‘نواز شریف شہداءکو’مکھی’کہنے پرمعافی مانگیں’

لندن میں 23 سال سے مقیم ایم کیو ایم کے سربراہ نے کراچی میں پارٹی کے صدر دفتر نائن زیرو میں ٹیلی فون کے ذریعے پریس کانفرنس میں کہا کہ نوازشریف کے نزدیک غریب لوگوں کا مرنا مکھی مرنے کے برابر ہے، وزیر اعظم کراچی میں ایم کیو ایم کے شہداء کے حوالے سے دل آزار جملے دہراتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جن تاجروں نے وزیر اعظم سے ہڑتال کی شکایت کی ان کےنام معلوم کر رہے ہیں، جن نام نہاد سرمایہ داروں ، تاجروں اور صنعتکاروں نے نوازشریف کے کان بھرے اور کراچی میں شہید ہونے والوں کو ’مکھی‘ قرار دیا ذلت ورسوائی ان کا مقدر ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمت اور جرات سے کام لیں کیونکہ یہ ملک ہمارا بھی ہے صرف وردی والوں کا نہیں، جمہوریت کی بقاء کی خاطر ہمیں آپس میں مل جانا چاہیے اگر ہم آپس میں لڑتے رہیں گے تو جمہوریت کبھی مستحکم نہیں ہوگی بلکہ آتی جاتی رہے گی ۔

مزید پڑھیں : کراچی میں بھتہ اہم شخصیات میں تقسیم ہونے کا انکشاف

رینجرز کی جانب سے ایپکس کمیٹی میں پیش کی جانے والی رپورٹ پر ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز کی بریفنگ میڈیا کو جاری کی گئی جس میں زکوٰۃ، فطرہ اور قربانی کی کھالوں کے حوالہ سے ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر اس پر بہتان تراشی کی گئی۔

الطا ف حسین نے کہاکہ کرپشن کے معاملے میں کارروائی صرف ایک ہی کے خلاف کیوں ہو، ٹھیکوں اور رشوت کے لین دین پر جنرل کیانی کے بھائی کو پکڑاجائے، جنرل اسلم بیگ کو کیوں نہیں پکڑاجاتا جنہوں نے سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کروائیں۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فوجیوں کی کرپشن پر مبنی کتاب لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے بیرون ملک مقیم سربراہ نے عشرت العباد کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ گورنر سندھ کی جگہ ہوتے تو مستعفی ہوجاتے، گورنر بیچارا کیا کرے اسے یہ بھی معلوم نہیں کہ نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم کا گورنر سندھ سےعہدہ چھوڑنے کا مطالبہ

واضح رہے کہ 13 سال قبل 2002 میں ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی اور سینئر رہنما عشرت العباد کو جنرل مشرف نے متحدہ کی تجویز گورنر سندھ بنایا تھا، الطاف حسین نے 2 ماہ قبل عشرت العباد سے اعلان لا تعلقی کیا تھا۔

“وزیر اعظم کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا”

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں مکھی کے مرنے پر احتجاج کی کال کا حوالہ کسی مقرر کے استعمال کیے گئے جملے پر دیا ان کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.