روہنگیا مسلمانوں کیلئے پاکستان کی50لاکھ ڈالرز امداد

روہنگیا مسلمانوں کیلئے قائم کابینہ کی ایک خصوصی کمیٹی نے منگل کو یہاںوزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اس اقلیتی برادری کو مساوی شہری حقوق دینے اور ان کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے میانمار حکومت پر زور ڈالنے کا بھی فیصلہ کیا۔

آج ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، خارجہ امور کے خصوصی مشیرسرتاج عزیز اور طارق فاطمی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کیلئے دی گئی تمام تجاویز کومنظور کر لیا۔

ان تجاویز کے مطابق، وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور یو این سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط لکھ کر اس انسانی بحران کو اجاگر کرتے ہوئے میانمار حکومت پر سفارتی اور اخلاقی دباؤ بڑھنے کو کہیں گے تاکہ روہنگیا مسلمانوں کو عالمی قوانین کے تحت مناسب شہری حقوق مل سکیں۔

دوسری جانب، وزیر اعظم کے مشیر او آئی سی کی سیکریٹری جنرل کو ایک خط لکھ کر روہنگیا مسلمانوں کی خوراک اور معاونت کیلئے ایک خصوصی او آئی سی فنڈ قائم کرنے کی تجویز دیں گے۔اس حوالے سے ایک خط پہلے ہی 20 مئی کو بھیجا جا چکا ہے۔

اسی طرح، پاکستان وزرائے خارجہ پر مشتمل او آئی سی کی ایک تین رکنی کمیٹی کی بھی تجویز دے گا، جو میانمار کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی حکومت پر اس مظلوم برادری کے بنیادی حقوق بحال کرنے پر زور دیں گے۔

کمیٹی کی تجاویز میں عالمی خوراک پروگرام کے ذریعے انڈونیشیا، ملائشیا اور تھائی لینڈ میں قائم روہنگیا کیمپوں میں خوارک کا بندوبست کرنے کیلئے پچاس لاکھ ڈالرز کی خصوصی مدد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اس حساس معاملے پر عالمی برادری کو متحرک کیا جائے ۔

خیال رہے کہ وزیر داخلہ پہلے ہی روہنگیا مسلمانوں کا معاملہ اٹھا تے ہوئے وفاقی کابینہ کے پچھلے دو اجلاسوں میں اس موضوع کو زیر بحث لا چکے ہیں۔v

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.