بھارتی قیاد ت کی دھمکیوں ، نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کو دولخت کرنے میں بھارتی کردار کے اعتراف اور روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج بن گئیں۔ کراچی میں جماعت الدعوۃ نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور میں اجتماع سے خطاب میں حافظ سعید نے کہا کہ نریندر مودی کی طرف سے مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں بھارتی کردار کے اعتراف کے بعد حکومت بھارت سے تعلقات پر نظرثانی کرے اور معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ لاہور میں بھارتی دھمکیوں کے خلاف وکلا نے عدالتی بائیکاٹ کیا۔ اسلام آباد میں اہل سنت والجماعت کے زیراہتمام لال مسجد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پشاور پریس کلب کے باہر جماعتہ الدعوۃ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے بینز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے جس پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ فیصل آباد میں مظاہرین نے بھارتی پرچم کو پاؤں کے نیچے روندنے کے بعد آگ لگا دی۔ حیدر آباد میں مسلم لیگ ق، جماعۃالدعوۃ، مجلس وحدت المسلمین، جماعت اسلامی ، سنی تحریک نے مظاہرے کیے۔ بھارتی وزیر اعظم کا پتلا بھی نذرآتش کیا گیا۔ سکھر میں بھی مذہبی تنظیموں نے ریلیاں نکالیں۔ – 

Leave a Reply