اے راہ حق کے شہیدو، وفا کی تصویرو! تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں

جنگ ستمبر کی فتح کے 50 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یوم دفاع پر ملک بھر میں دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور جنگ کے ستمبر کے شہداء کے لئے خصوصی دعائوں سے ہوا۔ تمام چھوٹی بڑی مساجد میں یوم دفاع پر نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئیں۔ خدائے بزرگ و برتر کے حضور ملک کی خوشحالی، سلامتی اور جنگ ستمبر کے شہداء کے بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور میں مزار اقبال پر یوم دفاع پاکستان پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے روایتی انداز میں مزار کو سلامی دی۔ بریگیڈئیر بلال جاوید اور میجر جنرل سردار طارق امان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں بھی شاندار خصوصی تقریب ہوئی۔ مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے شرکت کی۔ یوم دفاع کے موقع پر کرنل شیر خان سٹیڈیم میں شاندار تقریب ہوئی۔ مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت اللہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ کوئٹہ میں ایوب سٹیڈیم میں یوم دفاع کی پروقار تقریب ہوئی جس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل ناصر جنجوعہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا بیان پڑھ کر سنایا گیا۔ بہاولپور میں ہونے والی شاندار تقریب میں کور کمانڈر بہاولپور لیفٹننٹ جنرل جاوید اقبال نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

 

ملک بھر کے مختلف شہروں میں فضاء میں بلند ہوتے طیاروں نے دلوں کو گرما دیا۔ جواں حوصلہ جوانوں نے پیرا ٹروپنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اسلام آباد میں یوم پاکستان پر زندہ مجاہدین افلاک کی تقریب ہوئی۔ پاک فضائیہ نے صدر پاکستان کو سلامی دی۔ تقریب سے خطاب میں صدر پاکستان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ قوم کا جذبہ غیر متزلزل ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو قوم منہ توڑ جواب دے گی۔ آپریشن ضرب عضب میں تمام اہداف حاصل کر لئے ہیں۔ پاک فضائیہ کی تقریب میں طیاروں کے فلائی پاسٹ نے بھی خوب رنگ جمایا۔ ایف سولہ جھپٹا، پلٹا اور پلٹ کر جھپٹا تو دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ ہواؤں کو چیرتے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے دشمن پر ہیبت طاری کر دی۔ مشاق اور شہریار شاہین طیاروں کی بادلوں کو زیر کرنے اور آسمان کو چھونے والی پرواز بھری۔ گھن گرج کے ساتھ معراج طیاروں نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔

 

لاہور میں فورٹریس سٹیڈیم پاک فضائیہ کے طیاروں کی گھن گرج سے فضائیں لرز اٹھیں۔ پشاور کے کرنل شیر خان سٹیڈیم میں چنگھاڑتے طیاروں نے حاضرین کا لہو گرمایا۔ کراچی میں مسرور ائیر بیس پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے دشمن کے دل دہلا دئیے۔ پاک فوج کے جوانوں نے ہزاروں فٹ بلندی سے شاندار فری فال سکائی ڈائیونگ بھی کی۔

ادھر پاکستان کی دشمن پر فتح کے پچاس برس مکمل ہونے پر مختلف شہروں میں فوجی ہتھیاروں کی نمائش بھی جاری ہے۔ کراچی میں یوم دفاع کے موقع پر پی اے ایف مسرور بیس پر پاک فضائیہ کے سامان حرب کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ پی اے ایف مسرور بیس پر نمائش کا افتتاح ائیر مارشل ریٹائرڈ عظیم دائوو پوتہ نے کیا۔ نمائش کی سب سے نمایاں بات ایف سولہ، معراج اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ تھا۔ نمائش میں دشمن کی حدود کے اندر فضا اور سمندر ی حدود میں موجود دشمن کے جہازوں کی نگرانی کی صلاحیت کے حامل ایواکس، قراقرم ایگل، دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے ایف سولہ طیارے کے علاوہ معراج طیارے، ہیلی کاپٹرز، ریڈار اور پاک فضائیہ کے زیر استعمال سامان حرب نمائش میں رکھے گئے۔ فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.