تازہ تر ین

مری میں نکر قطبال کے قریب سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، جس سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔

مری میں نکر قطبال کے قریب سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، جس سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کے شکار خاندان کا تعلق سندھ سے ہے۔

آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پرتشدد رخ اختیار کرگئی۔

میرپور میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہرین نے مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین اور پولیس میں تصادم ہوگیا۔ جس کے دوران فائرنگ سے اے ایس آئی عدنان قریشی جاں بحق ہوگیا۔

ادھر کوٹلی میں مظاہرین اور پولیس کی جھڑپوں میں متعدد مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

مظاہرین نے متعدد گاڑیاں توڑ دیں جبکہ پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پونچھ کوٹلی شاہراہ پر مظاہرین نے مجسٹریٹ کی گاڑی کو آگ لگادی ہے۔

دوسری طرف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی پولیس اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہرین آمنے سامنے آگئے۔

آزاد کشمیر میں بازار، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں، عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ کل مظفر آباد پہنچے گا، جہاں انتظامیہ نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا۔

صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 مئی 2024 بروز پیر سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔

صدر مملکت نے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق (1) کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 16ویں قومی اسمبلی کا پانچواں اجلاس ہو گا۔پاکستان کو پینالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر جاپان نے پہلی بار سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ جیت لیا۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا گیا میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہا، جس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر جاپانی ٹیم نے 1-4 سے کامیابی سمیٹی۔

فائنل مقابلے کے پہلے کوارٹر میں جاپان نے پاکستان کے خلاف پہلا گول اسکور کیا۔

جاپانی کھلاڑی تاناکا سیرن نے میچ کے 12ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک یہی اسکور رہا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے کوارٹر میں کڑا مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملوں کی کوشش کی لیکن گول کرنے میں ناکام رہے۔

تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے میچ میں پہلا گول کردیا۔ احمد اعجاز نے میچ کے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اسکور 1-1 کیا۔

اس کے تین منٹ بعد ہی 37ویں منٹ میں عبدالرحمان نے فیلڈ گول کے ذریعے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر ٹیم کو 1-2 کی برتر دلادی اور اسی اسکور پر تیسرے کوارٹر کا اختتام ہوا۔

چوتھے کوارٹر کے آغاز میں جاپان نے پاکستانی سبقت ختم کرتے ہوئے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ جاپان کی جانب سے دوسرا گول کازو ماسما نے 47ویں منٹ میں اسکور کیا۔ پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں لیگ میچز میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی۔

قومی ٹیم نے 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی سمیٹی جبکہ دو برابر رہے۔ دوسری جانب جاپان کی ٹیم اتنے ہی میچز میں سے 4 میچز جیتے جبکہ پاکستان کے خلاف اسکا میچ ڈرا ہوا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن پہنچ گئے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی 14 مئی کو پاکستان واپسی ہوگی۔ وہ آئرش کرکٹ بورڈ کے حکام اور آئرش حکومت کے عہدیداران سے ملیں گے۔

محسن نقوی پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ اور کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈبلن میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان آئرلینڈ نے مہمان پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔مقبوضہ مغربی کنارے میں فرائض کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والی صحافی شیریں ابو عاقلہ کی آج دوسری برسی منائی جارہی ہے۔

صحافتی اور انسانی تنظیموں کا کہنا ہے شیریں ابو عاقلہ قتل کی آزادانہ تحقیقات اور احتساب نہ ہونے سے اسرائیلی فوج کو غزہ میں کُھلی چھوٹ ملی اور اسرائیل نے غزہ جنگ کو صحافیوں کے لیے جدید تاریخ کی سب سے ہلاکت خیز جنگ بنا دیا، اسرائیلی فوج غزہ میں سات ماہ کے دوران 142 صحافیوں کو شہید کرچکی ہے۔

امریکہ کی شہریت رکھنے والی الجزیرہ نیٹ ورک کی صحافی شیریں ابو عاقلہ کو 11 مئی 2022 کو جنین میں اسرائیلی چھاپے کی کوریج کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے اسنائپر نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

