پاک فوجی ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس بدھ کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوا، جس میں ہندوستانی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات سمیت ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور زیر غور آئے۔
مزید پڑھیں: ہندوستان کی پاکستان میں کارروائی کی دھمکی
اجلاس میں کور کمانڈر ز، پرنسپل اسٹاف آفیسرزاور تمام فارمین کمانڈرز نے شرکت کی۔
ترجمان آئی ایس پی آر عاصم باجوہ کے مطابق کانفرنس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ ہندوستانی سیاستدان اقوام متحدہ کے چارٹر کرکے دوسروں کے معاملات میں دخل اندازی کرنے میں فخرمحسوس کرتے ہیں۔
عسکری قیادت نے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے ہندوستانی قیادت کےبیان کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی جانب کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘۔
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا ہے۔
انھوں نے کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب کچھ علاقوں میں لڑائی جاری ہے۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ محصور دہشت گردوں کو فرار کا راستہ نہیں دیا جائے گا اور پاک فوج قوم کی مدد کے ساتھ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی سلامتی کا ہرقیمت پردفاع کرتے ہوئے ہندوستانی عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔
راہداری منصوبے میں رکاوٹ نہیں ہوگی: آرمی چیف
قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی حکام کو یقین دلایا ہے کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری کی تکیمل میں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں ہوگی اور اس منصوبے کے لیے خاطر خواہ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار جنرل راحیل شریف نے بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چینی نائب وزیر برائے قومی سلامتی مسٹر ڈونگ ہائجو سے ملاقات کے دوران کیا۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی اور پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات زیرِ بحث آئے۔
چینی نائب وزیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے اور اس منصوبے کی جلد از جلد تکیمل نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری اور دیگر منصوبوں پر چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔
اس منصوبے کو پاکستان کی قسمت بدلنے کے حوالے سے ایک ‘گیم چینجر’ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
Leave a Reply