پشاور: ایئر فورس بیس پر حملہ، 6 دہشت گرد ہلاک

ger

فوج کے محکمہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا ہے کہ پشاور میں پاک فضائیہ کے بڈھ بیر کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بڈھ بیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرتے ہوئے پی اے ایف کیمپ پر حملہ کرنے والے تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے.

انھوں نے واقعے میں زخمیوں کے حوال سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں کوئیک رسپانس فورس کے میجر حسیب سمیت دو اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگئے ہیں.

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے کیمپ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ دہشت گردوں نے اعلی الصبح کیمپ کے گارڈ روم پر حملہ کیا تاہم فوج کی کوئیک رسپانس فورس نے موقع پر پہنچ کر ان دہشت گردوں کو گھیر کر علیحدہ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے مقام کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے اور تمام اسٹریٹجک اثاثے محفوظ ہیں.

سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے جہاں حملہ کیا ہے یہاں ائیر فورس کے افسران اور اہلکاروں کی رہائش گاہیں موجود ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کی پیشگی اطلاع موجود تھی اور حساس اداروں نے 31 اگست کو سیکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا.

پشاور میں بڈھ بیر ائیر فورس کیمپ پر حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے.

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.