29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم: محکمہ موسمیات

اسلام آباد( بادبان نیوز ) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔محکمہ موسمیات نے وزارت مذہبی امور کو شوال کے چاند کی عمر پر تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔ موسمیات کے مطابق سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں،شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کوشب 12:45 پر ہوگی اور سورج غروب ہونے کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ غروب آفتاب کے وقت سے چاند 39 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا اور سائنسی طور پر چاند کی عمر 26 گھنٹے 42 منٹ ہو تو وہ دکھائی دے سکتا ہے۔شوال کا چاند نظر آنے میں مطلع کے صاف ہونے کا بھی اہم کردار ہے۔ پاکستان میں اگر مطلع صاف ہوا اور آسمان پر بادل نہ ہوئے تو شوال کا چاند انسانی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے لیکن اگر 29 رمضان المبارک کو مطلع ابر آلود ہوا تو انسانی آنکھ سے چاند دیکھنا ممکن نہ ہوسکے گا اور اس کیلئے جدید مشینری کی مدد لینا پڑے گی۔پاکستان میں ہر برس رویت ہلال کمیٹی ملک کے ایسے مقامات کا انتخاب کرتی ہے جو نہ صرف بلند و بالا ہوتے ہیں بلکہ وہاں دور دور تک کا نظارہ آسانی سے کیا جا سکتا ہے ۔ کراچی میں ریڈیو پاکستان اور حبیب بینک کی بلند و بالا عمارتیں اس کی واضح مثالیں ہیں جہاں ہر برس عید کا چاند دیکھنے کی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس برس بھی امید کی جا رہی ہے کہ لاہور اور کراچی سمیت پورے ملک کے مختلف مقامات پر عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

بھارتی سیاستدان ششی تھرور اہلیہ قتل کیس میں عدالت طلب

نئی دہلی: (بادبان نیوز) ۔ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی چارج شیٹ میں ششی تھرور کو اپنی اہلیہ کو خودکشی پر مجبور کرنے کے لیے ملزم قرار دیا گیا ہے۔ جس کی روشنی میں عدالت نے ششی تھرور کو عدالت طلب کرلیا ہے۔انڈین میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی عدالت نے بھارتی رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور کو ان کی اہلیہ سنندا پشکر کے قتل کیس میں 7 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔ ششی تھرور کی اہلیہ جنوری 2014 میں ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں کانگریس رہنما ششی تھرور پر آئی پی سی کی دفعہ 498 اےاور 306 عائد کی گئی ہے۔ دفعہ 489 اے کے تحت زیادہ سے زیادہ 3 سال کی قید اور 306 کے تحت زیادہ سے زیادہ 10 سال کی جیل ہوسکتی ہے۔بھارتی سیاست دان ششی تھرور کے وکیل وکاس پھاوا نے عدالت کی جانب سے ششی تھرور کو بطور ملزم طلب کرنے کے فیصلے کو غیر حقیقی اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چارج شیٹ کی کاپی حاصل کرنے کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرادی ہے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کریں گے۔ششی تھرور انڈیا کی حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگرس کے رکن پارلیمان ہیں۔ انھوں نے سنہ 2010 میں دبئی کی ایک کاروباری خاتون سنندنا پشکر سے شادی کی تھی۔ 17 جنوری سنہ 2014 کو دہلی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں سنندنا کی لاش پائی گئی تھی۔سنندنا پشکر کی موت سے قبل یہ دونوں ٹوئٹر پر پیغامات کے باعث تنازع کا شکار ہوئے جس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ ششی تھرور کا ایک پاکستانی صحافی خاتون سے افیئر ہے۔ تاہم بعد ازاں ششی تھرور اور سنندنا نے اصرار کیا کہ وہ ہسنی خوشی رہ رہے ہیں اور یہ ٹویٹس ان کی مرضی سے نہیں کی گئی تھیں۔

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی درندگی عروج پر، مزید 3 نہتے نوجوانوں کو شہید کردیا

سرینگر: (بادبان نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج طاقت کے زعم میں اندھی ہو گئی۔ ایک بار پھر درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں 3 معصوم کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔

بھارتی فوج نے مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان المبارک کا بھی لحاظ نہ رکھا۔ کپواڑہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کپواڑا کے علاقے مچھیل میں سرچ آپریشن کے دوران تین نوجوانوں کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا۔

نگران وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

اسلام آباد: (بادبان نیوز) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

نگران وزیراعظم اور آرمی چیف کے مابین ہونے والی ملاقات میں امن و امان کی صورتحال، بیرونی چیلنجز سمیت پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ آرمی چیف نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کو انتخابی عمل میں فوج کے آئینی کردار کے حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (بادبان نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی ہے۔دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار اپنے چیمبر میں (ن) لیگ کے رہنما نور اعوان کی اپیل پر سماعت کرینگے۔یاد رہے کہ نور اعوان نے بھارت منی لانڈرنگ کے معاملے پر چیئرمین نیب کیخلاف اپیل دائر کی تھی جسے رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف سے متعلق نیب کی جھوٹی خبر سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کے چیئرمین ہوتے نیب غیر جانبداری سے کام نہیں کر سکتا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نور اعوان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب اعلامیہ اور بعد کے واقعات چیئرمین نیب کی نواز شریف سے متعلق منفی سوچ کے عکاس ہیں۔ انہیں عہدے سے ہٹانا ناگزیز ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ سیاستدانوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی میں نیب کو آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔ 21 ستمبر 2016ء کو سٹیٹ بینک 4 ارب 90 کروڑ ڈالر بھارت بھیجنے سے متعلق خبر کی تردید کر چکا ہے۔ جھوٹی پریس ریلیز جاری کرنے پر نیب نواز شریف سے معافی مانگے۔

