اقتصادی راہداری کیخلاف دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے :راحیل شریف

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے خلاف دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں ناکام بنائیں گے ۔ قومی مفاد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، کوئی بھی پاکستان پر بری نظر ڈالنے کی جرأت نہ کرے ۔ کراچی میں پاک بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی ، بلوچستان میں قتل وغارت گری ، فاٹا اور کراچی میں بہتا خون دشمن کے مذموم عزائم کی عکاسی کرتا ہے ۔ پاکستان امن کے لیے دوسری قوموں سے تعاون پر تیار ہے ، لیکن اپنے قومی مفادات ، خودمختاری ، حقوق اور قومی وقار کی قیمت پر نہیں ، دنیا پاکستان کے سیکورٹی تحفظات کی حمایت کرتی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے خلاف دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں ناکام بنائیں گے ۔ کشمیر ، نئی بندرگاہوں کی تعمیر ، قدرتی وسائل کے حصول سمیت ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ، خطاب سے پہلے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ۔ پاک بحریہ کے پاس آؤٹ ہونےوالے کیڈٹس نے سلامی دی ۔ اس موقع پر بحریہ کا بینڈ فضا میں مسحور کن دھنیں بکھیرتا رہا ۔ پاسنگ آؤٹ تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل محمد ذکا اللہ اور دیگر اعلی فوجی افسران بھی موجود تھے ۔ تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل نیوی کیڈٹس میں اعزازی شمشیر سمیت دیگر اعزازات بھی تقسیم کئے ۔ – mkk

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.