پشاور میں خود کش حملہ، 2 اہلکار ہلاک، 6 زخمی

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز میاں سعید کے مطابق جمعرات کو پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی) ملک طارق کی گاڑی کو خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک جبکہ ملک طارق سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی ملک طارق، 3 پولیس اہلکار اور 2 راہگیر شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور نے اپنی موٹر سائیکل ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی کی گاڑی سے ٹکرا دی،جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی) ملک طارق گھر سے دفتر جارہے تھے کہ انھیں دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کا کام شروع کردیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی دھماکے کے مقام پر پہنچ گئے اور شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) بم ڈسپوزل یونٹ ملک شفقت کے مطابق خو دکش دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

ٹی ٹی پی کا دعویٰ

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حیات آباد میں ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی ملک طارق کی گاڑی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ٹی ٹی پی ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک بیان میں خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تاہم اس دعوے کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔

وزیراعظم کی مذمت

وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئرریزرو پولیس کی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مجرموں کوجلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کردی۔557917ea3cfd1

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.