پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے 15 سے زائد پارٹی اراکین کی تحریک انصاف میں شمولیت

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) لاہور کے احسن چوبارہ، اقبال چوبارہ، چوہدری مقبول احمد، شیخ اقبال حسین، محمد مبشر ملک، رخسانہ بی بی سمیت دیگر نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینیٹر چودھری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آئین وقانون اور جمہوریت کے دائرہ میں رہ کر سیاست کر رہے ہیں، اس ملک میں کسی بھی قسم کے مارشل لاء یا کسی اور غیر آئینی اقدام کی حمایت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار جیسے مسائل کی وجہ سے عوام موجودہ نظام سے تنگ آ چکے ہیں اور ہر پاکستانی اس کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتا ہے اور جب تک ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوامی حکمرانی قائم نہیں ہو گی، ملک کسی صورت آگے نہیں بڑھ سکتا۔

رواں سال ہونڈا کا دوسری مرتبہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ

مقامی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ہونڈا پاکستان نے گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی وجہ صرف روپے کی قدر میں کمی نہیں بلکہ حکام کی جانب سے ٹیکس میں اضافہ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ گاڑیوں کو اسمبل کرنے کے لیے درکار پرزوں پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی تینوں بڑی گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں رواں سال کے دوران 2 بار اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرچکی ہیں۔

نیویارک میں پاکستانی پرچم کی تشہیر

ٹائمزاسکوائر کی مشہور زمانہ نیزڈیک کی سکرین پاکستانی رنگوں میں رنگ گئی، بڑی سکرین پر روح افزا اور پاکستانی پرچم کی تشہیر کی گئی۔ 23 مارچ کے موقع پر ٹائمزاسکوائر پر پاکستانی پرچم اور روح افزا جیسے برانڈ کا نظر آنا تمام پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات تھی۔

 

ٹائمزاسکوائر پر اس تشہر سے نہ صرف لوگوں کو بہت حیرانی ہوئی، بلکہ امریکہ بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دل میں وطن سے محبت کے جذبات کو بھی تقویت ملی۔

روپے کی قدر منصوبہ کے تحت کم کی گئی،برآمدات بڑھیں گی

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور بیرونی ادائیگیوں کے باعث امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ شدید دباؤ کا شکار ہے ،ایک بار پھر آئی ایم ایف کی جانب سے سٹیٹ بینک پر روپے کی قدر کم کرنے کا مطالبہ سامنے آیا جس کے بعد ڈالر 116 روپے تک پہنچ گیا ،دسمبر2017 میں بھی ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور قیمت 107 سے بڑھ کر 112 روپے ہو گئی تھی، اس وقت بھی آئی ایم ایف کی جانب سے سٹیٹ بینک پر ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو پانچ سے دس فیصد تک کم کرنے کی بات کی گئی تھی،

آئی ایم ایف کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 12.6ارب ڈالر ہیں جن سے صرف تین ماہ کی درآمدات کی ادائیگیاں ہی ممکن ہو سکتی ہیں،حکومتی ذرائع کے مطابق روپے کی قیمت میں کمی سوچی سمجھی پالیسی کے تحت کی گئی ہے کیونکہ دسمبر 2017 میں پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تقریباً دس فیصد اوور ویلیو تھا جس سے برآمدات کم ہو رہی تھیں اور درآمدات میں اضافہ ہو رہا تھا اورکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا تھا۔ چنانچہ منصوبہ بندی کے تحت روپے کی قدر کو پانچ فیصد کم کیا گیا ،

اس کے مثبت اثرات سامنے آئے اور جولائی سے فروری تک مہنگائی کی شرح صرف 3.8فیصد رہی جس کا مطلب ہے کہ اکانومی میں ابھی اتنی سکت ہے کہ روپے کی قدر میں ایڈجسٹمنٹ کو جذب کر سکے ۔موجودہ صورتحال میں بھی حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت اگر 115روپے رہتی ہے تو اس سے ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا کیونکہ ملکی برآمدات کے عوض ایکسچینج ریٹ سے ایکسپورٹرز برآمدات بڑھانے میں دلچسپی لیں گے ۔اسی طرح سے امپورٹ ڈیوٹی کی مد میں بھی اضافہ ہوگا اور بجٹ خسارہ بھی کم ہو جائے گا۔ اس لئے حکومت روپے کی موجودہ سطح سے بہت مطمئن ہے اور اسے مستقبل قریب میں اسی سطح پر رکھا جائے گا۔

نواز شریف، حسن اور حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے غلط بیانی کی، واجد ضیا کا بیان

جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے ایون فلیڈ ریفرنس کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ اپنے بیان میں کہا کہ نیلسن، نیسکول اور کومبر سمیت دیگر کمپنیوں کی ٹرسٹ ڈیڈ پر نواز شریف، حسن اور حسین نواز کے دستخط ہیں۔ تینوں ملزمان نے جے آئی ٹی کے سامنے بھی غلط بیانی کی۔ مریم نواز ٹرسٹی اور کیپٹن صفدر نے بطور گواہ دستخط کئے۔ لندن فلیٹ زمانہ طالب علمی میں حسین نواز کی ملکیت تھے۔ لندن فلیٹس کی ٹرسٹ ڈیڈز پر تاریخیں تبدیل کی گئیں۔ ملزموں نے اوور رائٹنگ کر کے 2004ء کو 2006ء بنایا۔

