وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اپنا اختیار ختم کرنے کا عمل تیز کر دیا۔ وفاقی حکومت قیمتوں میں اضافے پر عوام کی تنقید سے بچنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار تیل کمپنیوں یا پٹرول پمپ مالکان کو منتقل کرنے کی خواہاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے اوگرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ تین دن میں پٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن پر تجزیہ اور اس کے مضمرات پر بریفنگ دی جائے۔ ڈی ریگولیشن کے بعد ملک میں پٹرول و ڈیزل کی یکساں قیمتوں کا خاتمہ ہو جائے گا اور تیل کمپنیاں شہروں اور دیہات کے لیے اپنی الگ قیمتیں مقرر کرنے میں آزاد ہوں گی۔ واضح رہے کہ فرنس آئل اور ہائی آکٹین کی قیمتوں کے تعین کا اختیار پہلے ہی تیل کمپنیوں کے پاس ہے۔