اوپن مارکیٹ میں روپیہ دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مستحکم

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے مارکیٹ میں ڈالر کی سپلائی ہونے سے روپے کی قدر کو سہارا ملا ہے جبکہ ڈالر کی دبئی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے اقدامات سے بھی روپیہ مستحکم ہوا ہے۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ڈالر لانے پر پوچھ گچھ سخت ہو گئی ہے جس کے باعث امریکی کرنسی کی غیر قانونی ترسیل کافی حد تک کم ہو چکی ہے۔

آرمی چیف نے مزید 11 دہشتگردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی

آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں، دہشت گردی کی سنگین وارداتوں اور تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے میں بھی ملوث ہیں، دہشتگردوں کو 24 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 60 افراد کے قتل پر سزائے موت دی گئی، ان دہشتگردوں کے حملوں میں مجموعی طور پر 142 افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگردوں برہان الدین، شاہیر خان اور گلفراز خان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، تینوں دہشتگردوں نے مردان میں نماز جنازہ پر حملہ کر کے 30 افراد کو قتل کیا، اس حملے میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عمران خان مہمند بھی جاں بحق ہوئے تھے، تینوں دہشتگردوں نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔

راولپنڈی میں قاتل ڈور ایک اور انسانی جان نگل گئی

راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ سے گزرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار عدنان گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا۔ نوجوان کی چونترہ کے نواحی علاقے سروبا تدفین کر دی گئی ہے۔

پتنگ بازی کیخلاف پولیس آپریشنز کے باوجود رواں برس 15 افراد کیمیکل ڈور کا نشانہ بنے جن میں 3 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

جائیداد کا لالچ، لے پالک بیٹے کی فائرنگ، ماں 2 بیٹیوں سمیت قتل

ریلوے پھاٹک والے گھنیاں کی 50 سالہ رضیہ بی بی اور اسکی 2 بیٹیاں 18 سالہ جویرہ اور 16 سالہ روبینہ گھر کی بالائی منزل پر سوئی ہوئی تھی کہ ان کے تایا زاد بھائی عدیل جو کہ رضیہ بی بی کا لے پالک بیٹا بھی تھا نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں رضیہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ رضیہ کی دونوں بیٹیاں ہسپتال منتقل کرنے کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں اور اُنکی والدہ کے نام واہنڈو کے علاقہ چک علاؤالدین میں 12 ایکڑ زرعی زمین ہے اور اُنکے والد محمد اقبال نے انتقال کرنے سے پہلے اپنی دونوں بیٹیوں کے رشتے طے کر دیئے جبکہ چھوٹی بیٹی روبینہ کا رشتہ محمد اقبال نے گھر کے قریب ہی اپنے دوست کے بیٹے سے طے کیا تھا جس کا ملزم عدیل کو رنج تھا کہ اُنکی وراثتی اراضی خاندان سے باہر نہ چلی جائے۔

ساری عمر نوازشریف کا بوجھ اٹھایا، کبھی کسی کی جوتی سیدھی نہیں کی’

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ آج وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ سیاسی طور پر کہاں کھڑا ہوں، اگرنارمل حالات ہوتے توشائد پریس کانفرنس نہ کرتا، واضح کردوں کہ پارٹی سے ناراض نہیں ہوں۔ میرے کوئی مطالبات نہیں ہے، پارٹی سے کبھی کسی عہدے کا تقاضا نہیں کیا۔ 34 سال سے نوازشریف کیساتھ ہوں، پارٹی کا فاؤنڈر ممبر ہوں۔ پارٹی کے فاؤنڈر ممبرز میں سے میرے علاوہ آج ایک شخص بھی پارٹی میں نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ستر فیصد سے زائد لوگوں نے پارٹی چھوڑی پھرجوائن کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاناما انکشافات، نوازشریف کو کہا تھا کہ سپریم کورٹ نہیں جانا چاہیے۔ جب میاں صاحب نے تقریر کا فیصلہ کیا تو واحد آدمی تھا جس نے کہا تقریر نہ کریں۔ میاں صاحب سے کہا آرمی چیف سے کہیں جے آئی ٹی میں فوج کے برئیگڈیئر نہیں ہونے چاہیں۔ مشورہ اپنے لیے نہیں نوازشریف کودیا تھا۔ جب فیصلہ آیا تومیاں صاحب سے پنجاب ہاؤس میں لمبی میٹنگ ہوئی تھی۔ میاں صاحب کو کہا جو ہونا تھا ہو گیا اب الیکشن پر پورا زور لگانا چاہیے۔

