*نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات* بیجنگ : 13 مئی 2024 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے بیجنگ میں ملاقات کی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور تنظیم کے بنیادی اصولوں پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار بھی کیا.نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی خطے میں اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اجتماعی ذمہ داری کے تحت آپس میں موثر تعاون کریں اور خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے چیئرمین کے طور پر پاکستان کے اقدامات اور کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر ژانگ نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر حکومت پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایس سی او سیکریٹریٹ کی جانب سے تنظیم کے سربراہان حکومت کی حیثیت سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ ***