دبئی سے اسمگل شدہ کروڑوں روپے مالیت کی چھالیہ کا کنٹینر پکڑا گیا

کسٹم حکام کے مطابق مذکورہ چھالیہ جبل علی پورٹ دبئی سے جعلسازی کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔ ماڈل کسٹم کلکٹریٹ کے مطابق درآمد شدہ کنٹینر کی اسکروٹنی کی گئی، جس سے پتہ چلا کہ مذکورہ چھالیہ کا کنٹینر بلوچستان انٹرپرائز کے نام پر این ایل سی ڈرائی پورٹ کوئٹہ کے لیے منگوایا گیا تھا۔ کسٹم عملے نے کنٹینر کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی۔ پکڑی گئی چھالیہ کی قیمت کروڑوں روپے ہے ۔

گجرات: چھٹی کلاس کی طالبہ کیساتھ جنسی زیادتی

معاشرے نے حیوانیت کی چادر اوڑھ لی، گجرات میں حوا کی بیٹی کیساتھ درندگی کا ایک اور واقعہ، دوکاندار دو بہنوں کو دوست کے ساتھ کپڑا دکھانے کے بہانے ساتھ لے گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم صدام اور اس کے ساتھی توقیر نے ایک بہن کو کمرے میں بند کیا اور دوسری کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ چیخ وپکار پراہل علاقہ جمع ہوگئے۔ چھٹی کلاس کی طالبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس، بھارتی مظالم کی مذمت، حریت قیادت کے موقف کی حمایت کا اعلان

مظفرآباد میں حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال حال پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں مشترکہ اعلامیے کے ذریعے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور غیرعسکری حمایت جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی۔

آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں مقبوضہ جموں کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت کی منظور کی گئی قرارداد کی بھی حمایت کی گئی۔ اجلاس میں جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خود آرادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں جدوجہد آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بیرون ممالک وفود بھیجنے اور مظفرآباد میں جلد انٹر نیشنل کشمیر کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آل پارٹیز کانفرنس نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں سے اپنے انتخابی منشور میں کشمیر کو شامل کرنے اور اقوام متحدہ سمیت دیگرعالمی اداروں سے جموں کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر سے پیدا ہونے والے انسانی المیے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

وفاقی بجٹ: غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیکس میں کمی کی تجویز

حاصل کردہ بجٹ دستاویز کےمطابق سٹاک مارکیٹ میں غیرملکی سرمایہ کاروں اور نان ریذیڈینٹ پاکستانیوں کو کیپیٹل گین ٹیکس میں ریلیف دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ دو سال تک سرمایہ کاری پر 10 فیصد اور اس سے زائد مدت کیلئے سرمایہ لگانے پر زیرو ٹیکس کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بونس شیئرز پر عائد ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

امریکی سفارتخانے کی سینہ زوری، ملزم اتاشی تک رسائی دینے سے صاف انکار کردیا

امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی موت واقع ہونے کا معاملہ، امریکی سفارت خانے کا تفتیش میں تعاون اور دفاعی اتاشی تک رسائی دینے سے صاف انکار، پولیس نے مدد کیلئے وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا۔ وزارت داخلہ نے امریکی اتاشی کو چھوڑ دیئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور ایس ایچ او سے جواب طلب کرلیا کہ ملزم کو کس کے کہنے پر چھوڑا۔

امریکی سفارت خانے کے تعاون نہ کرنے پر پولیس نے دفترخارجہ کو خط لکھا ہے کہ بتایا جائے کہ ویانا کنونشن کے تحت سفارتکار کو کس حد تک استثنیٰ حاصل ہے، دفترخارجہ کو ایف آئی ار کی انگریزی میں کاپی اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی بھجوائی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کو موصول رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود ٹریفک سارجنٹ نے امریکی اتاشی کی گاڑی کے سگنل توڑنےکی تصدیق کی، اس نےملزم کا میڈیکل کرانے کا مشورہ دیا مگر ایس ایچ او نے ایک نہ سنی۔

وزارت داخلہ نے تھانیدار سے وضاحت مانگی ہے کہ اس نے سفارتکار کو کس کے کہنے پر چھوڑا۔ وزارت داخلہ کا مؤقف ہے کہ ایس ایچ او کو یہ اختیار نہیں تھا کہ وہ سفارتکار کو جانے دے، اسے وزارت خارجہ سے ہدایت ملنے کے بعد فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔

