صاف پانی کمپنی سکینڈل، وزیرِاعلیٰ پنجاب کے داماد کی گرفتاری کا امکان

وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف 5 بار طلب کرنے کے باوجود صرف ایک بار پیش ہوئے۔ 24 اپریل کو پیش ہو کر علی عمران سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہے۔ انہوں نے نیب سے سوالات کے جواب جمع کرانے کے لئے 3 مئی تک کا وقت مانگا تھا۔

نیب حکام نے چوبیس اپریل کو علی عمران یوسف سے 14 سوالات کئے، جن میں سے وہ 11 کے جوابات نہ دے سکے۔ انہوں نے نیب کو کہا تھا کہ وہ بیرونِ ملک نہیں جائیں گے لیکن وعدہ کر کے بھی بیرون ملک چلے گئے، جس کے بعد پیش نہ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 مئی، 7 مئی اور 21 مئی کو علی عمران نیب میں پیش نہ ہوئے۔ نیب کی جانب سے بھجوایا گیا سوالنامہ تاحال علی عمران یوسف کی جانب سے واپس نہیں دیا گیا ہے اور وہ کسی قسم کے ثبوت بھی نیب کو فراہم نہیں کر سکے ہیں۔

بھارت رقوم منتقلی کی تحقیقات عرفان نعیم منگی کے سپرد

ذرائع کے مطابق سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نیب کی جانب سے جے آئی ٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

نیب نے عرفان نعیم منگی کو نواز شریف کی جانب سے مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالرز بھارت منتقل کرنے کی تحقیقات کے لیے ہدایات دی ہیں۔ ڈی جی نیب نے اس اہم معاملے میں سٹیٹ بینک سمیت دیگر اداروں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ منی لانڈرنگ کے شواہد ملنے پر کیس کو آگے بڑھایا جائے گا۔

خیبر پختونخوا: نگران وزیرِاعلیٰ کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی ملاقاتیں جاری

صوبہ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات سے قبل نگران وزیرِاعلی کے تقرر کے سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک وزیرِاعلی پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر لطف الرحمن کے درمیان نگران وزیرِاعلی کے تقرر کے لئے دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

نگران وزیرِاعلی کے ناموں پر مشاورت کے بعد پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان تیسری ملاقات بھی متوقع ہے اور امکان ہے کہ کسی ایک نام پر متفق ہونے کے کوشش کی جائے گی تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں چوتھی ملاقات بھی کی جائے گی جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس کا اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

نگران وزیرِاعلی کے لئے جسٹس دوست محمد خان، صاحبزادہ سعید احمد، سابق چیف سیکرٹری عبداللہ، سابق آئی جی عباس خان، رستم شاہ مہمند اور شکیل درانی کے نام زیرِ گردش ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کی مدت 28 مئی کو پوری ہو رہی ہے۔

نواز شریف عوام کی خدمت کیلئے واپس آئیں گے: مریم نواز

مریم نواز کا چشتیاں میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ن لیگ کی خدمت کے گواہ ہیں، صرف دو ماہ رہ گئے، میاں کے رنگ دوبارہ سجنے والے ہیں، نواز شریف واپس اقتدار میں آ کر عوام کی خدمت کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا کیا۔ شہباز شریف جیسا وزیرِاعلیٰ پنجاب کو نہیں مل سکتا، انہوں نے دن رات ایک کر کے صوبے کے عوام کی خدمت کی، مخالفین اب یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ یہ پہلا رمضان المبارک ہے جب عوام کو لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔

سابق وزیرِاعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ دھرنے میں مصروف رہنے والے اب پلان دے رہے ہیں۔ پانچ سال میں نواز شریف نے دہشت گردی ختم کر دی اور وہ 100 دن کا پلان لے کر بیٹھے ہیں۔

