الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکریٹری آصف حسین کا استعفیٰ منظور کر کے عمر حمید کو کمیشن کا نیا سیکریٹری تعینات کردیا۔
الیکشن کمیشن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 22 کے آصف حسین کا بطور سیکریٹری الیکشن کمیشن استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے اور ان کی جگہ گریڈ 22 سیکرٹریٹ گروپ کے ریٹائرڈ افسر عمر حمید کو سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے۔
عمر حمید اس سے قبل بھی سیکریٹری الیکشن کمیشن کے عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمر حمید کی بطور سیکریٹری الیکشن کمیشن تعیناتی 2 سال کے لیے کی گئی ہے، ان کی تعیناتی عوامی مفاد میں کنٹریکٹ بنیادوں پر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری کے اوائل میں عمر حمید خان کے ’طبی رخصت‘ پر جانے کے بعد سید آصف حسین کو سیکریٹری کی اضافی ذمے داریاں تفویض کی گئی تھیں۔