پرویز مشرف 13 جون کو پیش ہوں، گرفتار نہیں کریں گے: سپریم کورٹ

اسلام آباد (بادبان نیوز )سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کاغذات پر سید پرویز مشرف نام لکھا ہے ۔یہ سید پرویز مشرف کون ہیں جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ سید پرویز مشرف سابق آرمی چیف اور سابق صدر پاکستان رہ چکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے 13 جون کو سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پرویز مشرف وطن واپس آ کر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں ، وہ بلاتامل عدالت پیش ہوں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا ، وہ پاکستان آ کر الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ مشرف جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں اور اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں ، ہم ان کی نااہلی بھی ختم کریں گے اور انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

 

سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ

ترجمان تحریک انصاف بلوچستان عابدملک کے مطابق، ظفر اللہ نے شمولیت کا عندیہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر بلوچستان سردار یار محمد رند سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دیا۔

 

دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بلوچستان کو دیوار کے ساتھ نہ لگایا جائے۔ اس ایوان میں جو فیصلے کئے گئے انہیں نبھایا جائے۔ ان کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ جن جن لوگوں نے آئین توڑا سب کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

 

ظفر اللہ جمالی یکم جنوری 1944ء کو بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے گاؤں روجھان جمالی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم روجھان جمالی میں ہی حاصل کی۔ بعد ازاں سینٹ لارنس کالج گھوڑا گلی مری، ایچیسن کالج لاہور اور 1965ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ صوبہ بلوچستان کی طرف سے اب تک پاکستان کے واحد وزیر اعظم رہے ہیں۔

رواں رمضان 30 روزے متوقع، عیدالفطر 16 جون کو ہونے کے زیادہ امکانات

محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالفطر 16 جون کو ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، چاند کی پیدائش 14 اور 15 جون کی درمیانی رات کو ہو گی اور لاہور میں 15جون کو شام کے وقت اِس کی عمرتقریبا 19 گھنٹے ہوگی۔ چاند کو دیکھنے کے لیے اِس کی عمر 22 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ ساحلی پٹی پر 14 جون کی شام کو چاند دکھائی دینے کےمحدود امکانات ہیں

معروف سیاستدان رسول بخش پلیجو انتقال کر گئے

سندھ کے معروف سیاستدان، ادیب اور عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو طویل علالت کے بعد صبح سویرے انتقال کر گئے۔ وہ کچھ روز سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ رسول بخش پلیجو کی میت کو ڈیفنس کے سرد خانے میں رکھا گیا ہے جہاں سے آج شام آبائی گاؤں لے جائی جائے گی۔

 

اہل خانہ کے مطابق ان کی تدفین کل صبح ٹھٹھہ کے نواحی گاؤں منگر خان پلیجو میں ادا کی جائے گی۔ اٹھاسی سال کی عمر میں انتقال کرنے والے رسول بخش پلیجو نے ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں میں حاصل کی اور کراچی کے سندھ مدرستہ السلام میں زیرِ تعلیم رہے۔ انہوں نے سندھ لاء کالج سے قانون کی ڈگری لی۔

 

رسول بخش پلیجو نے 1940ء میں قراردادِ پاکستان پر عمل درآمد تحریک کے رکن کی حیثیت سے سیاسی میدان میں قدم رکھا۔ مارچ 1970ء میں عوامی تحریک نامی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی۔

 

رسول بخش پلیجو نے پی پی کے پہلے دور حکومت اور ضیاء الحق کے زمانے میں مجموعی طور 11 سال جیل کاٹی۔ ذوالفقار علی بھٹو قید ہوئے تو رسول بخش پیلجو نے مخالفت کے باوجود بھٹو بچاؤ تحریک شروع کی۔ انہوں نے چالیس سے زائد کتابیں بھی لکھیں۔ ججز بحالی تحریک، کالا باغ ڈیم اور غیر ملکی تارکین وطن کے حق میں جدوجہد کی۔

پی کے 77: شاہ رخ خان کی کزن نے کاغذات نامزدگی فارم وصول کر لئے

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سنیئر نائب صدر غلام احمد بلور نے حلقہ این اے 31 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ ہارون بلور نے پی کے 78 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

 

عوامی نیشنل پارٹی کے ہی عاقل شاہ پی کے 75 سے الیکشن لڑیں گے، انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ عاقل شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ اچھی بات ہے کہ تمام پارٹیاں انتخابات بروقت چاہتی ہیں۔

 

سابق صوبائی وزیر و رہنما پی ٹی آئی شاہ فرمان نے پی کے 70، 71 اور این اے 29 کے لئے کاغذات نامزدگی فارم وصول کر لئیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ایک عورت کی جس کی کوئی حیثیت نہیں اس سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہو گا، ریحام خان کے الزامات بہتان عظیم ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا تقرر، نون لیگ نے تحفظات کا اظہار کر دیا

اسلام آباد: (بادبان نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے حسن عسکری کا انتخاب بد قسمتی ہے۔سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے حسن عسکری اور ایاز امیر کا نام دیا تھا، دونوں شخصیات کے خیالات اخبارات میں پڑھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا نگران سیٹ اپ نیوٹرل ہونا ضروری ہوتا ہے، پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ پورے الیکشن عمل کو مشکوک بنا دے گا۔ ان کا کہنا تھا حسن عسکری کے ن لیگ کے بارے میں جو خیالات ہیں وہ بیان نہیں کر سکتا، ان کے ٹویٹس بھی ن لیگ کے خلاف ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا حسن عسکری نے کہا کہ گرمی میں الیکشن کرانا مشکل ہوتا ہے، حسن عسکری کو آئین کا نہیں پتا، ثابت ہے کہ حسن عسکری جانبدار ہیں۔ انہوں نے کہا نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے سے پورے الیکشن کو شکوک میں ڈال دیا ہے، اگر الیکشن کمیشن ایسے شخص کے بارے میں فیصلہ کرے تو یہ شفاف نہیں ہوں گے۔

