لارڈز ٹیسٹ میں شاہینوں کی شاندار فتح

 

انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو اس میچ میں کامیابی کے لیے 64 رنز کا ہدف ملا۔ انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 64 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 12 کے مجموعے پر اظہر علی 4 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام، بل دو تہائی اکثریت سے منظور

 

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ قانون امتیاز شاہد قریشی نے فاٹا انصمام آئینی ترمیمی بل 2018ء پیش کیا۔ بل منظور کرنے کے لئے حمایت اور مخالفت کرنے والے ممبران الگ الگ لابی میں گئے۔ رائے شماری میں فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل کی حمایت میں 92 ووٹ اور مخالفت میں 7 ووٹ پڑے۔ بل کو بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے پاٹا میں پانچ سال کے بجائے دس سال ٹیکس میں چھوٹ دینے کی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ ایوان میں خواجہ سراؤں کے تحفظ حقوق کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز نے اپوزیشن لیڈر اور وزیرِاعلی کو ہاتھوں ہاتھ لیا اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا۔ اجلاس میں وزیرِاعلی اور اپوزیشن لیڈر پر الزامات بھی عائد کئے گئے۔

اسمبلی سے اپنے خطاب میں وزیرِاعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فاٹا کے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ کوئی بھی حکومت مالاکنڈ پر ٹیکس لگانے کی ہمت نہیں کر سکتی۔ مالاکنڈ کے لوگوں کو ہمیں سمجھانا ہو گا۔ یقین دہانی کراتا ہوں مالاکنڈ پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔ ایوان میں کئی بار شور شرابہ بھی ہوا تاہم کارروائی معمول کے مطابق چلتی رہی۔ اجلاس کل تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔

فیض آباد دھرنا: وزارتِ دفاع کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور دھرنا قیادت کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے۔ مذاکرات کی ناکامی کی وجہ وزیرِ قانون زاہد حامد کے استعفے پر حکومتی موقف تھا۔

آپریشن میں ناکامی کے بعد دھرنا قائدین انتہائی جذباتی تھے، اس کے باوجود آئی ایس آئی نے انہیں مذاکرات کیلئے راضی کیا اور معاملے کے پرامن حل کیلئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر سے حمایت ملنے کے بعد دھرنا قائدین نے پوری حکومت کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا لیکن آئی ایس آئی کی طرف سے دھرنا قائدین کو اپنے اصل مطالبات تک محدود رہنے پر راضی کیا گیا۔

وزارتِ دفاع نے کہا کہ مظاہرین کیخلاف آپریشن اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس کے درمیان موثر کوآرڈینشن نہ ہونے کے باعث ناکام ہوا۔

 

 

 

صوبوں میں پانی کی تقسیم کے معاملات حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل

 

وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرِ صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 38 واں اجلاس ہوا جس میں وزیرِاعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیرِاعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹری اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو پانی کے ذخائر و دستیابی اور صوبوں میں پانی کی تقسیم پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے صوبوں میں پانی کی تقسیم کے معاملات حل کرنے کے لئے اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ تمام صوبوں سے ایک ایک نمائندہ کمیٹی کا رکن ہو گا۔ کمیٹی اپنی سفارشات آئندہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پیش کرے گی۔

نواز شریف کا عیدالفطر اہلیہ کے ساتھ منانے کا فیصلہ

 

سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف رمضان المبارک کے آخری ہفتہ میں لندن جائیں گے جہاں وہ اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے ساتھ ساتھ عیدالفطر بھی ان کے ساتھ ہی منائیں گے۔ مریم نواز شریف بھی اپنے والد کے ہمراہ لندن جائیں گی۔

نگران وزیرِاعلی کی تقرری، شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کل دوبارہ ملیں گے

 

