وزیر اعظم نواز شریف نیویارک پہنچ گئے ہیں ، وہ 30 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مسئلہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کامعاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے ۔ وزیراعظم اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے ہمراہ نیویارک پہنچے جہاں ملیحہ لودھی اور پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے ان کا استقبال کیا ۔
وہ امریکی صدر باراک اوباما کے ہمراہ اقوام متحدہ کے قیام امن سربراہ اجلاس کی میزبانی کریں گے ۔ وزیر اعظم صنفی مسابقت اور خواتین کی بااختیاری سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس کی میزبانی چین کے صدر ژی جن پنگ کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف اس موقع پر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف عالمی برادری کو جموں و کشمیر سمیت اہم بین الاقوامی اور علاقائی ایشوز پر پاکستان کی پوزیشن اور ترجیحات سے آگاہ کریں گے ۔ وہ پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ بھی اٹھائیں گے ۔ دوسری طرف نیویارک میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی اور سیکرٹری خارجہ اعزازچودھری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف جنرل اسمبلی اجلاس میں کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے ۔
نواز شریف چینی صدر کے ساتھ اہم ملاقات کریں گے ۔ ملیحہ لودھی نے بتایا کہ پاکستان نے کشمیر کی سرحد پر بھارت کی جانب سے دیوار کی تعمیر کو سنجیدگی سے لیا ہے ، ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں وزیر اعظم لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے ۔
Leave a Reply