دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کی کامرانیوں کے” آپریشن ضرب عضب ” کے ایک سال کے دوران 2763 دہشت گرد مارے گئے ، 837 ٹھکانے تباہ جبکہ 253 ٹن بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ۔ سکیورٹی فورسز کے 347 افسر اور جوان بھی مادر وطن پر قربان ہو گئے ، دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے فیصلہ کن آپریشن ، ضرب عضب کو 15 جون کو ایک سال مکمل ہوگا ۔ ایک سال کے عرصے میں پاک فوج نے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دئیے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایک سالہ آپریشن میں پاک فوج کے 347 افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ اس دوران 2763 دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔ شمالی وزیرستان کا 90 فیصد علاقہ مکمل طور پر کلیئر کرالیا گیا جبکہ دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور مواصلاتی نظام بھی تباہ کردیا گیا ۔ آپریشن ضرب عضب کے تحت شہروں میں بھی نو ہزار انٹیلی جنس آپریشنز کیے گئے جن میں 218 مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ہزاروں گرفتار ہوئے ۔ آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشتگردوں کے خلاف بلا تخصیص آپریشن کیا گیا جن میں کالعدم تحریک طالبان کا شہریار گروپ ، منصور گروپ ، سجنا گروپ ، حقانی نیٹ ورک ، گل بہادر گروپ ، پنجابی طالبان ، ازبک طالبان شامل ہیں ۔ آپریشن ضرب عضب میں ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ اور القاعدہ کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی ۔ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردوں کے 837 ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ 253 ٹن بارودی مواد برآمد کیا گیا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس جنگ میں عوام کا تعاون مثالی ہے ۔ مسلح افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاک سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ۔
Leave a Reply