سنت ابراہیمی کا دوسرا روز ، ملک بھر میں قربانیوں کا سلسلہ جاری

 

عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے جا رہے ہیں جبکہ مہمانوں کی خاطر مدارت کے علاوہ خواتین کی دیگر گھریلو مصروفیات بھی بڑھ گئی ہیں ۔ عید قربان کے دوسرے روز بھی شہر شہر ، گاؤں گاؤں ، قریہ قریہ قربانی کے جانور ذبح کئے جا رہے ہیں ۔ ہر گلی محلے میں ایک میلے کا سا سماں ہے ۔ کہیں بچے گائے ذبح ہوتی دیکھ کر رنجیدہ ہیں تو کہیں انہیں بکروں سے بچھڑنے کا غم ہے ۔ ہر سو سنت ابراہیمی کی پیروی پورے دینی جذبے سے جاری ہے ۔ خواتین نے بھی مہمانوں کی خاطر مدارت کے لئے مختلف اقسام کے کھانے تیار کر رکھے ہیں جس میں چائینز ڈشز کے علاوہ حلیم ، چپلی کباب ، کنا ، پلاؤ ، بریانی ، قورمہ ، کڑاہی گوشت ، کھڑا مصالحہ گوشت ، اسٹو اور دیگر کئی کھانوں سے مہمانوں کی آؤ بھگت کی جا رہی ہے ۔ کھانا بنانے کے علاوہ عزیز و اقارب کو گوشت بھجوانے کی اضافی ذمہ داری سے خواتین کی گھریلو مصروفیات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.