خیبر پختونخوا کی سیاسی تاریخ میں تبدیلی، عوام کی توقعات میں اضافہ

 

 

 

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف ایک بار پھر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، گزشتہ دور حکومت میں پی ٹی آئی نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کی، اس بار عوام کی توقعات میں اضافہ ہوگیا۔

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی سیاسی تاریخ کی واحد جماعت ہے جسے دوسری مرتبہ حکومت بنانے کا موقع ملا ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، کپتان کی حکومت کی نئے پاکستان میں ترجیحات کیا ہونگی، اس حوالے سے عوام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پچھلے دور میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کی کوشش تو کی گئی تاہم نئے ہسپتالوں کے قیام کی طرف توجہ نہیں دی گئی، اس بار نئے ہسپتال بنائے جائیں۔ صوبائی دارالحکومت کے عوام اس بار وزارت اعلیٰ کا عہدہ بھی پشاور کو دیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عوامی ترجیحات میں بی آر ٹی کی تکمیل سمیت دیگر میگا پراجیکٹس کا آغاز بھی شامل ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے پہلی بار کسی سیاسی جماعت کو دوسرا موقع دیا ہے، بلاشبہ کپتان کے کھلاڑیوں کے لیے یہ موقع کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

پریانکا چوپڑا پیا گھر سدھارنے کو تیار

 

 

 

بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا جلد شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں، وہ اداکارہ امریکی اداکار رنک جونز کی دلہن بنیں گی۔

بالی ووڈ کی دیسی گرل پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار و اداکار نک جونز کی قربت کے چرچے گذشتہ کئی ماہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں تاہم اب یہ قربت رشتے میں بدل گئی ہے۔

 

بالی وڈ کی ایک او راداکارہ جلد پیا گھر سدھار جائیں گی۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے شادی کی تیاریوں کی وجہ سے فلم”بھارت” میں کام نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بالی وڈ ڈائریکٹر علی عباس ظفر نے ٹوئیٹ کی کہ اداکارہ کی فلم چھوڑنے کی وجہ بہت اسپیشل ہے، ہم پریانکا کے لیے خوش ہیں۔ انہوں نے ٹوئیٹ میں اداکار کےقریبی دوست امریکی اداکار نک جونس کا ذکر بھی کیا۔

35سالہ پریانکا چوپڑا اور امریکی اداکار نک جونز متعدد تقاریب میں ایک ساتھ شرکت کر چکے ہیں۔

لاریب عطاء اللہ نے ‘مشن امپوسبل‘ میں بھی فن کا جادو جگا دیا

 

 

لاریب عطا اللہ پاکستان کے لیجینڈری گلوکار عطا اللہ عیسی خیلوی کی صاحبزادی ہیں۔ لاریب عطاء اللہ کئی ہالی وڈ فلموں میں وژول ایفیکٹس (VFX) آرٹسٹ کے طور پر کام کرچکی ہیں اور اب انہوں نے ’مشن امپوسبل‘ اور ’مشن امپوسبل فال آؤٹ‘ میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا ہے۔

لاریب اب تک ’ایکس مین‘، ’گوڈزیلا‘، ’دی وائج آف دی ڈان ٹریڈرز‘ اور ’پرنس کیسپیئن‘ میں بھی وی ایف ایکس آرٹسٹ کے طور پر اپنی مہارت دکھا چکی ہیں۔ لاریب نے اپنا کیریئر 2006 میں 19 برس کی عمر میں شروع کیا اور تعلیم کے دوران وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اکیلی لڑکی تھیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے لاریب نے بتایا کہ ’جب میں نے اس کورس کا آغاز کیا تو مجھے VFX کی کوئی سمجھ نہیں تھی، مجھے صرف یہ پتہ تھا کہ یہ فلم کے لیے جادو ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب پہلی مرتبہ فلم ’ٹوائے اسٹوری‘ دیکھی تو میں اس سے بہت متاثر ہوئی جس کو دیکھ کر میں نے سوچا یہ کیسے ہوتا ہے؟ مجھے پہلے نہیں پتہ تھا کہ یہ کیسے ہوتا ہوگا لیکن چونکہ یہ فن اور ٹیکنالوجی پر مشتمل تھا جسے میں کرنا چاہتی تھی‘۔ لاریب کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد پاکستانی خواتین کو متاثر کرنا ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی خواتین اور نوجوان آئیں۔

پاکستان کی لاریب عطاء نے بطور VFX آرٹسٹ ہالی وڈ میں اپنے قدم جما کر ملک کا نام روشن کردیا ہے جس پر سب کو فخر ہے۔

پنجاب حکومت پر آج یا کل خوشخبری دیں گے: نعیم الحق کا اعلان

 

 

نعیم الحق کا کہنا ہے پنجاب حکومت پر آج یا کل خوشخبری دیں گے، جمہوری نظام الٹنے کا سوچنے والے سوچ بدلیں، شاہ محمود قریشی اور جہانگیرترین میں کوئی اختلاف نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے کوئی بحران نہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کیلئے نام جلد فائنل ہوجائیں گے، حکومت بنانے کے لیے آزاد منتخب ارکان سے رابطے ہیں۔ انہوں نے کہا کوئی بحران نہیں ہے، عمران خان سب سے مشاورت کر رہے ہیں، چودھری نثار سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، وہ چاہیں تو رابطہ کرلیں۔

نعیم الحق نے مزید کا کہ مولانافضل الرحمان ابھی تک منفی سوچ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مخالفین کو احساس ہونا چاہیئے کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی، مرکزمیں ہماری جماعت سب سے بڑی پارٹی بن چکی ہے۔

الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کے2 حلقوں پر دوبارہ پولنگ کاحکم