چودھری نثار نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ میاں صاحب آپ عدلیہ، فوج کیخلاف ٹون کو ذرا نیچے لیکر آئیں۔ میاں صاحب نے جواب دیا بتائیں، کیا کہوں، میں نے کہا یہ نہ کہیں پیچھے کوئی ڈوریاں ہلا رہا ہے۔ یہ باتیں نوازشریف کے حق میں کہی تھی، میں نے فوج سے کوئی تمغہ نہیں لینا تھا۔ سیاست جنگ یا باکسنگ میچ نہیں ہے۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ آتا ہے تو پھر ذمہ دار بھی ہم ہیں، جب فیصلہ آئے تو پھر قبول کرنا پڑتا ہے۔ میں نے کہا تھا اگر ایک عدالت سے انصاف نہیں ملتا تو دوسری سے مل جائے گا۔ حدیبیہ کیس میں دوسری عدالت نے حق میں فیصلہ دیا۔ میں نے کہا بطور اداروں کو ٹارگٹ نہ کیا جائے اسے بدنیتی نہیں کہا جاسکتا۔ جب نوازشریف کی نااہلی ہوئی تو ایم این ایز نالاں تھے، اگر میں کچھ نہ کرتا تو چالیس سے پنتالیس ایم این اے چلے جاتے، جو میرے پاس آتے ہیں انہیں کہتا ہوں پارٹی میں رہنا ہے۔ میں سازشی آدمی نہیں ہوں۔

چودھری نثار نے مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن میں امیدواروں پر شدید تحفظات تھے لیکن ووٹ دیا، مشکل وقت میں ساتھ کھڑا ہوں، ان کی بھی ذمہ داری ہے سب کو ساتھ لیکر چلیں، ساری زندگی نہ کسی کی جوتیاں اٹھائیں نہ سیدھی کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کا شکریہ، میرے لیے عزت کی بات ہے کہ وہ پارٹی میں آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ مگر اس وقت میں پارٹی میں کھڑا ہوں، جو شخص ساری عمر ساتھ رہا اور اختلاف رائے رکھتا ہے۔ ہمیشہ اختلاف رائے رکھتا رہا ہوں۔ میاں صاحب اور ان کی بیٹی نے کبھی شعر کے ذریعے مجھے طعنے دیے۔ ان کے ذاتی ملازم نے کبھی الیکشن نہیں لڑا۔ نصراللہ خٹک نے میرے خلاف تحضیک آمیز باتیں کیں۔

نوازشریف اور ان کے پیادوں کو کہتا ہوں 34 سال پارٹی کیساتھ وفادار رہا، سیاست عزت کی خاطرکرتا ہوں، ڈان لیکس کی بات آئی تو میں نے ان کی سپورٹ کی، جب ڈان لیکس کا مسئلہ آیا توان میں سے ایک بندہ بھی نہیں بولا تھا۔ ہرکہے، ہرکیے کا جوابدہ ہوں۔ آپ مشکل میں ہے مگر خدا کے لیے خوش آمدیوں کے جھرمٹ میں فیصلے مت کریں اورسچ سنیں، اب بھی آپ کیساتھ کھڑا ہوں۔ نوازشریف کوچند ماہ پہلے خط لکھا تھا، ڈان لیکس سمیت تمام معاملات پرمشاورت کرنی چاہیے ابھی تک جواب نہیں آیا۔

