بلاول کا ن لیگ اور پی ٹی آئی پر دہشتگردوں سے انتخابی اتحاد کا الزام

 لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی امیدواروں پر کوئی دباؤ برداشت نہیں کروں گا۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ کمزور جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کیلئے واحد چوائس ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی نے دہشت گردوں سے انتخابی اتحاد قائم کر لیا ہے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے گزشتہ رات لاہور میں اپنے انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ میرا مقابلہ ان دائیں بازو کی جماعتوں سے ہے جنہوں نے پنجاب کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں کیونکہ میں اپنے نانا کا انقلابی اور والدہ کی طرح عوامی منشور لایا ہوں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ میں گالم گلوچ کی سیاست کرتا ہوں نہ کروں گا۔ گالم گلوچ اور شو بازی کی سیاست وہ کرتے ہیں جن کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ لاہور پہنچا تو جیالوں کی کثیر تعداد نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ان کی آمد پر بھرپور نعرہ بازی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔

 

جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام دوست منشور لے کر آئی۔ ہم اقتدار میں آ کر کسانوں کو بے نظیر کسان کارڈ جاری کریں گے۔ کسان کارڈ کے ذریعے فصلوں کی انشورنس اور سستی کھادیں ملیں گی۔ اقتدار میں آ کر خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے۔ فوڈ کارڈ کے ذریعے اشیا سستی قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔

عام انتخابات: 25 جولائی کو چاروں صوبوں میں دہشتگردی کا خدشہ

حساس اداروں کی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات کے روز دہشتگردی کے واقعات ہونے کا خدشہ ہے۔

 

رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند جماعتیں، پنجاب میں کالعدم تنظیمیں، سندھ میں ایم کیو ایم لندن، خیبر پختونخوا میں مختلف دہشتگرد تنظیمیں اور فاٹا میں پشتون تحفظ موومنٹ امن وامان کی صورتحال کو خراب کر سکتی ہیں جبکہ دہشتگردی کے واقعات کا بھی خطرہ ہے۔

 

حساس اداروں کی جانب سے مرتب کی گئی اس اہم رپورٹ پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو سیکیورٹی اقدامات بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

شہباز شریف الزام تراشی نہ کریں، چاہیں تو بہت کچھ بتا سکتے ہیں

نگران وزیرِ قانون پنجاب ضیا حیدر رضوی نے ن لیگی صدر کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دعوے کچھ لیکن حقیقت کچھ اور ہے، چاہیں تو بہت کچھ بتا سکتے ہیں، مجبور نہ کیا جائے۔

 

میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیرِ قانون ضیا حیدر رضوی کا کہنا تھا کہ ہم قانون اور الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کام کر رہے ہیں، شہباز شریف الزام تراشی نہ کریں، ہمارے لئے سب جماعتیں برابر ہیں، قانون کے مطابق ہر کسی کو دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ یہ نہیں کہ کسی پر الزام لگائیں، اگر بولا تو کہیں گے کہ غلط کر رہے ہیں۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں سب ٹھیک ہے، سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو بیٹر کلاس کے تحت سہولیات دی جا رہی ہیں۔ قانون سے ہٹ کر کسی کو سہولیات نہیں دی جا سکتیں۔ کسی کو گلہ سڑا، یا خراب کھانہ نہیں دیا جاتا، جھوٹ نہ بولا جائے۔

 

ایاز صادق اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ میں تلخ کلامی

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے تلاشی کے بغیر ایاز صادق کی گاڑی کو جیل کے احاطہ میں داخلے سے روک دیا۔ تندوتیز جملوں کے تبادلہ کے بعد تلاشی دے کر ایاز صادق کو جیل احاطہ میں جانے کی اجازت دی گئی۔

 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس دوران ایاز صادق نے اپنے سٹاف کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا نام بھی نوٹ کرایا۔

سوشل میڈیا پر اہم شخصیات کیخلاف پروپیگنڈہ، تحقیقات شروع

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ فیس بُک سے تعاون اور ڈیٹا کے حصول کا کوئی معاہدہ نہیں، قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی ورکرز کی طرف سے گدھے پر تشدد اور فورٹ عباس میں تین بہنوں کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔

 

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر رحمان ملک کے زیرِ صدارت ہوا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اہم شخصیات کو بدنام کرنے پر شہلا رضا، میر صادق عمرانی، میاں طارق، طلحہ محمود، پیر صدر الدین شاہ اور عائشہ گلالئی سمیت کئی شخصیات نے شکایات درج کرائی ہیں۔

 

انھوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے اپنے اپنے میٹیا سیل ہیں، کچھ سیاسی جماعتوں کے میڈیا سیل بیرونِ ملک بھی آپریٹ ہوتے ہیں، ایک پارٹی کی طرف سے مواد اپ لوڈ کیا جاتا ہے تو دوسری پارٹی اس سے بھی گندہ مواد اپ لوڈ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

 

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ فیس بُک سے تعاون اور ڈیٹا کے حصول کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ عدالتی حکم کی روشنی میں فیس بُک انتظامیہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی امیدوار کی طرف سےانتخابی نشان قبر کی پوسٹ پھیلانے کی انکوائری شروع کر دی ہے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ پولنگ سٹیشنز کو خطرات درپیش ہیں۔ فوج اور پولیس کو کہا ہے کہ وہ سیکیورٹی کو بہتر بنائے۔

 

