کراچی: بحیرہ عرب میں ہوا کا شدید کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے، جس کے باعث آج رات کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے700کلومیٹر کی دوری پر ہے، سندھ کی ساحلی پٹیوں میں بدھ کو بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کل سے جمعرات تک بادل برسیں گے۔
ہواکے کم دباﺅ نے طوفان کی شکل اختیار کی تواس کا نام ’اشوبھا‘ ہوگا، آئندہ تین روز تک سندھ کے زیریں علاقوں پر بادلوں کا راج ہوگا، منگل سے جمعرات تک بلوچستان میں جم کر برسات ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا دباؤ جتنا کم ہوگا اتنا ہی سمندری طوفان کے امکانات زیادہ ہونگے، محکمہ موسمیات نے سائیکلون الرٹ جاری کر دیا۔
اگلے 24 گھنٹوں میں ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے باعث بڑی لہریں اٹھنے کا امکان ہے اورآئندہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ دباؤ شدید کم ہونے کا خدشہ بھی ہے، اس لئے سندھ کے ماہی گیر منگل کی شام سے جمعرات کے دوران جبکہ بلوچستان کے ماہی گیربدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں جانے سے گریزکریں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج رہے گا، راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی ابرکرم مہربان ہوگا۔
Leave a Reply