وکیل امجد پرویز نے گواہ کے دستاویزات دیکھ کر پڑھنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی میں ملزمان کا بیان تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ 2006ء میں آف شور کمپنیز سے متعلق قانون سازی کا اہم سال تھا، نئی قانون سازی کے بعد شیئرز کی ملکیت چھپانا ممکن نہیں تھا۔

واجد ضیاء نے بیان میں کہا کہ مریم نواز نے دو ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرائیں جو بقول ان کے اصلی تھیں۔ فرانزک ٹیسٹ کے بعد جے آئی ٹی نے ٹرسٹ ڈیڈ کو جعلی قرار دے دیا۔ مریم، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر نے جعلی دستاویزات پر دستخط کیساتھ سپریم کورٹ میں پیش کیں۔ مورلے نے ٹرسٹ ڈیڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات دیکھے بغیر رائے دی۔

مریم نواز کے وکیل نے نیب کی جانب سے برٹش ورجن آئی لینڈ، اٹارنی جنرل پاکستان اور قطری شہزادے کے خطوط ریکارڈ کا حصہ بنانے کی مخالفت کی۔ جبکہ نیب کو مزید تین اضافی دستاویزات ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت مل گئی۔ کیس کی مزید سماعت کل ہو گی۔

اہم سیاسی رہنماء پی ٹی آئی میں شامل

نجی ٹی وی کے مطابق سابق صوبائی وزیر ارباب ایوب کے صاحبزادے ارباب عثمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور اپنے تحریک انصاف میں شامل ہونےکا باضابطہ اعلان کیا ۔ انھوں نے عمران خان اور تحریک انصاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی کو اپنے غیر مشروط تعاون اور کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔

پی ٹی آئی کا نواز شریف کیلئے کسی قسم کا این آر قبول نہ کرنے اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیرِ صدارت پارٹی کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کو پاکستان سے باہر بھجوانے کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پی ٹی آئی نے نواز شریف اور خاندان کیلئے کسی قسم کا این آر قبول نہ کرنے اعلان کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کی جانب سے اداروں سے بات چیت کا بیان انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف قانون کے یکساں اور بے لاگ نفاذ کے علاوہ کوئی رستہ قابل قبول نہیں کرے گی، نواز شریف کیساتھ وہی برتاؤ کیا جانا چاہیے جیسا چوری اور دیگر جرائم میں ملوث عام شہریوں کیساتھ کیا جاتا ہے۔

اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال میں بدترین بگاڑ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اسد عمر کی سربراہی میں معاشی میڈیا کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس میں سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب خان بھی شامل ہونگے۔ کمیٹی معاشی بد حالی اور بد انتظامی پر وفاقی حکومت سے باز پرس کرے گی۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق اجلاس میں صادق سنجرانی سے متعلق وزیرِ اعظم کے بیان کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے بیان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ آئینی طور پر منتخب فرد کے بارے میں وزیرِ اعظم کا بیان منصب کے منافی ہے۔

وزیرِ اعظم اور چیف جسٹس کے درمیان اہم ملاقات شروع

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے درمیان اہم ملاقات شروع ہو چکی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی جب بغیر پروٹوکول سپریم کورٹ پہنچے جہاں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم کی سپریم کورٹ آمد پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایلیٹ پولیس فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، خواتین سمیت 903 اہلکاروں نے ٹریننگ مکمل

ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ پر 19 ویں بیسک ایلیٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گادھی تھے۔ 19ویں پاسنگ آؤٹ میں 134 خواتین سمیت کل 903 ایلٹ فورس کے اہلکاروں نے کورس مکمل کیا۔

پاسنگ آؤٹ ہونے والے اہلکاروں نے اپنے تربیتی کورس کا عملی مظاہرہ کیا۔ ایلیٹ پولیس اہلکاروں نے فائر پریکٹس، پائیلنگ اور دیگر عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔

صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گاندھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایلٹ فورس کے اہلکار موثر تربیت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو مٹانے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین اہلکار بھی کافی پرعزم تھیں۔ ایلیٹ فورس کے انیسویں دستے کی پاسنگ آؤٹ کے بعد فورس مضبوط اور مستحکم ہو گی۔

سندھ بھر ميں آٹوميٹک اسلحہ لائسنس بحال، وفاقی حکومت کا نوٹيفکيشن معطل

وفاقی حکومت کي جانب سے خود کار اسلحہ لائسنس کی منسوخی کے خلاف سپيکر سندھ اسمبلی اور ديگر کی درخواست پر سندھ ہائيکورٹ ميں سماعت ہوئی۔ درخواست ميں موقف اختيار کيا گيا تھا کہ سيکيورٹی خدشات کے باعث لاکھوں روپے ماليت کا اسلحہ خريدا اور لائسنس حاصل کيا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلحہ جمع کرانے پر صرف پچاس ہزار روپے ديے جا رہے ہيں۔

ايڈيشنل ايڈووکيٹ جنرل نے عدالت سے استفسار کيا کہ اٹھارویں ترميم کے بعد لائسنس کے اجراء پر پابندی يا منسوخی کا اختيار سندھ حکومت کے پاس ہے؟ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اختيار کيا کہ وفاق نے جو لائسنس جاری کيے ان کی منسوخی کا اختيار بھی وفاق کو ہے۔ عدالت نے فريقين کے دلائل سننے کے بعد حکم ديا کہ درخواست پر فيصلہ آنے تک وفاق کا نوٹيفکيشن معطل رہے گا۔