متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے تمام اداروں میں دہری شہریت کے قانون پر عملدرآمد کا مطالبہ کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کیا دہری شہریت والے شخص کو کسی عدالت کا جج ہونا چاہیے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق آئین میں ایسی پابندی نہیں کہ دہری شہریت والا جج نہ بن سکے، دہری شہریت پر رکن اسمبلی کو گھر بھیج دیا جاتا ہے، تمام اداروں میں دہری شہریت کے قانون پر عمل ہونا چاہیے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تاثر دیا جا رہا ہے عدلیہ اور فوج کے درمیان جنگ چل رہی ہے، کسی چیز نے ہمیں جوڑ رکھا ہے وہ ہماری فوج ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی شہریت کیلئے اس کے آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا جاتا ہے، نواز شریف کو اقامہ رکھنے اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ 50 سال میں سود کے متعلق کئی فیصلے آئے، شریعت عدالت سے سود کے خلاف جائز فیصلہ آیا، سود سے متعلق کیس ایک دن کی مار ہے، جب تک انصاف نہیں ملے گا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