خود کش بمبار لاہور میں داخل ہو چکا: حساس ادارے

حساس اداروں کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان فضل اللہ گروپ نے شہر میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی ہے اور ایک خود کش بمبار بھی لاہور میں داخل ہو چکا ہے۔

دہشت گرد حساس عمارتوں، غیر ملکی باشندوں اور سرکاری افسران کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب ہوم سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجے گئے تھریٹ الرٹ میں دہشت گردی کے خطرے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

تھریٹ لیٹر کے بعد پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے

پی ٹی آئی اور ق لیگ کا مشترکہ انتخابی حکمت عملی بنانے پر اتفاق

تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ ق کے درمیان اعلیٰ سطح رابطہ ہوا ہے جس میں پنجاب میں انتخابی تعاون اور دیگر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی رابطے کے نتیجے میں اتفاق پایا گیا کہ تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ ق پنجاب میں انتخابی تعاون کریں گی جبکہ مسلم لیگ ن مخالف حکمت عملی میں دونوں جماعتیں ساتھ مل کر چلیں گی۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق انتخابی تعاون پر آمادگی میں دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

کشن گنگا ڈیم کی غیر قانونی تعمیر، پاکستان ورلڈ بینک سے رجوع کرے گا

بھارت کی آبی جارحیت، مغربی دریاؤں پر بھی تسلط جمانا شروع کر دیا۔ سندھ طاس معاہدے کی کھلے عام خلاف ورزیاں، اعتراضات نظر انداز کر کے بنائے گئے کشن گنگا ڈیم کی غیر قانونی تعمیر پر پاکستان نے بڑا فیصلہ کر لیا۔

یہ معاملہ سندھ طاس معاہدے کے ضامن ورلڈ بینک کے سامنے معاملہ اٹھایا جائے گا۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی قیادت میں پاکستانی وفد واشنگٹن میں چیف ایگزیکٹو سے ملاقات کرے گا۔

اسلام آباد عالمی بینک پر اپنی ذمہ داری ادا کرنے اور متنازع منصوبے کو رکوانے پر زور دے گا۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں رتلے اور بگلہیار منصوبوں کا معاملہ بھی عالمی بینک کے سامنے رکھے گا۔ پاکستان کا موقف ہے کہ متنازع منصوبے کشن گنگا سے دریائے نیلم میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی فرق پڑے گا۔ 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم منصوبے سے بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہو گی۔

الیکشن میں دھرنے والوں کا دھڑن تختہ ہو گا، نواز شریف

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے زیرِ صدارت جاتی امراء میں اہم نوعیت کا پارٹی اجلاس ہوا جس میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی شریک تھے۔

سابق وزیرِاعظم کے زیر صدارت اجلاس میں موجودہ سیاسی، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی امور پر مشاورت کی گئی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تمام تر توانائیاں مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود 2018ء کے انتخابات دھرنے دینے والوں کا دھڑن تختہ کردیں گے، مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ووٹ کو عزت دو ہی ہو گا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دوبارہ اقتدر میں آ کر پورے ملک کو یکساں ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے جبکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کہ اداروں کے درمیان محاذ آرائی نہیں چاہتے، ماضی میں بھی تمام کیسز میں سرخرو ہوئے، اب بھی ہونگے۔

محکمہ صحت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان معاہدہ

محکمہ صحت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ائیر چیف مجاہد انور خان سمیت محکمہ صحت پنجاب اور ائیر فورس کے افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمیت فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کی تعمیر کیلئے ایک ارب کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ائیر چیف مجاہد انور خان نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ائیر فورس تمام چیلنجز کے باوجود جنوبی پنجاب میں منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

 

وزیرِاعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کی رپورٹ نے صوبہ پنجاب کی کارکردگی کو دیگر صوبوں سے بہتر قرار دیا ہے جس پر ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

احسن اقبال کی کرنل سہیل عابد شہید کے گھر آمد، قبر پر فاتحہ خوانی

وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے کرنل سہیل عابد شہید کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت اور قبر پر جا کر شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کرنل سہیل عابد شہید قوم کے بہادر سپوت تھے، انہوں نے ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔

 

وزیرِ داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان سے نفرت کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

کراچی کے غریب ویلڈر کا بیٹا 26 ورلڈ ریکارڈز کا مالک بن گیا

کراچی: (بادبان رپورٹ) کراچی کے غریب ویلڈر کا بیٹا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گیا۔ 26 ریکارڈز کا مالک، 8 ریکارڈز بھارت سے چھیننے والا راشد نسیم گھر چلانے کیلئے مارشل آرٹس سکھاتا ہے۔

