میڈیا سیل بلاول ہاؤس کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کو انیس سو پچانوے کے ایک مقدمے میں پانچ لاکھ روپے کے غبن کا الزام لگا کر سزا سنائی گئی، حالانکہ نیب کے پاس ڈھائی کروڑ سے کم رقم کی کرپشن پر مقدمہ چلانے کا اختیار ہی نہیں ہے۔ ایسے فیصلوں سے عوام کا اعتماد نیب کے ادارے سے اٹھ گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ علی نواز شاہ کیس میں پی پی پی کا میڈیا ٹرائل کیا گیا جو قابل افسوس ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم سندھ میں امن کے قیام پر توجہ دے رہے ہیں پوائنٹ اسکو رنگ پر نہیں، وفاقی حکومت کو کریڈٹ دینے والے پہلے پنجاب میں امن قائم کریں۔ مفاہمت کی سیاست جمہوری اداروں کو بچانے کے لئے ہے مگر عوامی مسائل پر ہم مزاحمت کی سیاست کرتے ہیں۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف فوج کے سپہ سالار ہیں ان کی تصاویر لگنے پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی تنہاء تب ہو گی جب عوام اسے چھوڑ دیں گے۔
Leave a Reply