نگران وزیراعظم، پیپلزپارٹی نے ذکا اشرف، جلیل عباس کے نام فائنل کرلیے

سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام فائنل کر لئے ہیں۔ جس کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے دونوں نام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو فراہم کر دیئے ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری نے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کو الگ الگ ٹیلی فون کیے، ان کا کہنا تھا کہ محنت اور ایمانداری کی بنیاد پر آپ کے نام تجویز کیا ہے، بنکنگ، معیشت اور انتظامی امورپر آپ کا کردار قابل تحسین ہے، امید ہے آپ کی زیرنگرانی انتخابات ہوئے تو کسی کو شکایت نہیں ہو گی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے انتقال سے متعلق خبریں پھر گردش کرنے لگیں

مقامی میڈیا کے مطابق، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن عافیہ صدیقی کے انتقال کی خبر کے حوالے سے پاکستانی حکومت، وزرارت خارجہ اور امریکہ کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم قیدیوں کی آن لائن فہرست میں عافیہ صدیقی کا نام موجود ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:کیا ڈاکٹر عافیہ صدیقی انتقال کر گئیں؟

یاد رہے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے انتقال کی خبریں دو سال قبل (29 مارچ 2016) بھی گردش کر چکی ہیں۔ جس کے بعد ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے افواہوں کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ان خبروں کی تصدیق یا تردید کرنے کرنے کی اپیل کی تھی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سرگرم تنظیم عافیہ موومنٹ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا امریکی قید میں موجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے متعلق افواہیں اذیت ناک ہیں۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان افواہوں کی تصدیق یا تردید کے حوالے سے اپنا موقف سامنے رکھے تاکہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے کام کرنے والوں کو صورتحال کی درستگی کا علم ہو سکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:کوئی عافیہ صدیقی سے بات ہی کرا دے

ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان سے تعلق رکھنے والی سائنسدان ہے جسے امریکی حکومت نے 2003ء میں اغوا کر کے غیر قانونی طور پر قید میں رکھا ہوا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی (پیدائش مارچ 2 1972) کراچی میں پیدا ہوئیں۔ 8 سال کی عمر تک زیمبیا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی میں ابتدائی اور ثانوی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد بوسٹن ٹیکساس میں جامعہ ٹیکساس میں کچھ عرصہ رہیں پھر وہاں سے میساچوسٹس ادارہ طرزیات (MIT) چلی آئیں اور اس ادارہ سے وراثیات میں علمائی (PhD) کی سند حاصل کی۔

لارڈز میں ڈیبیو؛ فخر زمان نے سہانا خواب آنکھوں میں سجالیا

فخر زمان نے لیسٹر شائر کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز 98 بالز کے ساتھ 71 رنز بناکر ریڈ بال کے ساتھ اپنی مہارت کا ثبوت پیش کیا، اس دوران انھوں نے 14 چوکے بھی جڑے، اب ان کی نگاہیں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں شیڈول پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو پر مرکوز ہیں تاہم اوپننگ پوزیشن کیلیے ان کا مقابلہ اظہر علی اور امام الحق سے ہوسکتا ہے۔

امام آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں فتح گر اننگز سے اپنا کیس مضبوط کرچکے ہیں جبکہ اظہر علی نے بھی لیسٹر شائر کے خلاف میچ میں 73 رنز بناکر فارم میں واپسی کا اشارہ دیا ہے، ان سب چیزوں کے باوجود فخر زمان کو پوری امید ہے کہ وہ لارڈز میں ٹیسٹ کیریئر کے آغاز کا خواب پورا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ اس بات کا مکمل طور پر انحصار کوچز پر ہے، میں بہت ہی زیادہ پرامید ہوں مگر دیکھنا یہ ہے کہ کوچز کیا فیصلہ کرتے ہیں، اگر مجھے منتخب کیا جاتا ہے تو میں یقینی طور پر بہت زیادہ خوش ہوں گا۔

