خواجہ سعد رفیق کا عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑنے کا اعلان

وزیرِ ریلویز اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے آئندہ عام انتخابات میں عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے انتخابی حلقے کی چیر پھاڑ کر دی گئی، عمران خان جس حلقے سے انتخاب لڑیں گے، میں مقابلہ کروں گا۔

اخبارات کے ایڈیٹرز کے اعزاز میں افطاری پر دنیا نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک متاثر نہیں ہو گا، نواز شریف کا جمہوری بیانیہ ہی انتخاب میں بکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید مشکلات میں بھی نواز شریف کی ثابت قدمی مخالفین کو پریشان کئے ہوئے ہے۔ شریف قیادت پر کرپشن کے الزمات لوگ سچ ماننے کو تیار نہیں، ہماری اصل طاقت عوام کے اندر پیدا شدہ شعور ہے۔ نواز شریف کی مقبولیت پر ٹارگٹ کرنے والے پریشان ہیں۔

شہباز شریف اور محمود الرشید کی ملاقات، نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر مشاورت

وزیراعلیٰ شہباز شریف کیساتھ پنجاب اسمبلی کے سپیکر رانا محمد اقبال، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اﷲ اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے ساتھ ان کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان بھی موجود تھے۔ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کا کہنا ہے کوشش ہو گی کہ اتفاق رائے سے نگران وزیراعلٰی کا تقرر ہو۔ انہوں نے کہا ہم نے اپنے امیدواروں کیلئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو اعتماد لے لیا ہے۔

فیصل آباد: عابد شیر علی نے سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ دے مارا

مرحوم ایم این اے رجب علی بلوچ کی رہائشگاہ کے باہر سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے عابد شیر علی کو اندر جانے سے روک لیا جس پر وزیر پانی وبجلی میں بجلی بھر گئی اور سیکورٹی اہلکار کو تھپڑ دے مارا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز فیصل آباد میں مرحوم ایم این اے رجب بلوچ کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کیلئے پہنچے تو سخت سیکیورٹی کے باعث گیٹ پر مامور سیکورٹی اہلکاروں نے وزیر پانی وبجلی چودھری عابد شیر علی اور ایم پی اے طاہر جمیل کو گیٹ پر روک لیا جس پر عابد شیر علی نے مشتعل ہو کر سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ دے مارا اور حصار توڑتے ہوئے گھر میں داخل ہو گئے۔

فیصل آباد: عابد شیر علی نے سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ دے مارا

مرحوم ایم این اے رجب علی بلوچ کی رہائشگاہ کے باہر سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے عابد شیر علی کو اندر جانے سے روک لیا جس پر وزیر پانی وبجلی میں بجلی بھر گئی اور سیکورٹی اہلکار کو تھپڑ دے مارا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز فیصل آباد میں مرحوم ایم این اے رجب بلوچ کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کیلئے پہنچے تو سخت سیکیورٹی کے باعث گیٹ پر مامور سیکورٹی اہلکاروں نے وزیر پانی وبجلی چودھری عابد شیر علی اور ایم پی اے طاہر جمیل کو گیٹ پر روک لیا جس پر عابد شیر علی نے مشتعل ہو کر سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ دے مارا اور حصار توڑتے ہوئے گھر میں داخل ہو گئے۔

بھارت کی رواں سال 1300 بار ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی

سیالکوٹ چارواہ سیکٹر کے گاؤں کھنور میں بھارتی گولہ گھر پر گرا اور خاندان کے چار افراد کی جانیں لے گیا۔ بھارتی درندگی سے شدید زخمی دو افراد، ہسپتال میں زندگی کی بازی لڑ رہے ہیں۔

کھنور گاؤں کا ایک خاندان ہی بھارتی گولہ باری کا نشانہ نہیں بنا، ایک اور مکان پر مارٹر گولہ گرنے سے سارا سامان جل گیا۔ گھر کے مکین خوش قسمتی سے محفوظ رہے لیکن خوف کے سائے میں جی رہے ہیں۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز اکثر سحری و افطاری کے اوقات میں فائرنگ کرتی ہیں۔ ہڑپال، چارواہ، شکر گڑھ اور چپراڑ سیکٹرز کے سرحدی دیہات نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

