ترقیاتی منصوبوں کا ہدف حاصل کرنا مشکل

ترقیاتی منصوبوں کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگیا، وسائل اور غیر ملکی امداد میں کمی کے باعث نو ماہ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے صرف 600 ارب روپے ہی جاری ہوسکے۔

وزارت منصوبہ بندی کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے مارچ کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص رقم کا صرف 60 فیصد ہی استعمال ہوسکا۔ نو ماہ میں حکومت نے ہزار ارب روپے میں سے صرف 600 ارب روپے جاری کیے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق وسائل اور غیر ملکی امداد میں کمی کے ساتھ ساتھ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام ترقیاتی منصوبوں میں بری طرح رکاوٹ بن رہا ہے جس سے خدشہ ہے کہ رواں مالی سال حکومت پی ایس ڈی پی کا 200 ارب روپے کم استعمال کرے گی۔

آم پر بیماریوں کا حملہ ، برآمدات میں 50 فیصد کمی

ملتان میں آم کے باغات پر مختلف بیماریوں کے حملے سے ملکی ایکسپورٹ 50 فیصد تک کم ہوگئی ہے جبکہ رواں سال بھی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے پیداوار میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

ملتان میں 3 لاکھ 20 یزار ایکڑ رقبے پر آم کی باغات ہیں لیکن گزشتہ سال 4 لاکھ 27 ہزار میٹرک ٹن پیداوار کے باوجود صرف ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن آم ایکسپورٹ کیا جاسکا اور رواں سال بھی مختلف بیماریوں کے حملوں سے ایکسپورٹ میں مزید کمی کا امکان ہے۔

محکمہ زراعت نے رواں سال آم کی پیداوار کا ہدف 3 لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا ہے لیکن آم کے باغات پر سفوف پھپوندی اور فروٹ فلائی کے حملوں سے کاشتکاروں کے لئے مقررہ ہدف پورا کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے آم کے باغات رہائشی کالونیوں میں تبدیل ہونے سے بھی پیداوار میں مسلسل کمی ہورہی ہے جس سے عام مارکیٹ میں آم کی فی کلو قیمت 150 روپے تک جانے کا امکان ہے۔

نعیم بخاری کو چیف جسٹس پاکستان کی ایئر ہوسٹسز کے ساتھ تصویر پر اعتراض

کچھ روز پہلے پی آئی اے کی ایئر ہوسٹسز نے چیف جسٹس ثاقب نثار کے ہمراہ تصویر کھنچوائی تھی سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنماء اور معروف قانون دان نعیم بخاری نے چیف جسٹس سے ان کی ایئر ہوسٹس کے ہمراہ تصویر پر اعتراض کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنماء نعم بخاری نے چیف جسٹس کی سوشل میڈیا پر چلنے والی ایئر ہوسٹسز کے ساتھ تصویر کا ذکر چھیڑ دیا،انہوں نے کہا چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی اس تصویر پر اعتراض ہے۔

جواباً چیف جسٹس نے خوشگوار موڈ میں کہا کہ کیوں آپ تصویر پر جل رہے ہیں، آپ کا تو حق بھی بنتا ہے، نعیم بخاری نے کہا کہ یہ وکلاء کا حق مارنے والی بات ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بعض اوقات بیٹیوں کو انکار نہیں کیا جاسکتا۔ یاد رہے کہ کراچی سے اسلام آباد روانگی کے وقت دوران پرواز پی آئی اے کی فضائی میزبانوں نے چیف جسٹس کے ہمراہ چند تصاویر کھنچوائی تھیں، بعد میں انہوں نے یہ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھیں۔

پنجاب اسمبلی کے تین ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی

پنجاب اسمبلی کے تین اراکین اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے اراکین کا تعلق پیپلز پارٹی اور ق لیگ جبکہ ایک آزاد امیدوار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں شمولیت شمولیت اختیار کرنے والے ارکانِ اسمبلی نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی۔ ان میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ایم پی اے سردار شہاب، آزاد رکن احسن فتیانہ اور مسلم لیگ (ق) کے رکن احمد شاہ کھگہ شامل تھے۔

بعد ازاں تینوں اراکین اسمبلی نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے قافلے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی وسائل ایک خاندان سے عوام میں تقسیم کرنے کا وقت آ گیا، قومی خزانے کو شیرِ مادر کی طرح برتنے والوں سے جواب طلبی ناگزیر ہے۔ پنجاب کے عوام کو محروم رکھ کر بیرونِ ملک تجوریاں بننے والوں کا محاسبہ وقت کا تقاضا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واگزار کروا کر ہی دم لیں گے۔ نظامِ حکومت کی اصلاح اور عوام کی بہبود پر بھرپور محنت کریں گے۔

جمہوریت کے خلاف منصوبوں کو روکیں گے، شیری رحمان

شیری رحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے میں حکمران جماعت کا ہاتھ ہے، مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو رونا دھونا شروع ہو جاتے ہیں، جمہوریت کے خلاف منصوبوں کو روکیں گے۔

 

