کراچی کے طارق گراؤنڈ میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کھالیں دینے اور جمع کرنے والے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے کارکنان کو دھمکیاں دی گئیں جب کہ ایم کیو ایم کی جانب سے کوئی کھال جبری طور پر نہ لی گئی اور نہ ہی کسی ادارے نے چھینی گئی کھالوں سے متعلق کوئی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کھالیں بھی 50 فیصد سے کم جمع ہوئیں لہذا کل احتجاجاً خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت قربانی کی کھالیں جمع نہیں کی جائیں گی،کھالوں اور زکوۃ کی مد میں کمی کے باعث فلاحی آپریشن بند کرنا پڑیں گے جب کہ ہمیں 60 ہزار کھالوں سے محروم کیا گیا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کھالوں سے لدے درجنوں ٹرکس اور 100 سوزوکیوں کو چھینا گیا اور ٹھیکیداروں کے ٹرک ابھی تک تھانوں میں بند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کل سے اب تک تمام شکایات ریکارڈ میں لے آئے ہیں اور ہم نے اس حوالے سے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کوآگاہ کردیا ہے جب کہ ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کریں۔
Leave a Reply