ملک کو ایٹمی قوت بنانے والا لیڈر اڈیالہ جیل میں قید ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے اور ملک کو ایٹمی قوت بنانے والا ہمارا لیڈر اڈیالہ جیل میں قید ہے۔

 

سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا پنڈی گھیپ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ 2013ء میں بجلی جاتی تو تھی لیکن آتی نہیں تھی، ہم نے اپنے دورِ اقتدار کے پانچ سالوں میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سڑکوں کو جال بچھایا اور عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا، لیکن اس کے باوجود میرا اور آپ کا لیڈر اپنی بیٹی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں قید ہے۔

 

انہوں نے عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کیخلاف کیا ثبوت چاہیے؟ وہ سب سے بڑا جھوٹا ہے، جس طرح اس کا دماغ خالی، اس طرح جلسہ خالی ہوتا ہے۔ اپنے صوبے خیبر پختونخوا کو تباہ وبرباد کرنے کے بعد اب وہ پنجاب میں آ کر نعرے لگا رہے ہیں۔

 

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ نواز شریف نے کسانوں کو سستی کھاد اوربجلی دی، ہماری حکومت میں ڈالر 100 روپے کا تھا جس کی قیمت آج بڑھ کر 130 روپے ہو گئی ہے، عوام بتائیں کہ کیا نواز شریف نے جرم کیا یا پاکستان کی خدمت کی؟

 

 

طویل القامت پاکستانی خاتون زینب بی بی انتقال کر گئیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی رہائشی پاکستان کی طویل قامت خاتون اور 2003 میں دنیا کی سب سے لمبی خاتون کا اعزاز رکھنے والی سابق عالمی ریکارڈ یافتہ زینب بی بی 47 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ زینب بی بی گردوں شوگر اور جوڑوں کے عارضے میں مبتلا تھیں اور شدید علالت کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیر علاج تھیں۔

 

حکومت کی جانب سے توجہ نہ ملنے کے باعث بیماری کے باوجود زینب بی بی ساری عمر پکوڑے بیچ کر گزارا کرتی رہی، اور علاج کے لئے گزشتہ سال سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 20 لاکھ کا امدادی چیک زینب بی بی کو بھجوایا گیا مگر بیماری میں یہ پیسے کب تک کام دیتے۔

مزید حملوں کا خطرہ، تمام سیاسی قائدین ہٹ لسٹ پر

سیکیورٹی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ دہشتگرد انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کیلئے مزید حملے کر سکتے ہیں، تمام سیاسی قائدین ان کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔

 

عام انتخابات اور دہشتگردی کی لہر پر سینیٹ کمیٹی داخلہ کا اہم اجلاس، شاہد خاقان عباسی اور عمران خان سمیت 65 سیاسی شخصیات کی زندگیوں کو خطرے کا انکشاف، مستونگ اور پشاور دھماکوں کے خود کش حملہ آوروں کا سرغ لگا لیا گیا۔

 

سینیٹ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے عام انتخابات پر ارکان کے سخت سوالات کے جواب دیئے۔

 

سینیٹ کمیٹی کو نمائندہ جی ایچ کیو نے بتایا کہ مسلح افواج کا انتخابات میں براہِ راست کوئی کردار نہیں، صرف امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنے کے لئے کام کر رہے ہیں، فوجی جوانوں کی جانب سے مختلف احکامات جاری کرنے کی خبریں سراسر غلط ہیں۔

 

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا تھا کہ کچھ علاقوں میں انتخابی عملے کو ڈرایا جاتا ہے، سٹاف اور پولنگ سٹیشنز کا تحفظ بڑا چیلنج ہے، فوجی افسران پریذائیڈنگ آفیسرز کے ماتحت کام کریں گے۔

 

نیکٹا کوارڈینیٹر ڈاکٹر سلیمان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور انتخابی امیدواروں سمیت 65 شخصیات کو سیکورٹی تھریٹس ہیں، پولنگ سٹیشنز پر بھی حملے ہو سکتے ہیں۔

 

پولیس حکام نے بتایا کہ مستونگ میں خود کش حملہ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے حافظ نواز نے کیا۔ ہارون بلور پر خود کش حملہ کرنے والے کا تعلق ہنگو سے تھا جبکہ سہولت کاروں کا پتہ لگا رہے ہیں۔

 

 

شناختی کارڈز کا اجرا 24 جولائی تک یقینی بنایا جائے: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادرا کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو شناختی کارڈز کا اجرا 24 جولائی تک یقینی بنایا جائے۔

 

الیکشن کمیشن (ای سی پی) کی جانب سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو دی گئی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ارجنٹ اور نارمل درجوں کے تمام شناختی کارڈز کا اجرا 24 جولائی تک یقینی بنایا جائے اور گمشدہ کارڈز کی فراہمی کی درخواستیں فوری طور پر نمٹائی جائیں۔

 