پنجاب میں نگران وزیرِاعلی کی تقرری کے لئے وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان جمعہ کے روز پہلی ملاقات ہو چکی ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے دو دو نام تجویز کیے تاہم قیادت سے مشاورت کے لئے دونوں فریقین نے ایک دوسرے سے وقت مانگ لیا تھا، اب پیر کو دوبارہ وزیرِاعلی اوراپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہو گی۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید آج پارٹی چیئرمین عمران خان سے حتمی مشاورت کریں گے جبکہ وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف بھی اس ضمن میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کر کے پیر کو ہونے والی ملاقات میں حتمی فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پہلی مشاورت میں کامران رسول، ناصر کھوسہ، جسٹس ریٹائرڈ سائر علی اور طارق سلیم ڈوگر کے نام زیرِ بحث ہیں تاہم یہ نام حتمی نام نہیں، دوسری ملاقات میں قیادت سے حاصل ہونے والی رہنمائی کو سامنے رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ ہو گا۔

تحریک انصاف کا امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ

 

عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی تحریک انصاف سرگرم ہو گئی، تحریک انصاف نے انتخابی امیدوار فوری میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا۔ تحریک انصاف نے ٹکٹوں کے فیصلے کرنے کے لئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس طلب کرلیے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس 31 مئی سے طلب کرلیے گئے جن میں مختلف امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور یہ مرحلہ 6 جون تک مکمل ہوگا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق 41 سو کے قریب امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن سے تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ ہوسکتا ہے۔

تحریک انصاف 31 مئی کو اسلام آباد جبکہ 3 جون کو پنجاب کے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ 4 جون کو فاٹا اور کے پی ،‏5 جون کو سندھ اور 6 جون کو بلوچستان کے امیدواروں کے حتمی نام سامنے آئیں گے۔

گلگت بلتستان پیکیج عوام کی توہین ہے، بلاول بھٹو زرداری

 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے اس پیکیج سے گلگت بلتستان کے سیاسی استحکام پر منفی اثرات ہوں گے۔ اس پیکیج کو گلگت بلتستان کی اسمبلی نے بھی مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے پیکیج کے خلاف گلگت بلتستان اسمبلی میں ہنگامہ اور احتجاج ہوا۔ ایک طرف قومی پارلیمنٹ نے اکتیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے فاٹا کے عوام آئینی حقوق دیا تو دوسری طرف گلگت بلتستان پیکیج کے ذریعے وہاں کے عوام حقوق پر وار کیا گیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اسمبلی پر یہ پابندی کیوں ہے کہ وہاں کیا زیر بحث آ سکتا ہے کیا نہیں؟ ایسا غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

نگران حکومت میں شامل ہونے والوں کی نیب کلئیرنس لازم قرار

اسلام آباد: (بادبان نیوز) نگران وزیر اعظم کون ہو گا؟ وزیرِاعلیٰ اور وزیر کون بن سکے گا؟ نیب بھی فیصلے میں شراکت دار بن گیا۔ تعیناتی سے پہلے ناموں کی نیب کلئیرنس لازم قرار دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا حصہ بننے والوں کے ناموں کی پہلے چھان بین ضروری ہے۔ ان ناموں سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی کہ آیا ان کے خلاف نیب میں کوئی انکوائری یا مقدمہ تو نہیں چل رہا۔ نیب کے مطابق چاروں صوبوں کے نئے چیف سیکریٹریزکی بھی چھان بین ہو گی

عام انتخابات کا بگل بج گیا، صدرِ مملکت نے سمری پر دستخط کر دیئے

اسلام آباد: (بادبان نیوز) ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہو ں گے، صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کردیے۔ دنیا نیوز نے انتخابات کی تاریخ 3 روز پہلے ہی بتا دی تھی۔

ملک بھرمیں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کےانتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے، صدر مملکت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے بھیجی گئی سمری پر تاریخ کی منظوری دے دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے 25، 26 اور 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کی تھیں اور سمری میں صدر مملکت سے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 (1) کے تحت آئندہ عام انتخابات کے لیے ایک تاریخ چننے کا کہا گیا تھا۔ صدر نے قریب ترین تاریخ منتخب کی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی و پنجاب اسمبلی کی پانچ سالہ مدت 31 مئی کو ختم ہورہی ہے جبکہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیاں اپنی مدت 28 مئی کو پوری کریں گی۔ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ان کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر کرانا لازمی ہے۔

قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہوں گے۔

دوسری طرف الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگا لیا ہے، جس کے مطابق انتخابات میں 20 ارب سے زائد لاگت آنے کا امکان ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کو بھی حتمی شکل دے دی ہے، جن کے مطابق آئندہ انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