اجلاس میں گدھے پر تشدد کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور چولستان میں تین بچیوں کی موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹس کمیٹی میں پیش گئی۔ سینیٹر رحمان ملک نے سوال اٹھایا کہ ہفتے کے اندر پولیس نے بچیوں کے والدین کو 25 لاکھ روپے کیسے اور کہاں سے ادا کیے؟

الیکشن 2018ء: زائد المعیاد شناختی کارڈز کے حامل شہری ووٹ ڈال سکیں گے

چیئرمین نادرا عثمان مبین کے زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 جولائی تک موصول تمام درخواستوں پر شناختی کارڈز کی پرنٹنگ چوبیس گھنٹے جاری رہے گی اور تمام نادرا سینٹرز پورا ہفتہ رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

 

نادرا نے متعلقہ کوریئر کمپنی کو بھی ہفتہ اور اتوار کو ملک بھر میں شناختی کارڈز کی ترسیل یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ 25 جولائی الیکشن کے دن بھی تمام نادرا دفاتر دن 2 بجے تک کھلے رہیں گے۔

 

نادرا حکام کا کہنا ہے کہ ووٹرز ایسے شناختی کارڈز پر بھی ووٹ ڈال سکیں گے جن کے مدت ختم ہو چکی ہے اور شناختی کارڈز ضبط نہیں کیے جائیں گے۔

انتخابات 2018ء: بلوچستان کے 6 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند

بلوچستان کے ضلع پشین، قلعہ عبداللہ اور مستونگ آروان، کیچ اور قلات میں آج سے 31 جولائی تک موبائل انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔

 

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے ان 6 اضلاع میں الیکشن کمیشن کی ووٹر تصدیقی سروس، رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم اور رزلٹ مینجمنٹ سسٹم بھی متاثر ہو گا۔

ایک سال میں زرعی پیداوار اپنے ہدف سے زائد رہی

ایشیائی ممالک کی جائزہ رپورٹ میں پاکستان میں زرعی پیداوار میں اضافہ کی تعریف کی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے زرعی ترقی کا ہدف 3 اعشاریہ 5 فیصد باآسانی حاصل کیا جس کی سب سے بڑی وجہ اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہے۔

 

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ زرعی شعبے نے معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دو برس میں حکومت نے کسان دوست بجٹ پیش کیا۔

 

کھاد اور ٹریکٹرز پر سبسڈی اور سستے قرضے دیے یہی وجہ ہے کہ زرعی شعبے میں ترقی ریکارڈ کی گئی۔

چمن بڑی تباہی سے بچ گیا، مال روڈ پر دھماکا، 4 افراد زخمی

چمن شہر کے گنجان آباد علاقے مال روڈ پر ایڈینشل ڈپٹی کمشنر کی رہائشگاہ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر وہ زیرعلاج ہے۔

 

زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، عینی شاہدین کے مطابق ایک کھڑی موٹرسائیکل میں دھماکہ اس وقت ہوا جب یہاں سے ایف سی کے کمانڈنٹ کی گاڑیاں گزر رہی تھی۔ دھماکے سے ایف سی کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی حکام نے پہنچ کر علاقے کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیا۔

 

مستونگ دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے

 

یاد رہے مستونگ شہر سے 20 کلومیٹر شمال مشرقی علاقہ کوئٹہ تفتان شاہراہ کے قریب درینگڑھ کے مقام پر بلوچستان عوامی پارٹی کے جلسے میں دھماکے میں پی بی 35 مستونگ کی نشست سے نامزد امیدوار نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی سمیت 131 افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

چوتھا ون ڈے، فخر زمان نے ون ڈے کی پہلی ڈبل سنچری بنا ڈالی

ٹاس جیتنے کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ سیریز میں کلین سویپ کر کے پاکستانی قوم کو تحفہ دینا چاہتے ہیں اور ان کی تمام ٹیم آج کے میچ میں بھی کامیابی کیلئے پرامید ہے۔

 

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر امام نے ایک بار پھر اننگز کا آغاز کیا اور پراعتماد انداز میں رنز بنانا شروع کئے،زمبابوے کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے سکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور تیسرے میچ کی فاتح ٹیم کو ہی اس میچ میں شامل کیا گیا ہے۔

 

پاکستان نے سیریز کے پہلے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے اور کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ تمام میچز جیت کر کامیابی اپنے نام کرنا چاہتے ہیں اور سیریز میں کلین سویپ کر کے اپنی ٹیم کی رینکنگ کو مزید بہتر بنانا ان کا خواب ہے۔

 

دوسری جانب پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 100 رنز مکمل کرلئے اور اس کا  کوئی کھلاڑی آئوٹ نہیں ہوا ۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے شاندار سنچریز سکور کر لی ہیں۔

 

دونوں اوپنرز نے وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیلے اور زمبابوے کے نسبتاً کمزور بائولنگ اٹیک کا بھرپور فائدہ اٹھایا ،میزبان ٹیم کے بائولرز پاکستانی افتتاحی بلے بازوں کو روکنے میں مکمل طور پر بے بس نظر آئے اور کوئی بھی بائولر وکٹ اور موسم سے مدد حاصل نہیں کرسکا۔

 

پاکستان کی پہلی وکٹ 304 رنز پر گری جب امام الحق 113 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ ویلنگٹن ماساکاڈزا نے حاصل کی۔امام الحق کی اننگز میں 8 چوکے بھی شامل تھے۔