نادرا حکام کو کہا گیا ہے شناختی کارڈ میں تبدیلی کرانے والوں کے پرانے شناختی کارڈ ضبط نہ کیے جائیں کیونکہ ووٹ ڈالنے کے دن تمام شہریوں کے پاس قومی شناختی کارڈ لازمی ہونا چاہیے۔

غیر جانبدارانہ اور شفاف الیکشن کرانے کیلئے پرعزم ہیں، ناصر الملک

نگران وزیرِاعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے گورنر ہاؤس میں نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی قیادت میں صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔

 

ملاقات میں انتخابات کے انتظامات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت پیشہ ورانہ اور نیوٹر ل انداز میں فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کرکے منصفانہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔

 

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت کی پوری توجہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات پر مرکوز ہے۔ پنجاب کی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر غیر جانبدار ہیں۔

مینڈیٹ میں رہتے ہوئے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں گے، آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انھیں عام انتخابات 2018ء کے موقع پر الیکشن کمیشن سے تعاون سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

 

آرمی چیف لا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج انتخابات میں سازگار ماحول یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، ضابطہ اخلاق اور دیئے گئے مینڈیٹ میں الیکشن کمیشن سے تعاون کریں گے۔

 

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عوام کیلئے آزادانہ طور پر جمہوری حق استعمال کرنے کا سازگار ماحول یقینی بنائے گی۔

مستونگ اور پشاور دھماکے، حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی

مستونگ میں خود کش حملہ ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے حافظ نواز نے کیا جبکہ ہارون بلور پر خود کش حملہ کرنے والے کا تعلق ہنگو سے تھا، سہولت کاروں کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

 

مستونگ اور پشاور دھماکوں کے خود کش حملہ آوروں کا سرغ لگا لیا گیا ہے۔ سانحہ مستونگ کے حملہ آور حفیظ نواز کا تعلق سندھ کے شہر ٹھٹھہ سے تھا، موقع سے حملہ آور کا ہاتھ ملا جس کی مدد سے اس کی شناخت ہوئی۔ دوسری جانب ہارون بلور پر خود کش حملہ کرنے والے کا تعلق ہنگو سے تھا، سہولت کاروں کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

 

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے سانحہ مستونگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے خود کش حملہ آور کی شناخت حفیظ نواز ولد محمد نواز سے ہوئے جس کا تعلق سندھ کے شہر میرپور ساکرو ٹھٹھہ سے تھا۔ حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے اس کے والد سے بھی تصدیق ہو چکی ہے۔

 

اعتزاز گورایہ نے کہا کہ حملہ آور کے سہولت کار کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم فی الحال کوئی سہولت کار گرفتار نہیں کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے خود کش حملہ آور کا ہاتھ ملا جس سے فنگر پرنٹ لیا گیا اور اس کی شناخت ہوئی۔

 

سانحہ کی تحقیقات کے لیے لاہور سے آنیوالی فرانزک لیب کی ٹیم موقع سے شواہد اکٹھے کر کے جا چکی ہے لیکن فرانزک لیب کی رپورٹ تاحال سی ٹی ڈی کو موصول نہیں ہوئی۔

ایم کیو ایم کے سابق رہنما طاہر مشہدی ن لیگ میں شامل

طاہر مشہدی نے یہ اہم اعلان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما کرنل طاہر مشہدی نے کہا کہ وہ لیگی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔

 

طاہر مشہدی نے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سوشل میڈیا ورکرز اور پولنگ ایجنٹس کے کنونشن میں شرکت کی اور اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نواز شریف کی طرح کا بہادر لیڈر چاہیے جنہوں نے ایسی بہادری کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مادر ملت فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ چلتی تھیں اسی طرح مریم نواز اپنے والد کے ساتھ چل رہی ہیں۔

ایم کیو ایم کے سابق رہنما طاہر مشہدی ن لیگ میں شامل

طاہر مشہدی نے یہ اہم اعلان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما کرنل طاہر مشہدی نے کہا کہ وہ لیگی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔

 

طاہر مشہدی نے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سوشل میڈیا ورکرز اور پولنگ ایجنٹس کے کنونشن میں شرکت کی اور اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نواز شریف کی طرح کا بہادر لیڈر چاہیے جنہوں نے ایسی بہادری کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مادر ملت فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ چلتی تھیں اسی طرح مریم نواز اپنے والد کے ساتھ چل رہی ہیں۔

سرکاری دستاویزات میں لفظ فاٹا اور پاٹا کے استعمال پر پابندی

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں شامل کئے گئے قبائلی علاقوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ نگران حکومت کی طرف سے نیا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام سرکاری دستاویزات اور خط وکتابت میں فاٹا اور پاٹا کے لفظ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

 

اعلامیہ کے مطابق سرکاری خط وکتابت میں فاٹا یا پاٹا کا لفظ ااستعمال نہ کیا جائے۔ ان علاقوں کیلئے خیبر پختونخوا میں شامل ہونے والے نئے اضلاع جیسی اصطلاحات استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

اعلامیہ چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور ڈویژنل کمشنرز کو جاری کر دیا گیا ہے۔