رینٹل پاور کیس :راجا پرویز اشرف کی احتساب عدالت میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست

wr

رینٹل پاور کیس میں سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش، حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی ، عدالت نے سابق وزیر اعظم کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے نیب کی جانب سے دائر سمندری رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت کی ۔ سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سمیت دیگر بارہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، دیگر ملزمان میں سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع ، سابق سیکرٹری اسماعیل قریشی ، پیپکو کے سابق ایم ڈیز طاہر بشارت چیمہ اور منور بصیر شامل ہیں جن پر اختیارات کے ناجائز استعمال ، قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے ۔

دوران سماعت تمام ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کی گئیں ۔ راجا پرویز اشرف نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم کو سیکورٹی خدشات کا سامنا ہے ، حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے ۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پرویز اشرف کی درخواست پر جواب طلب کر لیا ہے ۔ مقدمے کی سماعت نو اکتوبر کو ہو گی ۔

آئندہ سماعت پر ملزمان کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز ہو گا ۔ عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان پر مالی کرپشن کا نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کیا گیا ، جو بھی اقتدار میں آتا ہے اس پر الزام تراشی ہوتی ہے ، الزام پہلے لگتا ہے تفتیش بعد میں ہوتی ہے پھر کیس عدالت جاتا ہے ، عدالت سے انصاف کی توقع ہے ۔

نیپرا رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں خواجہ سعد رفیق نے رینٹل پاور پراجیکٹ کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ، خود اقتدار میں آئے تو رینٹل پاور کم آئی پی پیز کی منظوری دے دی گئی ہے ۔

 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.