بھارت: گائے سمگلنگ کے الزام میں ایک اور مسلمان شہید

 

 

بھارت میں جنونی ہندوؤں نے گائے سمگلنگ کے الزام میں ایک اور مسلمان کو قتل کر دیا۔

بھارت میں جنونی ہندوؤں نے گائے سمگلنگ کے الزام میں ایک اور مسلمان قتل کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رام گڑھ کے علاقے الور میں گزشتہ شب دو نوجوان اکبر اور اسلم گائے لے جا رہے تھے کہ ہندوؤں کے ہجوم نے نوجوانوں کو گھیر کر گائے کی ملکیت کی بارے میں پوچھا۔ بعد ازاں جنونی ہجوم نے دونوں نوجوانوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نوجوان اکبر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اسلم مشتعل ہجوم سے جان بچا کر فرار ہو گیا۔

پولیس نے قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ راجستھان وسندھرا راج نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

بھارتی بیڈمنٹن کلب کے لاکر سے 500 کروڑ برآمد

 

بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ایک بیڈمنٹن کلب کے لاکر سے پانچ سو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد، ہیرے، سونے کے زیورات، کیش برآمد، انکم ٹیکس والوں نے قبضے میں لے لیے۔

بورنگ انسٹیٹوٹ کلب انتظامیہ کے مطابق بہت دیر سے بندلاکروں کو کھولا گیا، لاکر نمبر انہتر، اکہتر اور اٹھہتر جو تعمیرات کے کاروبار سے منسلک اویناش کی ملکیت ہیں، سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے۔ ان میں پانچ سو کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کی دستاویزات، سات کروڑ اسی لاکھ روپے کی ہیرے، تین کروڑ نوے لاکھ مالیت کی غیرملکی کرنسی، ایک کروڑ اسی لاکھ روپے کیش اور بیس لاکھ روپے کے سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے

ایک جج کے بیانات افسوسناک، قانونی کارروائی کریں گے: چیف جسٹس

 

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اسلام آباد کے ایک جج کا بیان پڑھا، بہت افسوس ہوا۔ اس طرح کے بیانات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جائزہ لیں گے کیا قانونی کارروائی ہو سکتی ہے، قانونی کارروائی کریں گے اور حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ ججوں پر کوئی دباؤ نہیں۔ انھوں نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب چیف جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں ٹریٹمنٹ پلانٹ ٹی پی تھری کا افتتاح‌کر دیا. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان میں ہر پیدا ہونے والا بچہ ایک لاکھ 70 ہزار کا مقروض ہے، گلگت بلتستان کےعوام نے دیامر بھاشا ڈیم بنانے کی پذیرائی کی، پانی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ آئندہ نسلوں کوبہترپاکستان دے کرجانا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں گلگت بلتستان میں بہت وسائل دیئے ہیں، وہاں پانی کے چشمے بہہ رہے ہیں، کیاہم نےان وسائل کی قدرکی۔ چیف جسٹس پاکستان نے سابق جسٹس امیر ہانی مسلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نےسپریم کورٹ کومایوس نہیں کیا۔

این اے 60 میں الیکشن ملتوی، شیخ رشید کا عدالت جانے کا اعلان

 

 

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امیداور کی موت کے سوا الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا، سازش کر کے انتخاب روکا جا رہا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 میں انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کیخلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ اس سے بڑی دھاندلی کوئی نہیں ہو سکتی، کوئی طاقت آئین وقانون کے تحت الیکشن نہیں روک سکتی، مجھے اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ قانون حقیقت کا راستہ اختیار کرے گا۔ ایک حلقے کے انتخاب کوسازش کے تحت روکا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹینٹ کا خرچہ بھی دیدیا اور پولنگ ایجنٹ بھی ڈکلیئر کر چکے ہیں، میں چیف جسٹس صاحب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ازخود نوٹس لیں، حنیف عباسی نے جو بویا وہی کاٹا، جمہوریت کے لیے جیل نہیں گیا۔

الیکشن کمیشن کا کل 12 بارہ بجے انتخابی مہم بند کرنے کا حکم

 

 

الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ سیاسی جماعتیں اور امیدوار 23 جولائی کی رات بارہ بجے کے بعد اپنی کارنر میٹنگز اور جلسے جلوس نہیں کر سکیں گے۔

سیاسی جماعتیں اور امیدوار کل رات کے بعد اشتہارات نشر نہیں کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو سزائیں اور جرمانے کی سزا سنائی جائے گی۔

کراچی: سیاسی گرما گرمی عروج پر، مختلف علاقوں میں تصادم، 8 زخمی

 

 

