ڈائریکٹر حج ابو عاکف نے تصدیق کی ہے کہ سانحہ منیٰ کے بعد سے 316 پاکستانی حجاج کرام ابھی تک لاپتا ہیں جن کی تلاش میں بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ منیٰ کے بعد 402 پاکستانیوں کے لاپتا ہونے کی رپورٹ ہوئی جس میں سے 86 حجاج سے رابطہ ہو چکا ہے۔ ڈائریکٹر حج کا کہنا تھا کہ سانحہ منیٰ میں سات پاکستانی حجاج شہید جبکہ 13 زخمی ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی تینوں خواتین کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج ہے جن کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔ دوسری جانب سانحہ منیٰ میں بھگدڑ کے دوران سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بھانجے اسد مرتضیٰ گیلانی کی شہادت ہوگئی ہے۔ ان کے بھائی ابوالحسن نے شہادت کی تصدیق کی ہے۔
پاکستانی سفارتخانے نے بچی جویریہ کو تلاش کر لیا گیا ہے جو منیٰ حادثے کے بعد لاپتا ہو گئی تھی۔ واضع رہے کہ گزشتہ روز منیٰ میں بھگدڑ مچنے سے 717 حجاج کرام شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ سانحے میں شہید ہونے والے شہداء کی بڑی تعداد کا تعلق ایران سے بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد شیطان کو کنکریاں مارنے جا رہی تھی کہ اچانک ان کے سامنے کنکریاں مار کر واپس آنے والے حجاج کرام آ گئے، پھر افراتفری کا سماں تھا اور اچانک لوگ گرنے لگے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ حاجیوں کے لئے طے شدہ پروگرام پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔
Leave a Reply