ڈی جی رینجرز کی رپورٹ پر بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ، وزیراعظم نے منظوری دیدی

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں مصروف دن گزارا۔ پہلے گورنر سندھ عشرت العباد سے ون آن ون ملاقات کی۔ تھوڑی دیر بعد ملاقات میں وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی شامل ہو گئے۔ اجلاس میں امن وامان کے قیام کے لئے اہم فیصلے کر لئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے ڈی جی رینجرز سندھ کی فہرست میں شامل بیس سے زائد بااثر افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے آصف زرداری کا پیغام وزیراعظم کو پہنچایا جس میں کہا گیا کہ سندھ میں تصادم کی سیاست سے گریز کر رہے ہیں۔ ایسا ماحول نہ بنایا جائے جس میں سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اداروں میں کشیدگی ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کی پریس ریلیز پر بھی تحفظات کا اظہار کیا کہ جب وزیراعلیٰ ہاؤس سے اپیکس کمیٹی کی پریس ریلیز جاری کی جا چکی تھی تو پھر تین دن بعد رینجرز نے پریس ریلیز کیوں جاری کی؟۔ رینجرز کی پریس ریلیز میں سندھ کی سیاسی جماعتوں کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا گیا۔ اس سے قبل کراچی میں وفاق ہائے صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے تاہم کراچی میں آئے روز ہڑتالیں شروع ہو جاتی ہیں جو نہیں ہونی چاہیں۔ کراچی میں ہڑتالیں کم ہونگی تو ملک ترقی کرے گا۔ کراچی میں سیکیورٹی کے معاملات سے غافل نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے ازراہ مذاق کہا کہ ” کراچی میں مکھی بھی مر جائے تو ہڑتالیں شروع ہو جاتی ہیں۔ جبکہ حب میں آئل ریفائنری کا سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا۔ دہشتگرد کسی نرمی کے حق دار اور مستحق نہیں ہیں۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے اُمید ظاہر کی کہ عدالتیں دہشتگردوں کو جلد سزا دیں گی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کو فری پورٹ بنا کر سنٹرل ایشیاء سے جوڑیں گے۔ – dw

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.