قوم 1965 کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کررہی ہے

6 ستمبر کی صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

1965ءکی جنگ کے شہداءکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پوری قوم صبح 9 بجکر 29 منٹ سے 9 بجکر 30 منٹ تک ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرے گی۔

ملک بھر میں سائرن بجائیں جائیں گے، جس پر تمام ٹرینیں اور سڑکوں پر ٹریفک رک جائے گا۔ اس کے علاوہ 9:30 سے 9:32 تک تمام ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر قومی ترانہ نشر کیا جائےگا۔

صدر مملکت ممنون حسین نے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی پر اپنے پیغام میں کہا ’ پاکستان فو ج نے کامیاب ضرب عضب آپریشن کے ذریعے ثابت کر دیا کہ ملک کی سیکیورٹی اور بقا کو لاحق خطرات ناکام بنا دیے جائیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج سرحدوں کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا ’ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت نے جس مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک اور شاندار باب ہے‘۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں نچھاور کرنے اور اپنے عزیز و اقارب گنوانے والوں کے حوصلے اور جوش کو سلام بھی پیش کیا۔ ’ہم اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خود مختاری میں برابری کی بنیاد پر اچھے اور پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں‘۔

مرکزی تقریب راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کواٹرز میں منعقد کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے جی ایچ کیو اور سی ایم ایچ ہسپتال کے اطراف سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہیں گی۔

تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ دوسرے سروسز چیف، سینئر سرکاری عہدے دار اور معززین شامل ہوں گے۔

آج ملک بھر کی مساجد میں ملک کی خوشحالی، یکجہتی اورسالمیت کیلئے دعاؤں کا بھی اہتمام ہو گا۔f

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.