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان کا گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم سینیٹ کے ایوان کو نہیں مانتے، تو وہ کس زبان سے ووٹ کے تقدس کی بات کرتے ہیں۔ نواز لیگ کی منافقانہ سیاست پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف جب بند گلی میں پہنچتے ہیں تو انہیں جمہوریت، پیپلز پارٹی اور میثاقِ جمہوریت یاد آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ ایک ہانڈی میں دو مزے لے رہی ہے، حکومت میں ہوتے ہوئے اپوزیشن نہیں کی جا سکتی، ہم ایوان کو مچھلی بازار نہیں بنانا چاہتے۔ ہم جمہوریت کے خلاف منصوبوں کو روکیں گے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اس بار پنجاب میں بھرپور مہم چلائیں گے۔ بلاول بھٹو میدان میں ہیں، دما دم مست قلندر ہو گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران وزیرِ اعظم کے لئے اپوزیشن سے مشاورت آئین کا تقاضا ہے، ہماری جماعت نگران وزیرِ اعظم کی مشاورت کے لئے تیار ہے۔

نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کی شادی کی 47ویں سالگرہ

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی شادی کی 47 ویں سالگرہ منائی گئی۔ اس موقع پر لندن میں زیرِ علاج کلثوم نواز نے کیک کاٹا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے اپنے والدین کی سالگرہ پر انھیں مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ماشا اللہ میرے والدین کی شادی کے 47 برس مکمل ہو گئے۔ دونوں کے دل قربت اور دوری، صحت و بیماری میں بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں ایک تصویر بھی شیئر کی جس پر ہیپی اینیورسری کلثوم اینڈ نواز۔ انہوں نے اپنی دوسری ٹویٹ میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میری والدہ ہیں جنہوں نے بستر پر بیٹھے بیٹھے کیک کاٹا اور انہوں نے اس پیغام کے ساتھ یہ تصویر ہمیں بھیجی ہے کہ انشا اللہ ہم جلد ساتھ ہوں گے۔

 

پنشن فنڈ سکینڈل: سول ایوی ایشن ملازمین کا از خود نوٹس کیلئے چیف جسٹس کو خط

سول ایوی ایشن ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان کو پنشن فنڈ سکینڈل کے از خود نوٹس کیلئے خط لکھ دیا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایس ای سی پی میں غلط بیانی کر کے پاکستان ایئرپورٹ سروس کمپنی بنا کر من پسند افسران کو نوازا گیا۔

سیکرٹری جنرل سول ایوی ایشن ایمپلائز یونین لاہور کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی مینیجمنٹ اینڈ آپریشنز سروسز کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹ سروسز کے نام سے کمپنی بنا کر من پسند افسران کو شیئرز ہولڈر بنا دیا گیا۔ سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے سامنے بھی غلط بیانی کی گئی۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ پنشن فنڈز قواعد کے برعکس اور سٹیٹ بینک کی ہدایات نظر انداز کر کے منتقل کیے گئے۔ اقدام سے سول ایوی ایشن ملازمین کے اربوں کے پنشن فنڈز کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ ایف بی آر نے ان کا ریکارڈ نیب کو دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے تحریکِ انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کا تمام ریکارڈ طلب کیا تھا جس پر ایف بی آر نے عبدالعلیم خان کی ویژن پرائیویٹ لمیٹڈ، اے اینڈ اے پرائیویٹ لمیٹڈ اور عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کا ریکارڈ نیب کے حوالے کر دیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایف بی آر نے عبدالعلیم خان کے ٹیکس گوشواروں کی تمام تفصیلات بھی نیب کو جمع کرا دی ہیں۔ نیب تحریکِ انصاف کے رہنما کے خلاف مختلف مالی بے ضابطگیوں پر تحقیقات کر رہا ہے۔

پاکستان کے چپے چپے سے دہشتگردوں کا خاتمہ کر دیا: احسن اقبال

احسن اقبال کا کہنا ہے پاکستان کے چپے چپے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا، کامیاب جنگ اپنے وسائل سے لڑی، امریکا افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل سست کرنا چاہتا ہے مگر عالمی برادری ہمارے مسائل کی وجوہات سمجھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نیکٹا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہونے سے امن بحال ہو چکا ہے، دہشتگردی کے خلاف ملک اور عوام کا بیانیہ بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا انتہا پسندوں نے دہشتگردی اور فساد کے لیے اسلام کا نام استعمال کیا، مسلمان علماء نے دہشتگردی کے خلاف فتوے جاری کئے، اسلام امن کا دین ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستان دنیا کی پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہو رہا ہے، پاکستان سرحد پر مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، آج کوئی جہادی تنظیم پاکستان میں آ کر کام نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی ہے، افغانستان میں جنگ ختم ہوتے ہی اتحادی منظر عام سے غائب ہو گئے، جنگ زدہ افغانستان کی ترقی کے لیے کوئی نظام واضح نہیں کیا گیا، پاکستان ابھی تک لاکھوں افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔

پی ٹی آئی کا عام انتخابات کیلئے آن لائن فارم جاری کرنے کا فیصلہ

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات کیلئے آن لائن فارم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل سے آن لائن فارم دستیاب ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کل دوپہر سے تحریک انصاف کی ویب سائیٹ پر ٹکٹ کے لئے آن لائن درخواستوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔ تحریکِ انصاف کی آفیشل ویب سائٹ پر اگلے 12 گھنٹے میں فارم اپ لوڈ کر دیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی قومی اسمبلی کے لیے درخواست کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا زرِ ضمانت لازم جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے درخواست کے لئے پچاس ہزار بطور زرِ ضمانت جمع کرانا ہوں گے۔