‘اسلام آباد میں بعض لوگ داعش سے وابستگی چاہتے ہیں’

lp

فرانس کے خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ فار ڈیفنس این سیکیورٹی اسٹڈیز لندن میں خطاب کے دوران جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو داعش کے سائے سے بھی محفوظ رکھا جائے گا۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو داعش سے وابستگی ظاہر کرنا چاہتے ہیں جو کہ ایک بہت خطرناک رحجان ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ القاعدہ کے مقابلے میں داعش سے نمٹنا بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ القاعدہ نے 2001 میں امریکا میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ کیا تھا۔

شام اور عراق میں خود ساختہ خلافت قائم کرنے والی شدت پسند تنظیم کے حوالے سے جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ داعش مستقبل کا بڑا خطرہ محسوس ہوتی ہے، یہ ایک بڑا نام ہے، القاعدہ بھی بڑا نام ہے لیکن اب داعش اس سے زیادہ بڑا نام بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں مفاہمت ہونا بہت ضروری ہے، اگر اس کو درست انداز میں نہیں کیا گیا تو افغان طالبان کے بعض دھڑے بڑے نام کی طرف جا سکتے ہیں اور یہ بڑا نام داعش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈہ، آرمی چیف

آرمی چیف نے افغانستان میں جاری امن مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ پاکستانی فوج اور حکومت افغانستان میں دیرپا اور مستقل امن کی حمایت کرتی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے خطاب کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈہ ہے جسے خطے کے امن و استحکام کی خاطر حل کرنے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی جارحیت سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.