‎رواں سال میں بھارت اب تک 1300 بار ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے جس میں 30 سے زائد افراد شہید ہوئے۔ بھارتی سرحدی دہشت گردی اس بات کا ثبوت ہے کہ اسے انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان ’میکونو‘ نے یمن میں تباہی مچادی

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمدنری طوفان ’’میکونو‘‘ نے یمن کے جزیرے سقطریٰ میں تباہی پھیلادی ہے، جزیرے پر سیلاب کی صورت حال ہے جہاں سے سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا ہے تاہم کھلے سمندر میں موجود 2 کشتیوں پر سوار 19 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ جزیرے کے گورنر رمزی معروف کے مطابق ساحلی علاقے پرواقع کئی دیہات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب حکام تباہی سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں تاہم یہ طوفان آج خلیجی ریاست عُمان سے ٹکرائے گا۔

3 روزقبل محکمہ موسمیات نے عندیا دیا تھا کہ بحیرہ عرب میں آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان کا خطرہ ہے اوریہ طوفان عمان و یمن کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا تاہم  پاکستان کے ساحلی مقامات پر اس طوفان کے کوئی بھی اثرات نمودارنہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ سقطری جزیرہ نما عرب اور ہارن آف افریقا کے درمیان واقع ہے ۔یہ جزیرہ یمن میں گذشتہ تین سال سے جاری جنگ کے دوران میں تشدد سے بچا رہا ہے ۔اس پر یمن کی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ حکومت کا کنٹرول ہے

لاہورسینٹرل جیل میں قید بھارتی شہری کی 36 سال بعد شہریت کی تصدیق

لاہورکی سینٹرل جیل میں قیدبھارتی شہری گجنندشرما کی شہریت کی تصدیق کے لیے متعددبار بھارتی حکام کو خطوط لکھے گئے، ذرائع کے مطابق آخری بار 4 فروری کو گجنندشرما کی شہریت کے تصدیق کے لیے لکھے گئے خط پر موثرکارروائی کی گئی ہے۔

بھارتی حکام کی طرف سے پاکستانی حکام کوبتایا گیا ہے کہ گجنند شرما 1982 میں جے پور میں لاپتہ ہوا تھا، گجنند شرما کی بیوی لاکھنی دیوی اور دو بیٹوں راکیش اورمکیش کوتلاش کرلیا گیا ہے، لاکھنی دیوی اوران کے بیٹوں نے پاکستان کی طرف سے بھیجی گئی گجنند شرما کی تصویردیکھ کراسے پہچان لیا ہے، ان کے مطابق وہ کئی برسوں تک گجنند شرما کی تلاش کرتے رہے اوربالآخر ان کی امید ختم ہوگئی تھی، تاہم گجنند شرما کے زندہ ہونے کی خبرملنے کے بعد ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔

پاکستانی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے جیسے ہی بھارت کی طرف سے گجنند شرما کی شہریت کی باقاعدہ تصدیق کی دستاویزات موصول ہوں گی اس کی رہائی کے بارے میں اقدامات شروع کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ملکوں کی جیلوں میں درجنوں ایسے قیدی موجود ہیں جن کی سزائیں مکمل ہوچکی ہیں مگران کی شہریت کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی ممکن نہیں ہوپارہی ہے۔

نگراں وزیراعظم کیلیے پہلی ترجیح تصدق حسین جیلانی کی نظر آرہی ہے، چوہدری نثار

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا، نگراں وزیراعظم کے لیے پہلی ترجیح تصدق حسین جیلانی کی نظر آرہی ہے۔

