جڑواں شہروںمیں ڈکیتی، سرقہ بالجبر ، سٹریٹ کرائم،نقب زنی اور چوری کی 102وارداتوں میں نقدی ، زیورات ، دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 4 کاریں ،25موٹر سائیکل اور 32 موبائل فون اڑا لئے گئے، 16موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ 16 موبائل فونز جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ،34گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چور لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات ، قیمتی گھریلو سامان لے اڑے ۔تھانہ روات کے علاقے نکریالی میں تحسین خالد کے گھر سے 25لاکھ روپے مالیت کے زیورات ، اسی تھانے کے علاقے فیز 8میںمحمد محفوظ کے گھر سے ساڑے نو لاکھ روپے اور تین لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کر لئے گئے ۔ موہرہ داروغاں میں دو ڈاکو اسلحہ کی نوک پر اویس سے پانچ ہزار روپے چھین کر چلتے بنے اور مزاحمت پر اسے زخمی کر دیا ۔تھانہ کینٹ کے علاقے مری روڈپر کلینک سے حسنات نامی مریض اسلحہ کی نوک پر اڑھائی لاکھ روپے لوٹ کر لئےگئے۔تھانہ ریس کورس کے علاقے علامہ اقبال کالونی میں ضمیر اختر کے گھر سے ساڑے چار لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور ایک لاکھ روپے مالیت کی نقدی چوری کر لی گئی ۔تھانہ سول لائن کے علاقے گلستان کالونی میں محمد زبیر سے دو مسلح موٹر سائیکل سوار ایک لاکھ روپے ،تھانہ ائر پورٹ کے علاقے غریب آباد میں کیش اینڈکیری کے مالک اسد اللہ سے دو لاکھ روپے ،تھانہ ٹیکسلا کے علاقے میں حمزہ اعظم کی ہیئر ڈریسر شاپ سے تین مسلح افراد 57 ہزار روپے اور تین موبائل فون چھین کر چلتے بنے ۔تھانہ مندرہ کے علاقے مویشی منڈی میں ا شتیاق سے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے ہتھیا لئے گئے۔ دیگر وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی، زیورات چرا لئے گئے۔