ایل این جی ٹرمینل چارجز کی مد میں گیس صارفین کی جیبوں پر 35 ارب کا ڈاکہ

سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم اور قدرستی وسائل کا اجلاس ہوا، اراکین کمیٹی نے ایل این جی ٹرمینل کی کیپسٹی چارجزکی مد جمع ہونے والی رقوم پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے وزارت پیٹرولیم سے قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے کی مکمل تفصیلات مانگ لیں۔ چیئرمین کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری لیک ہونے پر برہم ہوئے۔

 

اجلاس میں حکام نے بتایا کہ اب تک 161 ایل این جی کارگو درآمد ہوئے جن کی لاگت 3 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ ایل این جی کی قیمت خام تیل کی عالمی قیمت کے 13 اعشاریہ 37 فیصد کے برابر طے ہوئی ہے جس پر دس سال بعد نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ایل این معاہدے کی تفصیلات، بڈنگ میں شامل کمپنیوں کی تعداد اور 2015 میں ایل این جی کی عالمی قیمت کے بارے رپورٹ طلب کر لی۔

 

محسن عزیز نے کہا آئندہ اجلاس میں یہ بھی بتایا جائے کہ صرف قطر کے ساتھ ہی ایل این جی معاہدہ کیوں کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق اوگرا سمری لیک ہونے پر بھی برہمی کا اظہارکیا، سیکرٹری پیٹرولیم سکندر سلطان نے بے بسی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس سربمہر سمری آتی ہے لیکن سمری کھولنے سے پہلے ٹی وی پر خبر مل جاتی ہے۔ محسن عزیز نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو معاملہ نیب اور ایف آئی اے کے حوالے کرکے ذمہ داران کو سزا دیں گے۔

سپریم کورٹ: چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج

سپریم کورٹ نے نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے مبینہ بے بنیاد الزام پر چیئرمین نیب کی برطرفی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی، عدالت نے لیگی رہنما نور اعوان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض برقرار رکھے۔

 

نور اعوان کی جانب سے قومی احتساب بیورو کی جانب سے نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے مبینہ بے بنیاد الزام پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، رجسٹرارآفس نے اعتراض عائد کیا تھا کہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا اور براہ راست سپریم کورٹ آنا بلاجوازہے، درخواست گزار نور اعوان نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل دائر کی جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے چیمبر میں سماعت کی اور رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔

 

یہ خبر بھی پڑھیں:بھارت رقم بھجوانے کے الزام پر نواز شریف نے چیئرمین نیب کو نو ٹس بھیج دیا

 

یاد رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 4 ارب 90 کروڑ ڈالر بھارت منتقل کرنے کے الزام پر چیئرمین نیب کو قانونی نوٹس بھیجوایا گیا جس میں کہا گیا کہ توہین آمیز پریس ریلیز پر چیئرمین نیب 14 روز میں معافی مانگیں اور ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کریں، انگریزی اور اردو کے اخبارات میں باقاعدہ معافی شائع کی جائے ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

بیرسٹر منور دوگل کی وساطت سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ نوازشریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ کے ذریعے رقوم منتقلی کا الزام لگایا گیا جن میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا گیا، ان کا پریس ریلیز میں حوالہ بھی نہیں دیا گیا، ورلڈ بینک نے 8 مئی کو وضاحت کرکے الزامات کی نفی کر دی تھی اور واضح کیا کہ رپورٹ میں کسی شخص کا نام دیا گیا نہ منی لانڈرنگ کا کہا گیا۔

آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی کوئٹہ میں ہنگامی لینڈنگ، پائلٹ محفوظ

آئی ایس پی آر کے مطابق کوہلو سے کوئٹہ آنے والا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈ نگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ ہیلی کاپٹر میں ایف سی کے زخمی جوان کو کو ہلو سے کوئٹہ لایا جا رہا تھا کہ حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار ایف سی اہلکار شہید جبکے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ہنگامی لینڈ نگ کے دوران پائلٹ اور عملہ محفوظ رہا، شہید اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر سی ایچ ایم منتقل کیا گیا۔

 

یاد رہے کہ گوجرانوالہ میں بھی فنی خرابی کے باعث آرمی کا گن شپ ہیلی کا پٹر راہوالی کینٹ کے قر یب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں پا ئیلٹ اور کو پائیلٹ محفو ظ رہے۔ حادثے میں دونوں پائیلٹس معمولی زخمی ہوئے۔

ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف لندن فلیٹ کے اصل مالک ہیں: نیب پراسیکیوٹر

 احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے اپنے دلائل میں کہا نواز شریف لندن فلیٹ کے اصل مالک ہیں، آف شور کمپنی کے ذریعےاصل ملکیت چھپائی گئی، حمد بن جاسم سے حسین نواز کو بیریئر شیئرز کی منتقلی کا کوئی ریکار ڈ نہیں، قطری کا بیان غیر متعلقہ ہے، جے آئی ٹی نے پھر بھی قطری کا بیان ریکارڈ کرنے کی کوشش کی۔

 

جج احتساب عدالت نے دوران سماعت لیگی رہنما کی نواز شریف سے گفتگو کرنے پر جھاڑ پلا دی۔ جج محمد بشیر نے کہا جس نے گفتگو کرنی ہے وہ برآمدے میں جا کر کرے۔

 

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ کے کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق فیصلے پر اپنے حامی وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آج پارلیمنٹ کہاں کھڑی ہے، آج ریاست کے باقی تین پلر کہاں ہیں۔