 

 

خواتین کے کم ووٹوں پر قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں دوبارہ الیکشن ہوں گے، این اے 10 شانگلہ اور این اے 48 شمالی وزیرستان میں خواتین کے 10 فیصد ووٹوں کی شرط پوری نہیں ہوسکی تھی۔

خواتین کے ووٹ کم کاسٹ ہونے پر الیکشن کمیشن کا سخت ایکشن، قومی اسمبلی کے 2 حلقوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے کاسٹ کیے گئے ووٹوں میں خواتین ووٹرز کا تناسب 10 فیصد لازمی قرار دیا تھا، لیکن این اے 10 اور این اے 48 کے امیدوار اس قانون پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہے۔ انتخابات 2018 کے نتائج کے مطابق این اے 10 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عباداللہ خان 34665 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار سیدالرحمان نے 32665 ووٹ حاصل کیے۔ اس حلقہ میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 49 ہے۔ یہاں صرف 12 ہزار 6 سو 63 خواتین نے حق رائے دہی استعمال کیا، جو 7.81 فیصد بنتا ہے۔

اسی طرح شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 48 میں آزاد امیدوار محسن خان نے کامیابی حاصل کی، حلقے میں خواتین کے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 77 ہزار 5 سو 37 تھی۔ اس میں سے صرف 6 ہزار 3 سو 64 نے ووٹ کاسٹ کیے، جو کل خواتین ووٹ کا 8.2 فیصد بنتا ہے۔ دونوں حلقے خواتین کے 10 فیصد ووٹوں کی شرط پوری نہ کرسکے، اسی لیے ان حلقوں میں اب دوبارہ پولنگ ہوگی۔

ملک بھر میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، نگران وزیر اطلاعات

 

 

نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے الیکشن کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، ووٹرز کا نظم و ضبط لائق تحسین ہے۔ علی ظفر نے انتخابی عمل میں خواتین کی بھرپور شرکت پر بھی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پری پول دھاندلی کا شور مچانے والوں کو ووٹرز نے جواب دے دیا ہے۔ عوام کے فیصلے کے مطابق وفاق اور صوبوں میں حکومتیں بنانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

پی ٹی آئی سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے نمبر ون جماعت بن گئی

 

 

تفصیلات کے مطابق، عام انتخابات 2018 میں رائے دھندگان کے ڈالے گئے ووٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 1 کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار 792 حاصل کئے۔ مسلم لیگ ن کو 1 کروڑ 28 لاکھ 94 ہزار 225 ووٹ پول کئے گئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی 68 لاکھ 94 ہزار 296 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

آزاد امیدواروں نے 60 لاکھ 11 ہزار 337 ووٹ حاصل کئے۔ تحریک لبیک نے قومی سطح پر 21 لاکھ 91 ہزار 679 ووٹ لئے جبکہ متحدہ مجلس عمل نے 25 لاکھ 30 ہزار 452 ووٹ حاصل کئے۔

پنجاب میں تحریک انصاف ووٹوں کے حساب سے پہلے نمبر پر رہی جسے 1 کروڑ 11 لاکھ 638 ووٹ ملے۔ مسلم لیگ ن 1 کروڑ 5 لاکھ 14 ہزار 62 ووٹوں کے ساتھ پنجاب میں دوسرے نمبرپر رہی۔ آزاد امیدواروں نے 61 لاکھ 90 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریک لبیک نے 18 لاکھ 76 ہزار سے زائد اور پیپلزپارٹی نے 17 لاکھ 84 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔

پنجاب اسمبلی کے 4 آزاد ارکان تحریک انصاف میں شامل

 

 

 

پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی سرگرم، آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے 4 ارکان پنجاب اسمبلی کپتان کی کشتی میں سوار ہوگئے۔ پنجاب پر راج کرنے کے لیے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف آمنے سامنے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف تحت لاہور پر بیٹھنے کے لیے سرگرم، آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 4 نو منتخب ارکان نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ کبیروالا سے حسین جہانیاں گردیزی، لیہ سے سید رفاقت حسین شاہ اور بشارت رندھاوا جبکہ ڈی جی خان سے حمید پتافی نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور کپتان کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 129 ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 7 اورپیپلز پارٹی کے 6 ارکان ہیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر 29 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔

چار آزاد امیدواروں کے تحریک انصاف میں شامل ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 127 ہو گئی ہے۔ موجودہ صورت حال میں آزاد امیدواروں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔

نواز خاندان کی سزا کیخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے 2 رکنی بینچ تشکیل

 

 

 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف درخواستوں

پر سماعت کیلئے 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا، جو آئندہ ہفتے سماعت کرے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ سابق وزیراعظم نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ بینچ کی سربراہی جسٹس عامرفاروق کریں گے، جسٹس گل حسن اورنگزیب بھی بینچ میں شامل ہیں۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف تینوں مجرموں نے الگ الگ درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جن میں سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نیب کو جاری نوٹس کی تعمیل کرا لی گئی، قومی احتساب بیورو کی قانونی ٹیم بھی آئندہ ہفتے عدالت پیش ہوگی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت منتقلی کی درخواست پر بھی آئندہ ہفتے سماعت ہوگی۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا

 

 

عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد گورنر سندھ محمد زبیر عہدے سے مستعفی، اپنا استعفیٰ صدر مملکت

کو بھجوا دیا۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفی منظوری کے لیے صدر ممنون حسین کو بھجوا دیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی اور حکومت بننے کے بعد محمد زبیر کا گورنر کے عہدے پر برقرار رہنا ناممکن تھا، اسی لیے انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ محمد زبیر نے 2 فروری 2017 کو سندھ کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