کچھ عناصر پاک بھارت تعلقات میں بہتری نہیں چاہتے: عبد الباسط

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ تقریب میں 1965ء کی جنگ کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا تھا کہ 65ء کی جنگ پاکستان کے خلاف بیرونی طاقتوں کے عزائم کے خلاف ثبوت ہے، تاہم افواج پاکستان نے جنگ میں غیر معمولی جرات و بہادری، جذبے اور وطن پرستی کی مثال قائم کی، انکا کہنا تھا کہ ہم امن پسند ہیں کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، لیکن مادروطن پاکستان کی ارض پاک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا ہم پرفرض ہے، تقریب سے بریگیڈیئر ثاقب محمود ملک نے بھی خطاب کیا، تقریب کے شرکاء کو 65ء کی جنگ سے متعلق ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی،اس موقع پر ہائی کمیشن کے اسکول کے بچوں نے پاکستانی ملی نغمے پیش کیئے۔ تقریب کے بعد ایک بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ ہماری خواہش کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں، انہوں نےکہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کو مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا چاہیے لیکن دونوں طرف موجود کچھ عناصر پاک بھارت تعلقات میں بہتری نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت الدعوۃ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جونہی کوئی ثبوت ملا، ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے۔ پاکستان میں اب تک دہشت گردی سے 60 ہزار جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ داؤد ابراہیم سے متعلق سوال پر ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں نہیں ہے جبکہ میڈیا میں غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ عبد الباسط نے کہا کہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل ہو جاتا تو ہمارے سارے مسئلے حل ہو چکے ہوتے۔ عبد الباسط نے کہا کہ دونوں جانب جنگ کے بجائے امن کی بات ہونی چاہیے۔ –wd

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.