اسرائیل نے شیریں ابو عاقلہ کے قتل کا فلسطینی مزاحمتی گروپوں کو ذمہ دار ٹھہرایا تاہم عالمی میڈیا کی رپورٹوں کے بعد اسرائیل نے تسلیم کر لیا کہ شیریں ابو عاقلہ کا قتل اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ہوا لیکن اپنے فوجیوں کے خلاف کسی بھی مجرمانہ تحقیقات سے انکار کردیا۔حکومت پاکستان نے ملکی ثقافت اور سیاحت پر فلم بنانے والی ہولی وڈ پروڈیوسرز کی ٹیم کو مکمل معاونت اور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے مطابق پاکستانی ثقافت اور سیاحت پر فلم بنانے کے خواہاں ہولی وڈ پروڈیوسرز کی ٹیم نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس دوران ہولی وڈ پروڈیوسرز کی ٹیم نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ ان کی ٹیم پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور سیاحت پر فلم بنانے کی خواہاں ہیں، جس پر وزیر اطلاعات نے خوشی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے ہولی وڈ پروڈیوسرز کی ٹیم کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

عطا تارڑ نے ملاقات کے دوران ہولی وڈ پروڈیوسرز کو حکومت پاکستان کی جانب سے سینما انڈسٹری کی بحالی اور فلم پروڈکشن کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے فلم سازوں کی ٹیم کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ مالی سال میں ایک ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا تھا جب کہ فلم پروڈکشن کو پانچ سال تک ٹیکس فری قرار دیا تھا۔

عطا تارڑ نے ہولی وڈ پروڈیوسرز کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے فنکاروں کے لیے میڈیکل انشورنس سمیت دیگر پروگرامات شروع کر رکھے ہیں جب کہ ملکی سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لیے عالمی فلم سازوں کو سہولت اور تعاون فراہم کرنے کے اقدامات بھی کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ہولی وڈ فلم سازوں کی جانب سے پاکستانی تاریخ، ثقافت اور سیاحت پر فلم بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملکی سیاحت بڑھے گی۔پنجاب حکومت نے آئندہ برس گندم نہ خریدنے کا فیصلہ کرلیا اور صوبے میں گندم کی خریداری سے متعلق نئی پالیسی بھی تشکیل دی جائے گی۔پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری کے معاملے پر میدان میں آتے ہوئے نئی پالیسی تشکیل دینے کا منصوبہ بنالیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ برس گندم نہ خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی محکمہ خوراک نے کسانوں کی ایک لاکھ 19 ہزار درخواستیں واپس کردیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کسانوں سے گندم خریداری کا معاملہ پرائیویٹ سیکٹر پر چھوڑ دیا جائے گا کیونکہ پنجاب حکومت کے پاس ایک سال کی گندم کا اسٹاک موجود ہے اور ایک اندازے کے مطابق 22 لاکھ 70ہزار ٹن گندم خزانے میں موجود ہے۔

اس سلسلے میں دعویٰ کیا گیا ہے پنجاب کے 95فیصد کسان اپنی گندم مڈل مین کو فروخت کر چکے ہیں اور کسان کا نام لے کر مڈل مین شور مچا رہے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا کہ گندم کی خریداری کا ہدف پورا کریں گے اور واضح کیا کہ باردانہ کی فراہمی کیلئے آن لائن درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب کسان بورڈ پاکستان نے 16مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر کے گھیراؤ کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے طاقت کا استعمال کیا تو حالات کی خرابی کی ذمہ دار وہ خود ہو گی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ سال ملک میں خوراک کی قلت پیدا ہو گی کیونکہ اس سال پیدا ہونے والے بحران کے بعد اگر کسان گندم کاشت ہی نہیں کریں گے تو گندم کہاں سے آئے گئی۔ملک کے ماہرین امراض پیٹ و جگر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی اور سی کے امراض میں مبتلا ہیں اور شناختی کارڈ بنوانے اور تجدید کروانے سے پہلے ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان جی آئی لیور ڈیزیزز سوسائٹی کے زیر اہتمام چھٹی سالانہ دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنے سمیت اسکریننگ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