سندھ طاس معاہدے کو خارجہ پالیسی کا حصہ بنایا جائے: چیئرمین واپڈا

سینیٹ واٹر کمیٹی اجلاس میں چیئرمین واپڈا نے بریفنگ دیتے ہوئے ملک میں پانی چوری کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیدیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو خارجہ پالیسی کا حصہ بنانے اور پانی کی قیمت کا تعین کرنے کی تجویز بھی دی۔

 

چیئرمین واپڈا نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کے پاس پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 30 دن کی ہے جبکہ بھارت 170 دن تک پانی ذخیرہ کر سکتا ہے۔ ملک میں شوگر ملز اور ٹیوب ویلز کے باعث زیرِ زمین پانی کم ہو رہا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں اتقاق رائے پیدا کریں تو کالا باغ ڈیم بن سکتا ہے۔ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا کہ پاکستان کو سندھ طاس معاہدے پر جارحانہ پالیسی اپنانا ہو گی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر گیارہ ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جبکہ منصوبے کیلئے واپڈا 80 ارب روپے ادا کر چکا ہے۔

 

نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار اور قمر شیخ کی بی کلاس پر فیصلہ محفوظ

8 سال سے زائد ایس ایس پی ملیر رہنے والے با اثر سابق افسر ہائی پروفائل کیس کی سماعت کیلئے جب بھی عدالت آتے ہیں، ٹھاٹھ باٹھ ہی کچھ الگ ہوتی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران مخالف وکیل نے معاملہ اٹھایا تو عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دیگر مقدمات میں بھی سیاسی رہنما ہتھکڑیوں کے بغیر پیش ہوتے رہے ہیں، وسیم اختر، رؤف صدیقی، ڈاکٹر عاصم بھی بغیر ہتھکڑیوں کے پیش ہوتے رہے۔

 

سماعت سے پہلے راؤ انوار بکتر بند گاڑی سے اترتے ہی کورٹ جانے کے بجائے اپنے وکلا کے پاس چلے گئے۔ کورٹ لانے والے پولیس افسرادھر ادھر آوازیں لگاتے رہے مگر راؤ انوارنے توجہ نہ دی۔ نقیب اللہ قتل کیس میں عدالت نے جیل رولزبک کی عدم موجودگی کے باعث بی کلاس کا فیصلہ موخر کر دیا۔ عدالت نے راؤ انوار کے وکیل کو جیل رولزکی بک پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 9 جون تک ملتوی کردی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر ڈیڈ لاک، معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا فیصلہ

لاہور: (بادبان نیوز) نگران وزیر اعلی پنجاب کے تقرر پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں ڈیڈ لاک برقرار، پارلیمانی کمیٹی بھی نگران وزیر اعلی کے تقرر کرنے میں ناکام رہی۔ پارلیمانی کمیٹی نے نگران وزیر اعلی کا معاملہ الیکشن کمیشن کو ریفر کر دیا۔پارلیمانی کمیٹی نے پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ پروفیسر حسن عسکری، ایاز امیر جبکہ حکومت کے ذکا اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ سائر علی کے نام حتمی فیصلے کے الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔میاں محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایک ایک نام دینے کا مشورہ دیا، مگر حکومت کے غیر لچکدار رویے سے مذاکرات ناکام ہوئے، حکومت سے کہا ایک نام آپ دیں، ایک ہم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے، حکومتی ارکان ایڈمرل (ر) ذکا اللہ کے نام پر بضد تھے، اب الیکشن کمیشن نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ کرے گا۔

ایل این جی کیس: نواز شریف اور خاقان عباسی کیخلاف انکوائری کی منظوری

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی گئی۔ دونوں سابق وزرائے اعظم پر ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دینے کا الزام ہے۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا گیا۔

 

دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف ودیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دیدی گئی ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق ملزمان میں سابق ایم پی اے اور رمضان شوگر ملز چنیوٹ کی انتظامیہ بھی شامل ہے۔

 

نیب نے سابق وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ودیگر کیخلاف تحقیقات کی منظوری دیدی ہے۔ ملزمان پر سندھ کلچرل فیسٹیول 2014ء میں بدعنوانی کا الزام ہے۔ ملزمان نے بدعنوانی سے خزانے کو 12 کروڑ 70 لاکھ کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

 

قومی احتساب بیورو نے سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ ودیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی ہے۔ ملزمان پر عوام سے بڑے پیمانے پر دھوکا دہی اور رقوم منتقلی کا الزام ہے۔

 

اعلامیہ کے مطابق سابق چیئرمین کے پی ٹی احمد حیات ودیگر کیخلاف ریفرنس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ملزمان میں سابق جنرل مینجر کے پی ٹی جمشید زیدی اور نجی کمپنی کے حکام بھی شامل ہیں۔ ملزمان پر کنٹریکٹ میں غیر قانونی توسیع دے کر خزانے کو 21 ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

 

بلوچستان کے سابق وزیر شیخ جعفر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کیخلاف انکوائری کی منظوری دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔

 

سابق وزیرِ جنگلات بلوچستان عبیداللہ ودیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر سرکاری فنڈز میں خوردبرد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

 

اس کے علاوہ سابق سپیکر وڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر غیر قانونی تعیناتیوں کا الزام ہے۔ سابق ایم پی اے کوٹ ادو جواد کامران اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر مظفر گڑھ میں سرکاری اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرانے کا الزام ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی سے ستائے پنجاب کے باسیوں کے لئے خوشی کی خبر ہے کہ محکمہ موسمیات نے پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 15 جون سے 30 جون تک پری مون سون کی بھر پور بارشیں ہوں گی اور ان بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی بھی ہوجائے گی تاہم حبس میں اضافہ ہو جائے گا جب کہ مون سون سیزن میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