چودھری نثار نے مزید کہا کہ حالات کوسدھارنے کے لیے سب سے بڑی ذمہ داری نوازشریف پرعائد ہوتی ہے۔ فوج کچھ نہیں کرتی موجودہ ملٹری لیڈر شپ کے فیصلے ہوتے ہیں۔ کل نوازشریف نے ڈان لیکس پربات کی سب کچھ سامنے آسکتا ہے۔ رپورٹ سامنے آئے تو سب کرتوت سامنے آجائیں گی۔ غلط باتیں کر کے نقصان پاکستان کا ہوگا۔ سیاست دنگل نہیں، راستہ نکالنے کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ! کہتے ہیں پہلے نظریاتی نہیں اب نظریاتی ہوں، بیان پرافسوس ہوا۔ میں اورمیری جماعت دائیں بازو کی جماعت ہے۔ میاں صاحب پہلے نظریاتی نہیں تھے بڑی پیشمانی ہوئی۔ میاں صاحب بتائیں کہ اب جو نظریہ ہے کہیں وہ نظریہ “محمود خان اچکزئی” والا تونہیں ہے۔ ملک ہے توسب کچھ ہے، بعد میں پارٹی ہے، امید کرتا ہوں پارٹی کے اندرزیادہ پروایکٹو رول ادا کرونگا۔

شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی لاہورجاتا ہوں شہبازشریف سے ملاقات ہوتی ہے، بڑھا چڑھا کرپیش کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ پارٹی چھوڑی نہ ارادہ ہے، نہ میرے کوئی عزائم ہیں۔

پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جو آج سے پنجاب کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور 9 مئی تک جاری رہے گا، جس کے باعث آج اور کل بیشتر بالائی علاقوں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔ جبکہ پنجاب کے وسطی علاقوں فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، بھکر میں بھی کہیں کہیں اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخواہ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کہیں کہیں، جنوبی علاقوں میں چند مقامات پر اور کشمیر گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے تاہم بلوچستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

پاکستان کی ترک فضائیہ کو فوجی تربیت میں مدد اور تعاون کی پیشکش

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترکی کے چیف آف دی جنرل سٹاف جنرل ہولوسی آکار نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے جنرل ہولوسی آکار کو سلامی پیش کی۔

جنرل ہولوسی اور ایئرچیف مارشل مجاہد انور کی ون آن ون ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق جنرل ہولوسی آکار نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔ ترک چیف آف دی جنرل سٹاف نے پاک فضائیہ کے تجربات سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ اس تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ پاک فضائیہ ترکی کو ایوی ایشن اور فوجی تربیت میں بھرپور مدد اور تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔

متحدہ کا جلسہ: آخری خطاب کون کرے گا؟ سسپنس برقرار

کراچی کے لیاقت آباد ٹنکی گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کا جلسہ، صرف جلسے پر متحد یا واقعی متحد؟ سربراہ کی حیثیت سے آخری خطاب کون کرے گا؟ سسپنس برقرار ہے۔
فاروق ستار نے لیڈرشپ کے سوال پر سالے اور سالیوں کا ذکر چھیڑ دیا جبکہ عامر خان کہتے ہیں کہ ہوسکتا ہے آخری تقریر وہ کریں، خواجہ اظہار نے کہا کہ جلسے کی باگ ڈور کارکنان کے ہاتھ میں ہوگی۔

متحدہ کے دونوں دھڑوں کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو بتائیں گے کہ خالی اور بھری ٹنکی گراؤنڈ میں کیا فرق ہے۔

کوئٹہ: کوئلہ کی کان میں حادثہ، 6 افراد جاں بحق

تفصیلات کے مطابق مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کی تین کانیں بیٹھ گئیں جس کے باعث کان کے اندر کام کرنے والے کان کن پھنس گئے ہیں۔ جن میں سے 6 جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے وقت 23 مزدور کوئلے کی کان میں کام کررہے تھے ۔اس افسوسناک حادثے میں 13 مزدور زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینس اور ریسکیواہلکار فوراً موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کو نئی ٹینشن دینے کی ٹھان لی

پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کو نئی ٹینشن دینے کی ٹھان لی، 12 مئی کو گلشن اقبال میں جلسے کا فیصلہ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ کراچی والوں نے متحدہ کو مسترد کردیا ہے۔متحدہ کا 22 اگست سے پہلے والا دور واپس نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاست کی اجازت سب کو ہے، عوام نفرت پھیلانے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ کراچی کے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہی ووٹ دینگے۔ ایم کیو ایم والے ادھر ادھر سے ملکر جلسہ کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے جلسہ کر کے انہیں پریشان کردیا ہے۔ متحدہ نے لسانیت کی باتیں کرکے کراچی کے لوگوں کو ورغلایا تھا۔ مگر اب کراچی والے ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