اوپنر کا کہنا تھا کہ میں نے تقریباً 6 ماہ سے ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی تھی اس لیے لیسٹر شائر کے خلاف اننگز میرے لیے تھوڑی مختلف تھی مگر چونکہ ایک ماہ سے میں ریڈ بال سے پریکٹس کررہا تھا اس لیے مجھے زیادہ پریشانی نہیں ہوئی، شروع میں میں نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی مگر ایک تو میزبان بولرز اچھی بولنگ کررہے تھے اور دوسرا وکٹ پر آزادی سے اسکور کرنے میں مشکل پیش آرہی تھی اس لیے مجھے گیند کا انتظار کرنا پڑرہا تھا۔

مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد مڈل آرڈر میں دستیاب جگہ کے حوالے سے فخر زمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بہترین مڈل آرڈر بیٹسمین موجود ہیں، عثمان صلاح الدین کی بیٹنگ آپ نے دیکھی، سعد علی تھوڑے بدقسمت رہے مگر وہ ریٹائرڈ اسٹارز کی جگہ لے سکتے ہیں، ہمارے لیے بہت سے مواقع موجود ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ جب ہمیں موقع ملے گا تو ہم اسے دونوں ہاتھوں سے تھامنے کی کوشش کریں گے

(ن) لیگ کی رکن اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز تحریک انصاف میں شامل

مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرنادیہ عزیز نے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انتخابات 2018 سے قبل سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اس میں تحریک انصاف مخالفین کی 100 وکٹیں گرا کر سرفہرست ہے ۔ پی ٹی آئی میں دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی شمولیت کا سلسلہ ابھی بند نہیں ہوا بلکہ پی ٹی آئی کی مخالف جماعتوں کے منحرف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی تواتر کے ساتھ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سرگودھا پی پی 34 سے کامیابی حاصل کرنے والی رکن صوبائی اسمبلی نادیہ عزیز نے بھی اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی جس میں انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ۔ نادیہ عزیز نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔

ن لیگ کی رکن اسمبلی نادیہ عزیز تحریک انصاف میں شامل

پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں سے ارکان اسمبلی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک سو سے زائد ارکان جن کا تعلق مختلف جماعتوں سے تھا، تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں۔ سرگودھا پی پی 34 سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی نادیہ عزیز نے بھی ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا ۔ نادیہ عزیز سے بنی گالہ میں پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ملاقات کی اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ نادیہ عزیز نے بعد ازاں لاہور میں پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔

دہشتگردوں کی کمر توڑ دی، مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی: احسن اقبال

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ انکے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس سے انہوں نے اس بات کو زیادہ یقین سے جانا ہے کہ مارنے والے سے بچانے والا زیادہ بڑا ہوتا ہے، لگنے والی گولی ہمیشہ یاد دلاتی رہے گی کہ اللہ سب سے بڑا ہے، گولی نے بازو پاش پاش کردیا لیکن جذبے پر ذرا برابر فرق نہیں آیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈیپریشن پیدا کرنے والے لوگ سقراط اور بقراط بنے ہوئے ہیں، ہرشام وہ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر کہتے ہیں کہ پاکستان کا ستیاناس اور بیڑا غرق ہوگیا، یہ شاید عوام کے نہیں ڈپریشن کی دوائیاں بیچنے والوں کے نمائندے ہیں، اقتصادی ترقی چوکے چھکوں کا میچ نہیں یہ ٹیسٹ میچ کی طرح ہے جس میں اسی کی جیت ہوگی کہ جو زیادہ وقت اور تحمل کے ساتھ کھیلےگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہر وقت بیڑا غرق اور ستیا ناس جیسی کہانیاں سنتے رہے ہیں لیکن پاکستان ایسا ملک نہیں، ہم اپنے تمام چیلنجزپر قابوپا لیں گے، آج ہمیں خطرناک ملک نہیں تیزی سے ترقی حاصل کرنے والا ملک کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں دنیا کہتی تھی کہ ہم پتھرکے دور میں چلے گئے ہیں اور آگ سے روشنی لے رہے ہیں، ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی اور ملک میں 10 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی پیدا کی، ہم اس وقت 3 جی اور 4 جی ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں لیکن پاکستان 5 جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے صف اول کے ممالک میں ہو گا۔