والد کیساتھ ویلڈنگ میں ہاتھ بھی بٹاتا ہے اور گھروں کے دروازے بناتا ہے۔ راشد نسیم صرف ملک میں ہی نہیں بیرون ملک جاکر بھی کئی ورلڈ ریکارڈ قائم کرچکا ہے۔ بھارت سے 8 ریکارڈز چھینے اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اپنا نام شامل کروایا۔ راشد کے والد کو فخر ہے کہ اس کا بیٹا پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کر رہا ہے۔

نن چکو سے اخروٹ توڑنے کا نیا عالمی ریکارڈ

کراچی (بادبان نیوز ) کراچی کے مارشل آرٹسٹ نے بڑا کارنامہ انجام دے دیا، مجتبیٰ حسن نے نن چکو کی مدد سے 118 اخروٹ توڑ کر بھارت سے عالمی ریکارڈ چھین لیا۔

کراچی کے مارشل آرٹسٹ مجتبیٰ حسن نے بڑا کارنامہ سرانجام دیا، پاکستان کو ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بنا دیا۔ انہوں نے ایک منٹ میں نن چکو کی مدد سے 118 اخروٹ توڑ کر بھارت کو عالمی ریکارڈ سے محروم کیا۔

ہمسایہ ملک کے پربھاکر ریڈی نے 108 اخروٹ توڑ کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے پاکستانی مارشل آرٹسٹ کے منفرد اعزاز کی تصدیق کر دی ہے۔

وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے خزانہ نے استعفی دے دیا

زیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے خزانہ نے استعفی دے دیاکوئٹہ ( 20 مئی 2018)وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیاہے۔بتایا جاتا ہے کہ انھوں نے گزشتہ رات اپنا استعفی گورنر بلوچستان کو بھجوادیاتھا تاہم انھوں نے خاتون مشیر کا استعفی منظور نہیں کیا ہے۔جبکہ رات سے ان کومنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ویڈیودیکھنے کےلیے پلے کابٹن دبائیںبتایاگیا ہےکہ دو روز قبل بجٹ سیشن کے موقع پر اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے بہت ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر انھوں نے استعفی دے دیا ہے

100 دن کا منشور دے دیا ،مجھے کیوں نکالا کا نظریہ معاشرے کی پستی کی عکاسی کرتا ہے:عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے اور پہلی مرتبہ الیکشن میں تیاری کے ساتھ جار ہے ہیںجبکہ مجھے بڑی خوشی ہے تحریک انصاف الیکشن میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، مجھے کیوں نکالا کا نظریہ معاشرے کی پستی کی عکاسی کرتا ہے۔مجھے کیوں نکالا کا مطلب اتنا طاقتور ہوں مجھے کیسے نکال دیا.سزا اور جزا ختم کرنے سے ادارے ختم ہوجاتے ہیں،ہمیں اپنے ادارے ٹھیک کرنے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 100 دن کے پلان میں مشکل فیصلے کرنے ہوتے ہیں،انٹرا پارٹی الیکشن میں مصروف تھے اور اچانک الیکشن آگیا،پہلی بار الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں،اگر 2013 میں وفاقی حکومت مل جاتی تو ایسے تجربات نہ ہوتے،پرویز خٹک کا کہنا ہے ہمارے پاس 5 سال حکومت کرنے کا تجربہ ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دنیا میں 2 طرح کے معاشرے ہوتے ہیں، عمران خان ایک انسانی معاشرہ ہوتا ہے اور دوسرا جانوروں کا معاشرہ، جانوروں کے معاشرے میں کوئی رحم نہیں کرتا ، انسانی معاشرے میں قانون سب کیلئے برابر ہوتا ہے،تحریک انصاف کا نظریہ وہی ہے جو قیام پاکستان کا نظریہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کی ریاست ہمارے سامنے آئیڈیل ہے،25 لاکھ بچے مدرسوں میں پڑھ رہے ہیں ان کے بارے کسی نے نہیں سوچا،پاکستان میں آٹھ لاکھ لوگ اس وقت ٹیکس دے رہے ہیں،سوچنا چاہئے تعلیم کو کیسے بہتر اور یکساں کیا جائے،8 لاکھ بچے انگلش میڈیم سکولوں میں پڑھ رہے ہیںاور پاکستان میں ساری پالیسیاں ایک چھوٹے سے طبقے کے لئے ہے جبکہ مجھے کیوں نکالا کا نظریہ معاشرے کی پستی کی عکاسی کرتا ہے۔