190 ملین ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل کی جانب سے نیب کے آخری گواہ پر جرح نہ مکمل ہونے کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزمان کی جانب سے عثمان ریاض گل اور چوہدری ظہیر عباس عدالت میں پیش ہوئے اس کے علاوہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی بھی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وکلا صفائی نے مؤقف اپنایا کہ عدالت سے ملزمان کی درخواست بریت خارج کرنے کے خلاف ہائی کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے، درخواست بریت مسترد ہونے کے خلاف ہائی کورٹ میں حاضر ہوں گے۔وکلاء صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام اباد ہائی کورٹ میں پیشی کے باعث نیب کے آخری گواہ پر جرح کرنا ممکن نہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔عدالت نے وکلا صفائی کو سماعت ملتوی کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کرنے کا حکم دیا، ملزمان کے وکلا کی جانب سے عدالت میں سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔بعد ازں عدالت نے وکلا صفائی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