یونیسف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، افغانستان اور سنٹرل افریقن رپبلک وہ تین ممالک ہیں جہاں نوزائیدہ بچوں کے زندہ رہنے کے امکانات سب سے کم ہیں۔

جبکہ اس کے برعکس جاپان، سنگاپور اور آئس لینڈ میں پیدا ہونے والے بچے زیادہ خوش قسمت ہیں۔ پاکستان میں اس وقت پیدا ہونے والے 22 بچوں میں سے ایک پیدائش کے پہلے ہی ماہ میں ہلاک ہو جاتا ہے جبکہ سنٹرل افریقن رپبلک میں یہ شرح 24 میں ایک جبکہ افغانستان میں 25 میں ایک ہے۔ یونیسیف حکام کے مطابق پاکستان کو نوزائیدہ بچوں کی ہلاکتوں کے معاملے میں شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔

نیب کا تین ریٹائرڈ جنرلز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

تفصیلات کے مطبق نیب ایگزیکٹو بورڈ نے مشرف دور میں ریلوے کے وزیر لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اشرف قاضی، وفاقی سیکرٹری لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ سعید الظفر، میجر جنرل ریٹائرڈ حامد حسن بٹ اور متعدد افسران کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ان پر قومی خزانے کو دو ارب روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ وزیر ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کے خلاف 12 میڈیکل کالجوں کے الحاق میں بدعنوانی کی شکایت کی جانچ پڑتال ہو گی۔

وزیرِ صحت بلوچستان رحمت بلوچ، سندھ کے سابق وزیر عبدالرؤف صدیقی اور عادل صدیقی جبکہ سابق ناظم پشاور اور موجودہ ایم پی اے طماش خان کے خلاف انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اجلاس میں کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائے گا اور اس سلسلے میں کوئی دباؤ یا سفارش کو خاطرمیں نہیں لایا جائے گا۔

افغانستان میں موجود دہشتگرد پاکستان اور روس کے لیے خطرہ ہیں، خواجہ آصف

روس کے دارالحکومت ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور روس ہم خیال ہیں، پاکستان تمام شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، توانائی، صنعت، دفاع، دفاعی پیداوار، کلچر اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔

خواجہ آصف نے افغانستان میں داعش کی موجودگی کو ہمسایہ ملکوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد پاکستان اور روس دونوں کے لیے خطرہ ہیں۔

پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا کوئی عسکری حل نہیں ہے، افغان رہنماؤں کی سربراہی میں٘ مفاہمتی عمل ہی امن کا آخری آپشن ہے۔ بین الاقوامی افواج نے گزشتہ سترہ سال سے افغانستان میں کچھ حاصل نہیں کیا۔ وہ اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے پاکستان اور دوسرے ممالک کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ ہم نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور ہم اپنی سرزمین پر کسی اور کی جنگ نہیں لڑ سکتے۔

دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ امریکی افواج کی موجودگی میں داعش کا قدم جمانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ امریکا افغانستان میں دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام میں ناکام ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایسے بغیر نشان کے ہیلی کاپٹرز کا ذکر بھی کیا جو دہشتگردوں کے علاقوں میں آتے جاتے رہتے ہیں۔

پارلیمنٹ بنیادی حقوق سے متصادم قانون نہیں بنا سکتی، چیف جسٹس

پاکستان کی عدالتِ عالیہ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ بنیادی حقوق کے خلاف قانون سازی پر نظر ثانی کا اختیار ہے۔ پارلیمنٹ سپریم ہے، مگر پارلیمنٹ سے اوپر آئین بھی ہے۔ پارلیمنٹ بنیادی حقوق سے متصادم قانون نہیں بنا سکتی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے یہ ریمارکس سپریم کورٹ میں میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کے دوران دیے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ اس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی بات کی گئی کہ عدالتیں قانون سازی کے عمل میں کیسے مداخلت کر سکتی ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، مگر پارلیمنٹ سے اوپر آئین بھی ہے۔

روازنہ سات ہزار نومولود بچے موت کی نیند سو جاتے ہیں، یونیسیف

 

یونیسف کے مطابق ہم اپنی زمین سب سے کم عمر شہریوں کی جانوں کو بچانے میں ناکام رہے ہیں اور جب تک آپ یہ سطر پڑھ چکے ہوں اس وقت تک پانچ سے کم عمر ایک اور بچہ ماں کی گود سے موت کی آغوش میں جا چکا ہوگا جب کہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ موت کو گلے لگانے والے ہر دس میں سے ایک بچہ محض 28 دن ہی جی پاتا ہے۔

یونیسیف کے مطابق نوملود بچوں میں اس شرح اموات کی وجہ نہایت سادہ ہے اور صرف تین احتیاطی تدابیر اور قابل علاج مرض پر قابو پا کر آسمان سے اترے ان ستاروں کو اپنے گھروں کی مستقل کہکشاں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے وہ تین چیزیں ہیں 1- قبل از وقت زچگی 2- پیپ زدہ انفیکشن 3- گردن توڑ بخار اور نمونیا سے بچاؤ۔

عدلیہ کو پارلیمنٹ کے قانون پر نظر ثانی کا اختیار ہے، چیف جسٹس

 

میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ضرور ہے مگر اس سے اوپر آئین بھی موجود ہے،ہر ادارے کی حدود مقرر ہیں ایوان اگر بنیادی حقوق سے متصادم قوانین بنائے تو عدالت اُس کے جائزے کا اختیار رکھتی ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی مقدمے کو سمجھنےکے لیے سوالات کیے جاتے ہیں اور سماعت کے دوران ریمارکس دیے جاتے ہیں، ہم کسی کو ریمارکس سے متعلق وضاحت دینے کے پابند نہیں ہیں، سوالات پوچھنے پر یہ تاثر دیا گیا کہ پارلیمنٹ کی توہین کی گئی، ٹھیک ہے آئندہ ہم سوالات نہیں کریں گے بلکہ فیصلہ دیتے وقت آپس میں ایک دوسرے سے پوچھ لیں گے۔