کانفرنس میں پاکستان جی آئی لیور ڈیزیزز سوسائٹی کی صدر ڈاکٹر لبنیٰ کمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے سے پہلے ہیپاٹائٹس بی اور سی کا ٹیسٹ اور قومی شناختی کارڈ میں اندراج کو لازمی قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیدائش کے 24 گھنٹوں کے اندر بچے کی ہیپاٹائٹس بی کی ویکسینیشن کو برتھ سرٹیفکیٹ کے لیے لازمی قرار دیا جائے کیونکہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی کی پیدائش کے وقت ویکسینیشن کی شرح صرف 3فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت ہیپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلاؤ میں چین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور عالمی ادارہ صحت کے رہنما اصولوں کے مطابق 2030 سے پہلے ہیپاٹائٹس بی اور سی کا خاتمہ ضروری ہے لیکن اس وقت ہمیں اس بات کا علم ہی نہیں کہ پاکستان میں کتنے ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں، جب ہمیں علم ہی نہیں ہوگا تو ہم علاج کے لیے کیا حکمت عملی اپنائیں گے؟۔

ڈاکٹر لبنیٰ کمانی نے ملک میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تشخیص کے لیے تجویز پیش کی کہ جب بچے کی عمر 18 سال ہو تو اس بات پر زور دیا جائے کہ وہ شناختی کارڈ بنوانے سے پہلے ہیپاٹائٹس بی اور سی کا ٹیسٹ ضرور کرائیں اور اس وقت اس کا اندراج ضرور کیا جائے تاکہ ہمیں پتا چلے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کی شرح کتنی ہے، اسی طرح ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین پیدائش کے 24 گھنٹوں کے اندر لازمی قرار دی جائے اور اس کے بغیر برتھ سرٹیفکیٹ کا اجرا ہی نہ کیا جائے کیونکہ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسینیشن سے ہی اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کے لیے پیدائش کے وقت ویکسینیشن کی شرح تین فیصد ہے جو انتہائی کم ہے، بہت سے ممالک اس ویکسین کے بغیر برتھ سرٹیفکیٹ کا اجرا نہیں کرتے اور ہمیں بھی یہی کرنا چاہے۔

بچوں کو ویکسین نہ لگنے کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان جی آئی لیور ڈیزیزز سوسائٹی کی صدر نے کہا کہ ہمارے ہاں ویکسین نہ لگنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ بہت سے بچوں کی پیدائش گھر پر ہوتی ہے اس لیے مائیں بچوں کو ویکسین نہیں لگاتیں، اس کے لیے ہمیں مڈوائفز کو تربیت دینی چاہیے۔

پاکستان جی آئی لیور ڈیزیز سوسائٹی کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر شاہد احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہیپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلاؤ میں پہلے یا پھر دوسرے نمبر پر ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس کی شرح 11 یا 12 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ڈاکٹروں کے بجائے اتائیوں سے علاج، سنیاسی بابوں کے پاس جانا ہے، ہمارے ہاں غیر ضروری انجکشن کا رجحان بھی بہت زیادہ ہے جبکہ غیر محفوظ اوزاروں سے بال کٹوانا، کان چھدوانا اور غیر محفوظ خون کی منتقلی بھی اس کی بڑی وجوہات ہیں۔

انہوں نے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مصر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصر نے اپنی تمام بالغ آبادی کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے 6ہزار ٹیسٹنگ سینٹرز اور آٹھ ہزار موبائل ٹیمز تشکیل دیں اور ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولتیں مفت فراہم کرنے کی بدولت پورے ملک سے ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ ہو گیا۔

ڈاکٹر شاہد احمد نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی ایک قابل علاج مرض ہے جبکہ ہیپاٹائٹس بی کو بھی ادویات کے ذریعے مکمل طور پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر دیگر ماہرین امراض نے کہا کہ پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی اور سی کے امراض میں مبتلا ہیں اور سالانہ لاکھوں لوگ وائرل ہیپاٹائٹس کی پیچیدگیوں بشمول جگر کے کینسر کے نتیجے میں جاں بحق ہو رہے ہیں۔

کانفرنس سے پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ، مشرق بعید، یورپ اور امریکا کے نامور ماہرین امراض پیٹ اور جگر نے خطاب کیا۔حکومت مخالف جماعتوں کے اتحاد کے اہم اجلاس میں آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کرنے کے علاوہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی اور پنجاب کے شہر فیصل آباد میں جلسوں کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کے رویے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور حکومت مخالف 6 جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے صدر محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر شریک ہوئے۔اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے راہنما ساجد ترین اور ثنااللہ بلوچ بھی موجود تھے۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے اسد شیرازی اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، اپوزیشن اتحاد نے آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا اور تحریک کو آگے بڑھانے اور حقیقی آزادی کے حصول کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب

سائنس اور ٹیکنالوجی

ڈیفنس

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved