ملکی سمندری حدود کے دفاع کے لیے مضبوط بحریہ کی ضرورت ہے، پاکستان کے جیو اکنامک مفادات کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا، صدر آصف علی زرداریاسلام آباد۔6ستمبر :صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی سمندری حدود کے دفاع کے لیے مضبوط بحریہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جیو اکنامک مفادات کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کراچی میں پی این ایس بابر اور حنین کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ترکیہ کے ڈپٹی منسٹر آف نیشنل ڈیفنس بلال بردالی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، کنسٹرکشن یارڈز کے اعلیٰ نمائندوں، مسلح افواج کے اعلیٰ حکام اور سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ پی این ایس بابر ایک کثیر المقاصد جہاز ہے جو 23 ستمبر 2023 کو استنبول نیول شپ یارڈ میں بنایا اور شروع کیا گیا۔ پی این ایس حنین ایک آف شور گشت کرنے والا جہاز ہے جو 25 جولائی 2024 کو رومانیہ کے ڈیمین شپ یارڈ میں بنایا اور کمیشن کیا گیا۔ صدر مملکت نے پی این ایس بابر اور حنین کی پاکستان نیوی کے بیڑے میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جہاز پاک بحریہ کی بڑھتی آپریشنل ذمہ داریاں پورا کرنے میں مدد دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پی این ایس بابر اور حنین کی بحری بیڑے میں شمولیت ملکی بحری دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے کی جانب اہم کامیابی ہے، جہاز روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے میں بحریہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافہ کریں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جہاز ترکیہ کے ساتھ ہماری مضبوط دوستی ، رومانیہ میں ڈچ ڈیمین شپ یارڈ پر اعتماد کی علامت ہیں، جہازوں سے پاک بحریہ کی ملکی سمندری حدود کے دفاع کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے میری ٹائم سکیورٹی، علاقائی استحکام ، سمندری راستوں کی حفاظت میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاک بحریہ بحری تجارت کے مسلسل ترسیل کو یقینی بنا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود کا دفاع کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری ، امن، خوشحالی اور استحکام برقرار رکھنے ، مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع اور شہداء ہمیں ہماری مسلح افواج اور شہریوں کے حوصلے، اتحاد اور عزم کی یاد دلاتا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلح افواج اور شہریوں نے بیرونی جارحیت کے خلاف قوم کا دفاع کیا ہے، مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان، ترکیہ اور ڈچ ڈیمین شپ یارڈ کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے پی این ایس بابر اور حنین کے کمانڈنگ آفیسرز اور عملے کو خصوصی مبارکباد دی۔ تقریب سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہازوں کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت اہم سنگ میل ہے۔ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ بحری جہاز پاکستان ، ترکیہ اور رومانیہ کے مابین گہری دوستی اور تعاون کے مظہر ہیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر بحری جہازوں کی سکرولز کمانڈر پاکستان فلیٹ کے سپرد کیں۔