الیکشن سے قبل آخری سنڈے سیاسی جماعتوں کے لیے فائٹنگ ڈے بن گیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی مخالفین کی جھڑپیں، بلدیہ ٹاؤن میں تحریک لیبک پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آئے تو نعرہ بازی کے بعد پتھروں کا تبادلہ بھی ہوا۔

دوسرا جھگڑا شاہ فیصل کالونی میں دیکھنے میں آیا جہاں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کا ٹاکرا ہوا، ایک طرف سے پتھروں کی بارش ہوئی تو دوسری جانب سے انتخابی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

اورنگی ٹاؤن طوری بنگشن چوکی کے قریب پاکستان تحریکِ انصاف اور پی پی پی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی تو نہ ہوئی لیکن تو تو میں میں خوب ہوئی۔
شہر بھر میں ہونے والی سیاسی لڑائیوں میں مجوعی طور پر 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے 4 کارکنان کو گرفتار بھی کیا۔

ادھر پشاور کے نواحی علاقے خزانہ میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے مابین ہاتھا پائی اور فائرنگ ہوئی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا۔

پشاور کے نواحی علاقے خزانہ میں بینرز اور جھنڈے لگانے کے تنازع میں اے این پی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مابین ہاتھا پائی ہوئی، بات آگے بڑھی تو دونوں فریقین کے مابین فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ایس پی شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے فوری طور پر حالات پر قابو پا لیا اور فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے خزانہ اور گردونواح میں دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی شروع کر دیئے ہیں۔

اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت، عمران خان کا جامع تحقیقات کا مطالبہ

 

 

 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکرام اللہ گنڈا پور کی تحریکِ انصاف سے گہری وابستگی تھی۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن بلا تمیز و تفریق انتشار کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، لیکن وہ ہمارے عزم میں شگاف ڈال سکتا ہے نہ ہی تقسیم میں کامیاب ہو گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے اور الیکشن کمیشن انتخابات کے پرامن انعقاد اور امیدواروں کی سیکیورٹی کو ترجیح دے۔

بغاوت بہادر کرتے ہیں، چودھری نثار بھگوڑے ہیں: پرویز رشید

 

 

راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں سینیٹر پرویز رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت بہادر کرتے ہیں، چودھری نثار بھگوڑے ہیں، جو دم دبا کر بھاگ جاتا ہے، نواز شریف پر گرم ہوا چلی تو چودھری نثار انگلی چھڑا کر بھاگ گئے۔

پرویزرشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، سپریم کورٹ نے 300 ارب کے الزم میں سزا نہیں دی بلکہ اقامہ پر دی، احتساب عدالت نے 300 ارب کا الزام ٹھکرا دیا۔ عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں بلایا لیکن وہ نہیں گئے، نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر، حنیف عباسی اور قمرالسلام کو یہ چھوٹ کیوں نہیں ملی؟

ان کا کہنا تھا کہ 4 دن پہلے حنیف عباسی کا فیصلہ سنا کر چودھری نثار اور شیخ رشید کیلئے راستے ہموار کئے گئے، یہ راستے صاف نہیں کر رہے راستے میں کانٹے بچھا رہے ہیں، پاکستانی قوم ان تجربوں میں نقصان اٹھا چکی ہے، آج 71ء والا کھیل نا کھیلا جائے، ابھی بھی وقت ہے اڈیالہ کا دروازہ کھول دو۔

ہنگامہ آرائی، حنیف عباسی کے بیٹے سمیت 60 سے زائد لیگی کارکنوں کیخلاف مقدمہ

 

تھانہ سول لائن میں درج مقدمہ نمبر 515 میں حنیف عباسی کے بیٹے کے علاوہ سابق ایم پی اے ضیا اللہ شاہ، راجہ عثمان، فیضان شاہ، شوکت عباسی، عابد عباسی اور پچاس نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کارِ سرکار میں مداخلت، عدالت میں تھوڑ پھوڑ اور نعرہ بازی کی دفعات شامل ہیں۔

ایفی ڈرین کیس کا تحریری فیصلہ جاری، حنیف عباسی اڈیالہ جیل منتقل

 

 

انسداد منشیات عدالت کے جج سردار اکرم خان کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنانے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ حنیف عباسی پر 502 کلو گرام ایفی ڈرین منشیات سمگلروں کو فروخت کرنے کا الزام تھا۔ دوران تفتیش حنیف عباسی 363 کلو ایفی ڈرین کے قانونی استعمال کا ثبوت دے سکے تھے تاہم 137 کلو گرام ایفی ڈرین کے ادویات میں استعمال کا ثبوت فراہم نہیں کر سکے جس پر انھیں سزا سنا دی گی۔ انسداد منشیات عدالت نے دیگر 7 ملزمان کو بری کر دیا۔