بھارتی شائقین کرکٹ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کرنے لگے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو 25 رنز سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے جبکہ بھارت کو 25 سال کے بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ممبئی میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھی ناکام رہی اور پوری ٹیم محض 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں بھارتی کپتان روہت شرما 11 اور ویرات کوہلی ایک رنز بنا سکے۔بھارتی ٹیم کی عبرتناک شکست اور دونوں اہم کھلاڑیوں کی بری پرفارمنس پر بھارتی شائقین کرکٹ آگ بگلولہ ہیں اور اپنے غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر کر رہے ہیں۔بھارتی شائقین کی اکثریت نے سوشل میڈیا پر روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھارت کے دونوں سینئر کھلاڑی مکمل آؤٹ آف فارم رہے اور تینوں میچز میں ٹیم کے لیے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