کراچی :یونیورسٹی روڈ پر پائپ لائن پھٹنے سے پانی جمع

کراچی میں یورنیورسٹی روڈ پر واٹر بورڈ کی لائن پھٹنے سے پانی جمع ہوگیا۔ واٹر بورڈ کا عملہ مرمت کےلیے 8 گھنٹے تاخیر سے پہنچا جس کے باعث ہزاروں گیلن پانی ضائع ہوگیا۔ گلشن اقبال میں سیوریج لائن کے پانی نے سڑک کو تالاب بنا دیا۔ کراچی میں جہاں ایک طرف عوام پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہے ہیں تو دوسری جانب پینے کا صاف پانی سڑکوں پر ضائع ہورہا ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر تو پانی کی لائنیں پھٹنا معمول بن گیا ہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے سامنے 33 انچ قطر کی لائن پھٹنے سے پانی سڑک پر بہنے لگا۔ آٹھ گھنٹے تک ہزاروں گیلن پانی ضائع ہوا۔ پائپ لائن پھٹنے کا لوگوں نے بھی خوف فائدہ اٹھایا ۔اور سڑک پر ہی گاڑیاں دھونا شروع کر دیں۔ گلشن اقبال 13 ڈی میں بھی لائیں چوک ہونے کے باعث سیوریج کاپانی سڑک پر جمع ہو گیا۔ جس سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔

شہری کی گاڑی تلے کچلنے سے موت ، امریکی سفیر کی طلبی

ملٹری اتاشی کی گاڑی تلے شہری کے کچلے جانے کے واقعے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔ ڈیوڈ ہیل کو سفارتخانے بلا کر واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے تحیققات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستانی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ واقعے پر ملکی قوانین اور ویانا کنونشن کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

‘پاکستان میں اس وقت دائیں بازو کی سیاست ہو رہی ہے’

بلاول ہاؤس میں پارٹی ورکرز کو دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سٹیل مل اور پی آئی اے جو کبھی دنیا کے نمبر ون ادارے تھے انہیں یہ بیچ رہے ہیں۔ ہم نے 18 ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ دیا، لیکن نون لیگ نے زراعت، ٹیکسٹائل اور مینو فیکچر سیکٹر کو تباہ کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن آنے والے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکن سندھ میں ہونے والی ترقی کے بارے میں لوگوں کو بتائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہی آئے اور پیپلز پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کرے۔

بلاول نے سینیٹ الیکشن کی حقیقت بتادی، شہباز شریف

کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے کہا کہ بلاول نے سینیٹ الیکشن کی حقیقت بتادی ہے، اب کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔ پی ٹی آئی نے دھرنے دے کر عوام کے خلاف سازش کی، پی ٹی آئی کا دھرنا نوازشریف نہیں بائیس کروڑ عوام کے خلاف سازش تھی۔

نوازشریف کی زیرقیادت ترقیاتی کام ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کی انتشار کی سیاست ختم کر دیں گے۔

‘2018 تبدیلی کا سال، الیکشن میں مخالفین کو شکست دیں گے

راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018 نئے پاکستان اور تبدیلی کا سال ہے لہذا نوجوان پی ٹی آئی کا ممبر بن کر میری ٹیم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان عوام کا پیسا چوری کر کے باہر لے جاتا ہے، میٹرو منصوبہ مال بنانے کے لئے بنایا گیا، راولپنڈی میٹرو ٹرین پر اربوں روپے خرچ کردیئے گئے جب کہ یہ پیسہ صحت، تعلیم اور صاف پانی پر لگا کر شہر کو بدلا جا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے کپتان کو مقابلہ کرنا آتا ہے اور 22 سال سے اس وقت کا انتظار کر رہا تھا، آئندہ الیکشن میں تمام جماعتوں کو پھینٹی لگاؤں گا۔ کرپٹ ٹولے کا خاتمہ ہوگا اور مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی بری طرح ہارے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سبز پاسپورٹ کی پوری دنیا میں عزت کرائیں گے۔ کپتان نے راولپنڈی میں ممبرسازی مہم کے مختلف کیمپوں کا دورہ کیا اور ممبر سازی مہم کا جائزہ بھی لیا۔