صاف پانی سکینڈل: چودھری نثار کے مدمقابل ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر گرفتار

لاہور: (بادبان نیوز) این اے 59 سے چودھری نثار کے مقابلے میں ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر قمرالاسلام راجا کو صاف پانی کمپنی سکینڈل میں دھر لیا گیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کمپنی سکینڈل میں بڑی گرفتاریاں کرتے ہوئے سابق سی ای و وسیم اجمل اور انجینئر قمر اسلام راجہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر 84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔واٹر پلانٹس چار تحصیلوں میں لگائے جانے تھے لیکن ملزم انجینئر قمر السلام راجہ نے بدنیتی کے ذریعے بڈنگ کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا۔نیب کے مطابق ملزم کی جانب سے کے ایس بی پمپس نامی کمپنی کو مہنگے داموں ٹھیکہ دیا گیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر 102 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹھیکہ کے ایس بی پمپس کو مہنگے داموں دیا۔ ملزم نے 102 واٹر پلانٹس کا ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظور کروایا۔دوسری جانب ملزم وسیم اجمل پر پراجیکٹ بڈنگ کے بعدغیر قانونی طور پر صاف پانی کمپنی کے کاغذات میں تبدیلیاں کرنیکا الزام ہے۔ ملزم کا یہ اقدام پنجاب کیورنمنٹ رولز 2014ء کی سخت خلاف ورزی ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ سابق سی ای او صاف پانی کمپنی وسیم اجمل نے 8 فلٹریشن پلانٹس غیر قانونی طور پر تحصیل دنیا پور میں لگائے۔ ملزم وسیم اجمل نے کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹ سے ملی بھگت کرتے ہوئے معاہدے کی شقوں میں ردوبدل کیا اور رقم آفس کرایے کی مد میں ادا کی گئی جبکہ اس آفس کا قبضہ ہی حاصل نہ کیا گیا تھا۔نیب کے مطابق ملزم وسیم اجمل کی صاف پانی کمپنی میں بطور سی ای او تعیناتی غیر قانونی تھی۔ ملزم کی تعیناتی مبینہ طور پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے کی گئی۔ دونوں ملزمان کو منگل کے روز احتساب عدالت کے روبرو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے پیش کیا جائیگا۔واضح رہے کہ قمر السلام راجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 سے سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کے مقابلے میں امیدوار ہیں۔

طیبہ تشدد کیس: سابق جج راجہ خرم نے فیصلہ چیلنج کر دیا

اسلام آباد: (بادبان نیوز) طیبہ تشدد کیس میں سزا یافتہ سابق جج راجہ خرم نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔اعظم تارڑ ایڈووکیٹ کے توسط سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں سابق ایڈیشنل جج راجہ خرم نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے کیس میں ایک سال کی قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا بڑھا کر تین سال کر دی، عدالت نے نہیں دیکھا کہ طیبہ کی درخواست پر دستخط تھے نہ ہی انگوٹھا، طیبہ کے اپنے بیان کو بھی نظر انداز کیا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل اور ہائیکورٹ نے طیبہ کی گمشدگی کی ٹائمنگ اور فیصلوں کا بھی درست جائزہ نہیں لیا گیا۔ درخواست کے مطابق کیس میں آرٹیکل دس اے کا حق بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے اور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے انٹرپول کے ذریعے اسحاق ڈار، حسن نواز اور حسین نواز کو وطن واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نیب جلد ہی متعلقہ فورم پر انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کی درخواست دائر کرے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے دونوں صاحبزادے ایون فیلڈز سمیت تین ریفرنسز میں شریک ملزم ہیں۔ ایوان فیلڈز کے حتمی دلائل جاری ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں فیصلہ آ جائے گا۔ ادھر سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کی گاڑی کو حادثہ، کوئی نقصان نہیں ہوا

اسلام آباد: (بادبان نیوز) بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کی گاڑی سڑک کنارے کھڑے موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی، حادثے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کے گھر سے واپسی پر پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کی گاڑی بریک نہ لگنے کے باعث بیرئیر کے قریب کھڑے موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی۔نعیم الحق کا کہنا ہے کہ گاڑی کی بریک نہیں لگ سکی، ان کی گاڑی تین چار موٹر سائیکلوں سے ٹکرائی تاہم وہ متعلقہ افراد کو موٹر سائیکلوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کو تیار ہیں

زینب قتل: مجرم کو سرِعام پھانسی کی سزا، درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور: (بادبان نیوز) زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرِعام پھانسی کی سزا دینے کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس انوارالحق زینب کے والد کی درخواست پر سماعت کرینگے۔ درخواست گزار کی جانب سے انسانی حقوق کے رہنما ایڈووکیٹ اشتیاق چودھری دلائل دیں گے۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ مجرم عمران کی تمام اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں، عدالت مجرم کو سرِعام پھانسی کی سزا دینے کا حکم جاری کرے۔

سپریم کورٹ: ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سےمتعلق درخواست خارج

