وزارت داخلہ اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کے معاملے پر بحث کی گئی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وفاقی تحقیقاتی ادارے اور انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے کو دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے اور سٹیٹ بینک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر ملک کی بدنامی کا باعث ہیں، انسانی اسمگلر معصوم اور ضرورت مند لوگوں کا بھی استحصال کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اجلاس میں دہشت گردوں کے مالی وسائل کے خاتمے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ ایف آئی اے کے حکام نے اجلاس میں مشکوک بینک کھاتوں کی تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ ان کھاتوں کے پیچھے اصل ہاتھوں تک پہنچنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد کے ڈائریکٹر ایف آئی اے، نیکٹا اور وزارت کے اعلی عہدیدار شریک ہوئے۔
Leave a Reply