سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹو ریٹ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی وڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرکے عیدالفطر کے موقع پر پیغامات اسلام آباد (9 اپریل 2024) ء چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پر پاکستانیوں کو عید الفطر کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کی عبادات قوم میں تقویٰ، نظم وضبط اور صبرو تحمل کی خوبیوں کو فروغ دیتی ہیں۔تمام اہل اسلام اسی جوش وجذبے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دنیاوی اور آخرت کی زندگی کو کامیاب بنائیں۔ ماہ رمضان مسلمانوں کیلئے اللہ تبارک تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے جس کے فیوض و برکات سے مستفید ہو کر آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔عیدالفطر کادن رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل رحمت الہی اور یوم تشکر ہے۔ اللہ تعالی کی بے پایاں نعمت و رحمت کا تقاضا ہے کہ ہم قادر مطلق کے احکامات کی روشنی میں اپنے روز و شب کو منور کریں کیونکہ یہی صراط مستقیم ہے جس پر چل کر ہم دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اس بات کا خصوصی خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ اپنے عزیز و اقارب، پڑوسیوں اوراردگردبسنے والے ضرورت مند بہن بھائیوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرسکیں۔ یہی ہمارے مذہب کی تعلیمات اور معاشرے کا وصف ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کا عہدکرنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا حل مل کر نکالا جا سکے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عید الفطر امن اور محبت کے ساتھ خوشیاں باٹنے کا درس دیتا ہے اور ہمیں ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر مسلم دنیا کیلئے اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ عید الفطر کی مناسبت سے ہمیں باہمی اختلافات کو بھلا کرملکی ترقی و خوشحالی کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