اسلام آباد: (بادبان نیوز) سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے حوالے سے درخواست خارج کر دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں کہ عدالت امریکا کو ہدایت نہیں دے سکتی، وہی کام کریں گے جو کر سکتے ہوں۔درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ معاملے پر وزارتِ خارجہ کو نوٹس جاری کیا تھا، جواب آ گیا ہے۔ ایشو عافیہ صدیقی کی شہادت کا تھا، ماشااللہ وہ باحیات ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل نے کہا کہ پاکستانی شہری کے بھی بنیادی حقوق ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستانی عدالتیں عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکا میں کردار ادا نہیں کر سکتیں۔ اگر امریکی عدالت ہمارا حکم اٹھا کر پھینک دے تو ہماری عدلیہ کی کیا عزت رہے گی، وہی کام کریں گے جو کر سکتے ہوں۔

پُرامن انتخابات کا انعقاد، آرمی چیف کی وزیرِاعظم کو تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: (بادبان نیوز) نگران وزیرِاعظم ناصرالملک سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات، آرمی چیف نے انتخابات کو پُرامن بنانے کے لئے وزیرِاعظم کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔نگران وزیرِاعظم ناصر الملک اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے وزیرِاعظم کو سرحدوں کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ملاقات میں عام انتخابات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ عام انتخابات کو آزاد، صاف اور شفاف بنانے کے لئے تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ آرمی چیف نے انتخابات کو پُرامن بنانے کے لئے وزیرِاعظم کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

عمران خان کو این اے 131 اور 95 سے الیکشن لڑنے کی اجازت

لاہور: (بادبان نیوز) چیئرمی پی ٹی آئی عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 لاہور اور این اے 95 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، بنوں میں اعتراضات پر کل طلب کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو این اے 131 لاہور اور این اے 95 میانوالی سے کلیئر قرار دیتے ہوئے انھیں دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ایپلٹ ٹربیونل نے این اے 131 سے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ درخواست گزاروں نے کاغذاتِ نامزدگی میں بیٹی، اہلیہ اور دونون بیٹوں کے اثاثوں کا ذکر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔دوسری جانب این اے 95 میانوالی سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف عمران خان کی اپیل منظور کر لی گئی ہے۔ ایپلٹ ٹربیونل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے اعتراضات مسترد کر دئیے۔ادھر این اے 129 سے عبدالعلیم خان کے کاغذات کی منظوری کیخلاف ایاز صادق کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ایپلٹ ٹربیونل نے انھیں بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔

الیکشن 2018ء: پی ٹی آئی نے پانچ جماعتوں سے ہاتھ ملا لیا

اسلام آباد: (بادبان نیوز) عام انتخابات 2018 کے لیے تحریکِ انصاف نے ایک نہیں، اکٹھی پانچ جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ق)، عوامی مسلم لیگ، مجلسِ وحدت مسلمین اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی ہیں۔دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں 15 سے زائد امیدواروں کی جیت کا یقین ہے۔ پی ٹی آئی نے مسلم لیگ(ق) کے ساتھ قومی اسمبلی کے چار حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔ گجرات کے دو، چکوال اور بہاولپور کے ایک، ایک حلقے میں پی ٹی آئی کے ووٹرز مسلم لیگ (ق) کا ساتھ دیں گے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد گجرات میں شہر میں صرف (ق) لیگ کا راج ہو گا۔ادھر پی ٹی آئی کی عوامی مسلم لیگ کے ساتھ راولپنڈی کے دو حلقوں این اے 60 اور 62 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف نے بھکر کے ایک حلقے میں مجلسِ وحدت مسلمین کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے جبکہ سندھ میں 10 سے زائد سیٹوں پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ضیا کے ساتھ اعجاز الحق کی سیٹ پر بھی ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کا پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پلان تھا لیکن طاہر القادری کی جانب سے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا گیا۔

’نیب ہیڈ کوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی‘

لاہور: (بادبان نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب ہیڈ کوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، بد عنوانی کیخلاف نیب کا بلا تفریق جہاد جاری رہیگا۔قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک 90 ارب ڈالر کا مقروض ہے، میگا کرپشن کیسز سے پردہ اٹھانا ملکی مفاد میں ہے، وائٹ کالر کرائم کو ثابت کرنے کے لئے تکنیکی مسائل ہیں، ادارے کی پالیسی ہے کہ فیس کی طرف نہیں، کیس کی طرف توجہ دی جائے۔نیب ہیڈ کواٹرز لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ سالوں میں پہلی مرتبہ نیب نے بد عنوان عناصر سے پوچھا ہے کہ قانون نے آپ کو جو اختیارات دیئے، ان کا میرٹ اور شفافیت سے عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ اور عوام کے ٹیکس سے حاصل شدہ رقوم کو دونوں ہاتھوں سے کیوں لوٹا گیا؟چیئرمین نیب نے واضح کہا کہ قومی ادارہ فیس نہیں، کیس کو دیکھتا ہے، نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، نیب کے سامنے صرف اور صرف پاکستان کے مفادات کا تحفظ اور بدعنوانی کا خاتمہ مقصود ہے۔ بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائیگا، ہم نے نیب میں کام کام اور صرف کام کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ ہم نے 7 ماہ کے مختصر عرصہ میں نہ صرف نیب کی ساخت کو بہتر بنایا بلکہ عوام کا اعتماد بھی ہم پر بڑھا ہے۔