صحافی کی جانب سے سوال پر کہ کیا عمران خان آئندہ وزیراعظم بننے میں کامیاب ہوسکتے ہیں، چوہدری نثار نے جواب دیا کہ یہی سوال میرا آپ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوں جب کہ ہر سیاسی جماعت کے الیکٹ ایبل اپنے اپنے ہوتے ہیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں 4 حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔ صحافی کی جانب سے چوہدری نثار سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کے موقف کو پذیرائی مل رہی ہے، چوہدری نثار نے جواب دیا کہ پچانوے فیصد ایم این اے میرے ہم خیال تھے لیکن کوئی موقف کو عملی جامہ پہنانے والا بھی تو ہو۔

بعد ازاں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ ہمارے بہت سے مسائل کی وجہ اسلام کے سنہری اصولوں کو بھلا دینا ہے۔ ہمارے معاشرے میں جائز نا جائز حلا ل و حرام کا فرق ختم ہو چکا ہے، ہمیں ذاتی مفاد نظر آتا ہے جو پاکستان کی گلیوں سے شروع ہو کر اونچے ایوانوں تک جاتا ہے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ آج ہماری حکومت کا بھی جمعۃ الوداع ہے اگلے جمعہ ہماری حکومت نہیں ہو گی۔ آج کے دور میں سیاست کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔

کوہلی کی خراب پرفارمنس ، پرستاروں کا انوشکا کو طلاق پر غور

لاہور ( بادبان نیوز ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو پرستاروں کی جانب سے انوشکا کو طلاق دینے کی تجاویز موصول ہونے لگیں۔ اس کی ایک وجہ بھارتی کرکٹ ٹیم اور رائل چیلنجر بنگلور کی جانب سے انڈین پریمیئرلیگ میں ان کی خراب پرفارمنس ہے۔

 پرستاروں کا کہنا ہے کہ جب سے کوہلی نے انوشکا سے شادی کی ہے ان کی پرفارمنس میں مسلسل زوال آ رہا ہے اور وہ ماضی کی طرح کھل کر پرفارم نہیں کر پا رہے۔ گزشتہ روز بھی کولکتہ نائٹ رائڈز کیخلاف میچ میں ان کی پرفارمنس ایسی تھی کہ جس کی شائقین امید نہیں کر رہے تھے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر مداحوں کی جانب سے ایک پیغام وائرل ہوا جس میں لکھا تھا کہ کسی میچ کیلئے آرام بھی کر لیا کرو انوشکا شرما۔ اسی پیغام میں انوشکا کی ایک بڑھاپے والی تصویر شامل کی گئی تھی اور اس میں لکھا تھا کہ انوشکا تمہیں آئندہ سیزن کا انتظار کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ انوشکا اور کوہلی کی شادی دسمبر 2017 ء میں ہوئی تھی ۔ اس سے پہلے دونوں کو کئی بار ایک ساتھ مختلف مقامات پر دیکھا گیا تھا اور اسی وقت سے دونوں کے افیئر کی خبریں میڈیا میں گردش کر رہی تھیں۔

ویمن کرکٹ ٹیم کل ملائیشیا روانہ ہوگی

لاہور (بادبان نیوز ) ایشیا ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کل ملائیشیا روانہ ہوگی، کپتان بسمہ معروف نئی کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد ٹیم کو مضبوط قرار دے رہی ہیں۔ بھارت سمیت تمام ٹیموں کو ہرانا ٹارگٹ ہے۔

ایشین چیمپئین بننے کے لئے ویمن کرکٹرز کا امتحان آ پہنچا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی ویمن ٹیم کا تین روزہ مختصر کیمپ لگایا گیا ہے۔ اس سے پہلے تمام کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں مصروف تھیں۔

کپتان بسمہ معروف سمجھتی ہیں کہ ٹورنامنٹ سے نئی کھلاڑی ٹیم کو ملی ہیں۔ ہفتے کو ٹیم پاکستان ملائیشیا کے لئے روانہ ہوگی جہاں پانچ روز کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ ایشیا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 3 سے 10 جون تک شیڈول ہے۔ جہاں ویمن ٹیم کے لئے سب سے مضبوط حریف بھارت ہے۔