تازہ تر ین

ملکی مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات اور پارلیمانی اتفاق رائے درکارہے، پولرائزیشن سے ہٹ کر عصر حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

ملکی مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات اور پارلیمانی اتفاق رائے درکارہے، پولرائزیشن سے ہٹ کر عصر حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات اور پارلیمانی اتفاق رائے درکارہے ، اخلاقی اور سیاسی سرمائے کی بدولت ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، آئیے ایک مزید خوشحال پاکستان کیلئے تعاون اور اتفاق رائے کے سیاسی اصولوں کاعملی مظاہرہ کریں، مجھے سیاسی قیادت، اداروں، سول سوسائٹی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، پولرائزیشن سے ہٹ کر عصر حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے،اس ایوان کو پارلیمانی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔ چیئرمین سینٹ سیّد یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر تمام معزز ممبران کو انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،وزیراعظم ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انتخابی کامیابیوں ، ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کرنے ، دوسری بار صدر منتخب کرنے پر اراکین ِپارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کا تہہ دل سے مشکور ہوں، آج پارلیمانی سال کے آغاز پر مستقبل کیلئے وژن کو مختصراً بیان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بطور صدر میرے اہم فیصلوں نے تاریخ رقم کی ، بطور صدر مملکت میں نے پارلیمنٹ کو اپنے اختیارات دینے کا انتخاب کیا،آج ہمارے ملک کو دانشمندی اور پختگی کی ضرورت ہے ،امیدہے کہ اراکین پارلیمنٹ اختیارات کا دانشمندی سے استعمال کریں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ تمام لوگوں اور صوبوں کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک ہونا چاہیے ،میری رائے میں آج ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا وقت ہے،آج کے دن کو ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھیں، اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کرنے ، عوامی ضروریات پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی کی راہیں کھولنا ہوں گی،ہمارے پاس ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان کے ذریعے قوم کی پائیدار اور بلاتعطل ترقی کی بنیاد رکھی جانی چاہیے ، تعمیری اختلاف ، پھلتی پھولتی جمہوریت کے مفید شور کو نفع -نقصان کی سوچ کے ساتھ نہیں الجھانا چاہئے، سوچنا ہوگا کہ اپنے مقاصد، بیانیے اور ایجنڈے میں کس چیز کو ترجیح دے رہے ہیں ، سمجھتا ہوں کہ سیاسی ماحول کی ازسرنو ترتیب کی جا سکتی ہے ، ہم حقیقی طور پر کوشش کریں تو سیاسی درجہ حرارت میں کمی لا سکتے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم سب کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کیلئے سب سے زیادہ اہم چیز کیاہے،مشکلات کو مواقع میں بدلنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،مضبوط قومیں مشکلات کو مواقع میں بدلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم، شہیدذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر جمہوریت ، رواداری اور سماجی انصاف کے علمبردار تھے ،قائدین کے وژن کو اپنا کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے ،قائدین کے وژن کے مطابق باہمی احترام ، سیاسی مفاہمت کی فضا کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانا نا ممکن نہیں ،ملکی مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات ، پارلیمانی اتفاق رائے درکارہے ،بنیادی مسائل کے حل کیلئے کڑی اصلاحات پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ،شہریوں کے سماجی حقوق ، گڈ گورننس کیلئے اصلاحات کو فروغ دینا ہوگا، سیاسی قیادت کو پسماندہ علاقوں کی خاص ضروریات کو ترجیح دینا ہوگی، حکومت نوکریاں پیدا کرنے ، مہنگائی کم کرنے ، ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کیلئے معاشی اصلاحات کرے گی۔ صدرمملکت نے کہا کہ آئینی فریم ورک کے تحت وفاق اور صوبوں کے مابین مثبت تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے ، جامع قومی ترقی ، پالیسیوں پر عمل درآمد کیلئے صوبوں اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے، عوامی فلاح کیلئے وفاقی نظام کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے ۔ صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،غیر ملکی سرمایہ کاری لانا ہمارا بنیادی مقصد ہونا چاہیے، حکومت کاروباری ماحول سازگار بنانے کیلئے جامع اصلاحات کے عمل کو تیز کرے ،مقامی ، غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پیچیدہ قوانین آسان بنانا ہوں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات متنوع بنانے، عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی قدر بڑھانا ہوگی،ہمیں نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، آبی و سمندری حیات، ٹیکسٹائل کے شعبوں میں موجود بے پناہ صلاحیت کو بروئے کار لایا جانا چاہیے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بالخصوص 2022 کے سیلاب سے تباہی کا سامنا کرنا پڑا ،موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے خطرات کم کرنے کیلئے ماحول دوست اور موسمیاتی طور پر پائیدار انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ماحول دوست اور صاف توانائی کو نیشنل انرجی مکس کا بنیادی حصہ بنانے کی ضرورت ہے، ماحول دوست توانائی سے اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے توانائی سستی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کی فراہمی ایک بنیادی حق ہے ، شعبہ تعلیم کی موجودہ صورتحال پر تمام حکومتوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تسلیم کرنا ہوگا کہ پاکستان میں بچوں کی ایک بڑی تعداد اسکولوں سے باہر ہے، ہماری بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر سکول نہ جا پانے والے بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ، تمام صوبائی حکومتیں تعلیمی شعبے میں تبدیلی لانے کیلئے اصلاحات پر توجہ اور توانائی مرکوز کریں،پرائمری اور سیکنڈری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے ساتھ معیار ِ تعلیم بھی یقینی بنانا ہوگا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ شعبہ صحت کی ازسرنو تعمیر ، بڑے پیمانے پر توسیع کی اشد ضرورت ہے، پرائمری اور سیکنڈری صحت کے بنیادی ڈھانچے ، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، تمام شہریوں کی صحت کی معیاری خدمات تک رسائی یقینی بنانا ہوگی ، آمدن کے بحران اور غذائی عدم تحفظ کی کئی وجوہات ہیں ، ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت میں جارہا ہے ،ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے عوام کی آمدن اور اثاثوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے خاندانوں پر دبائو میں اضافہ ہوا، لوگوں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے ، عوام کو زراعت، مویشیوں اور چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں سرمایہ کاری کیلئے وسائل تک رسائی دینا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نچلے طبقات کے تحفظ ، خودمختاری کیلئے کام کرنے والے سیاسی پس منظر سے تعلق ہونے پر فخر ہے ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں ، شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ پاکستان کے معاشی اور سماجی طور پر کمزور طبقات کے حقوق کیلئے کام کیا ، مجھے فخر ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر میں لاکھوں خواتین کی امداد کر رہا ہے،بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی مدد سے خواتین کو مالی امداد ، سماجی تحفظ اور چھوٹے کاروبار کیلئے سرمایہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خوشی ہے کہ غربت کے خاتمے کے پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ چکی ہے ، بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے نیٹ ورک کو مزید پسماندہ خواتین تک پھیلانے کی ضرورت ہے، امید ہے کہ نئی حکومت سماجی اور معاشی تحفظ کیلئے فعال طور پر کام کرے گی ، لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ ، صحت ، ماں اور بچے کی غذائیت ، شرح اموات کم کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا عفریت ایک بار پھر اپنا گھنائونا سر اٹھا رہا ہے ، دہشت گردی سے ہماری قومی سلامتی ، علاقائی امن و خوشحالی کو خطرہ ہے،پاکستان دہشت گردی کو ایک مشترکہ خطرہ سمجھتا ہے ،دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک سے دہشت گرد گروہوں کا سختی سے نوٹس لینے کی توقع رکھتے ہیں، دہشت گرد گروہ ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام کے خلاف حملوں میں ملوث ہیں،دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے قوم کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، میری اہلیہ اور دو بار منتخب وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جان دی، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اتحاد اور تحریک پیدا کرنے میں کبھی بھی پیچھے نہیں رہوں گا، ہمیں اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے ، مسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ، قومی سرحدوں کے دفاع میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہاکہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، ترکی اور قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ ہمارے تجارتی پارٹنر رہے ہیں، امید ہے کہ امریکہ ، یورپی یونین اور برطانیہ کے ساتھ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا ، مختلف شعبوں میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک-چین پائیدار تذویراتی اور سدا بہار دوستی خطے میں استحکام کی بنیاد ہے،ہم علاقائی امن ، روابط اور خوشحالی کے فروغ اور استحکام برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سمیت مشترکہ اہداف کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن عناصر کو اہم منصوبے کو خطرے میں ڈالنے ، دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلق کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، چینی بھائیوں اور بہنوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی طرف دلانا چاہتا ہوں ،آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کشمیری مسلمانوں کو اپنے ہی وطن میں اقلیت میں بدلنے کی بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہے،پاکستان بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتا ہے ، بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 5 اگست 2019 اور اس کے بعد لیے گئے تمام غیر قانونی اقدامات واپس لے ، حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کلید ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل ، اسرائیلی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر نسل کشی پر گہری تشویش ہے، پاکستان قابض اسرائیلی افواج کی کھلے عام بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہماری قوم کو درپیش متعدد چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ سکتے ہیں، اپنے عوام کی استقامت پر میرا یقین غیر متزلزل ہے، جب بھی ہم مشترکہ مقصد کیلئے متحد ہوئے ، ہم نے اپنے وعدوں کو پورا کیا، جانتا ہوں کہ ملک کو پیچیدہ سماجی ، ماحولیاتی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ،ہمارے مسائل پیچیدہ ضرور ہیں مگر ان کا حل ممکن ہے ،یقین ہے کہ اخلاقی اور سیاسی سرمائے کی بدولت ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، آئیے ایک مزید خوشحال پاکستان کیلئے تعاون اور اتفاق رائے کے سیاسی اصولوں کاعملی مظاہرہ کریں، یقین ہے کہ ایک نئے آغاز کے طور پر ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی منزل جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب

سائنس اور ٹیکنالوجی

ڈیفنس

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved