نواز شریف کی میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر حاضری ، پھول چڑھائے

وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں بیدیاں کے قریب میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ لاہور میں ہی میجر شبیر شریف کے مزار پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور قوم کے عظیم سپوت کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ 1965 کے معرکہ حق و باطل میں لاہور کے محاذ پر چھ دن تک ڈٹے رہنے والے میجر عزیز بھٹی شہید کی بیدیاں میں جائے شہادت پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر حاضری دی ۔ فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر پاک فوج کے بینڈز نے خوبصورت دھنیں بکھیر کر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان سمیت پاک فوج کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر شریک عام شہریوں اور میجر عزیز بھٹی کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی ۔ 1971 میں دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے والے قوم کے ایک اور سپوت میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.